ونڈوز میں ہمارے شارٹ کٹس مختلف جگہوں پر بکھرے ہوتے ہیں، اس کی وجہ عموماً جگہ بچانا ہوتا ہے۔ کچھ شارٹ کٹس ہم ونڈوز کی ٹاسک بار پر رکھتے ہیں اور کچھ ڈیسک ٹاپ پر، جبکہ حالیہ کھولے گئے پروگرامز کے لیے ہم ونڈوز کا اسٹارٹ مینیو استعمال کرتے ہیں۔
سب سے اہم شارٹ کٹس ہم ٹاسک بار پر رکھتے ہیں اس لیے کہ ان تک رسائی سب سے آسان ہوتی ہے۔ ٹاسک بار سے شارٹ کٹ منتخب کرنے کے لیے نہ تو اسٹارٹ مینیو کھولنا پڑتا ہے اور نہ ہی کھلے ہوئے پروگرام Minimize کر کے ڈیسک ٹاپ پر جانا پڑتا ہے۔لیکن ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ٹاسک بار پر شارٹ کٹس کم سے کم ہوں تاکہ اگر بہت سے پروگرامز کھلے ہوں تو ان کی ٹیبز کو واضح طور پر دیکھا جا سکے اور ان کے لیے ٹاسک بار پر جگہ کم نہ پڑ جائے۔اس سے کم اہمیت کے شارٹ کٹس ہم ڈیسک ٹاپ پر رکھتے ہیں۔ اس میں بھی ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے شارٹ کٹس کم سے کم ہوں تا کہ ڈیسک ٹاپ پر آئی کانز کی بھیڑ نہ لگ جائے۔ اس کے علاوہ ایسے پروگرامز جو ہم نے حالیہ دنوں میں استعمال کیے ہوتے ہیں ان کی فہرست ونڈوز کے اسٹارٹ مینیو میں موجود ہوتی ہے، وہاں سے ہمیں مطلوبہ شارٹ کٹ مل جاتا ہے۔
عام طور پر ہمارا کام اس طریقے سے چلتا رہتا ہے، لیکن بعض صارفین ایسے ہوتے ہیں جن کے ڈیسک ٹاپ پر بے شمار شارٹ کٹس موجود ہوتے ہیں۔ ان میں سے کچھ بہت ضروری ہوتے ہیں، کچھ کم ضروری اور کچھ شارٹ کٹس غیر ضروری۔ ونڈوز میں ٹاسک بار پر شارٹ کٹس پر مشتمل مینیو بنانے کی سہولت دی گئی ہے جو ایسے صارفین کو بہت فائدہ دے سکتی ہے۔ ٹاسک بار پر ایک یا دو ایسے مینیوز بنا کر ڈیسک ٹاپ کا بوجھ ہلکا کیا جا سکتا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ ڈیسک ٹاپ نہ صرف صاف ستھرا نظر آئے گا بلکہ اس پر موجود دیگر آئی کانز میں سے مطلوبہ آئی کان تلاش کرنے میں بھی آسانی رہے گی۔
پہلے تو یہ دیکھنا ہے کہ آپ کو ونڈوز میں شارٹ کٹس بنانا آتے ہیں یا نہیں۔ ونڈوز میں فائلز، فولڈرز اور پروگرامز کے علاوہ ویب پیجز کے شارٹ کٹس بھی بنائے جا سکتے ہیں۔ آئیں پہلے شارٹ کٹ بنانے کا عمل دیکھتے ہیں۔
1- فائل، فولڈر یا پروگرام کا شارٹ کٹ بنائیں
جس فائل، فولڈر یا پروگرام کا شارٹ کٹ بنانا مقصود ہو، اس پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں۔ پھر Send to آپشن کے ذریعے سے ذیلی مینیو کھول کر اس میں سے شارٹ کٹ بنانے والا آپشن منتخب کریں۔
2- ویب پیج کا شارٹ کٹ بنائیں
ویب پیج کا شارٹ کٹ بنانے کے لیے براؤزر میں سے اس کا ویب ایڈرس سلیکٹ کر کے Copy کریں۔
ڈیسک ٹاپ کی کسی خالی جگہ پر کلک کر کے ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے مینیو کھولیں۔ پھر New آپشن کے ذریعے ذیلی مینیو کھول کر Shortcut آپشن منتخب کریں۔
درج ذیل تصویر کے مطابق لوکیشن کے خانے میں ویب پیج کا ایڈریس Paste کر کے Next بٹن پر کلک کر دیں۔
شارٹ کٹ کا نام مہیا کر کے Finish بٹن پر کلک کر دیں۔ ڈیسک ٹاپ پر یہ شارٹ کٹ موجود ہوگا۔
3- ٹاسک بار پر شارٹ کٹس کا مینیو بنائیں
کسی مناسب جگہ مثلاً Documents میں ایک نیا فولڈر بنا کر تمام شارٹ کٹس اس فولڈر میں منتقل کر دیں۔
ٹاسک بار پر ماؤس کے دائیں بٹن کے ساتھ کلک کر کے مینیو کھولیں۔ پھر Toolbars آپشن کے ذریعے ایک ذیلی مینیو کھول کر اس میں سے New toolbar آپشن منتخب کریں۔
اب وہ فولڈر منتخب کریں جس میں شارٹ کٹس رکھے گئے ہیں۔ پھر Select Folder بٹن پر کلک کر دیں۔
درج ذیل تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹاسک بار پر شارٹ کٹس پر مشتمل یہ مینیو موجود ہے۔
اور اگر آپ یہ مینیو ٹاسک بار سے غائب کرنا چاہیں تو اس کے لیے ٹاسک بار پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں۔ اس مینیو میں سے Toolbars آپشن کے ذریعے ذیلی مینیو کھول کر مطلوبہ ٹول بار غیر منتخب کر دیں۔
Modified: Wed, 01/28/2015 - 13:51