ان پیج میں اردو عبارت گولائی میں لکھیں

ان پیج ۲۰۰۰ میں عبارت گولائی میں لکھنے کا براہ راست آپشن مجھے کہیں نظر نہیں آیا۔ لیکن ٹیکسٹ باکس ٹول استعمال کرتے ہوئے ان پیج میں عبارت گولائی میں لکھی جا سکتی ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے رہنمائی کے لیے ایک گول دائرہ بنائیں۔ پھر عبارت میں جتنے الفاظ ہوں اتنی ہی تعداد میں ٹیکسٹ باکسز بنائیں۔ پھر ہر باکس میں عبارت کا ایک ایک لفظ لکھیں۔ ان تمام ٹیکسٹ باکسز کو دائرے کے گرد گولائی کے انداز میں رکھ دیں۔ آخر میں ہر ٹیکسٹ باکس کا زاویہ اس طرح سے تبدیل کریں کہ تمام ٹیکسٹ باکسز مل کر گولائی میں لکھی ہوئی عبارت کی شکل اختیار کر لیں۔ آئیں یہ عمل مرحلہ وار دیکھتے ہیں۔

  1. ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں۔
  2. Circle ٹول کی مدد سے ایک گول دائرہ بنائیں۔ یہ دائرہ بطور گائیڈ بنایا جا رہا ہے جسے بعد میں ڈیلیٹ کیا جا سکتا ہے۔
  3. Ruler سے ماؤس کی مدد سے ایک گائیڈ لائن کھینچ کر دائرے کے درمیان میں لائیں۔ یہ لائن الفاظ کو دونوں طرف سے برابر رکھنے میں مدد دے گی۔

ان پیج میں ایک گول دائرہ بنائیں اور ایک گائیڈ لائن لگائیں


View مینیو کھول کر تسلی کریں کہ Snap To Guides آپشن غیر فعال ہے۔

ویو مینیو میں سنیپ ٹو گائیڈ آپشن غیر فعال کر دیں


Text Box ٹول کی مدد سے اتنے ہی ڈبے بنائیں جتنے عبارت میں الفاظ ہیں۔ پھر ہر ڈبے میں عبارت کا ایک ایک لفظ لکھیں، جیسا کہ درج ذیل تصویر میں دکھایا گیا ہے۔

جتنے عبارت میں الفاظ ہیں اتنے ہی ٹیکسٹ باکس بنائیں


  1. اب پہلا ڈبہ سلیکٹ کریں۔
  2. درج ذیل تصویر کے مطابق اوپر آپشن بار پر موجود زاویہ کے خانہ میں اس ڈبے کے زاویے کی ویلیو فراہم کریں۔ ڈبے کو اپنی مرضی کے زاویے پر لانے کے لیے آپ کو بار بار ویلیو تبدیل کرنا پڑے گی۔
  3. پوری عبارت کو دائرے کے مطابق گولائی میں لانے کے لیے ہر ڈبے کا زاویہ مقرر کرنا ہوگا۔

ہر ٹیکسٹ باکس کا زاویہ تبدیل کریں


درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ تمام ڈبوں کے زاویے مقرر ہوگئے ہیں اور مکمل عبارت دائرے کے گرد گولائی میں آگئی ہے۔

تمام ٹیکسٹ باکس زاویہ تبدیل ہونے کے بعد


درج ذیل تصویر میں یہ عبارت پی ڈی ایف فائل میں دیکھی جا سکتی ہے۔ اس وقت گولائی میں لکھی گئی یہ عبارت سادہ سی نظر آرہی ہے، لیکن ایسے انداز میں لکھی گئی عبارت کسی اشتہار یا دعوت نامہ وغیرہ میں زیادہ بہتر نظر آئے گی۔

ان پیج کی گولائی میں لکھی گئی عبارت پی ڈی ایف فائل میں