ونڈوز کی صفائی کے لیے سی کلینر استعمال کریں

CCleaner ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کی صفائی کے لیے ایک مفید پروگرام ہے جس پر ماہرین و صارفین دونوں اعتماد کرتے ہیں۔ ونڈوز میں رجسٹری وہ جگہ ہے جہاں پر انسٹال شدہ تمام پروگرامز کی سیٹنگز محفوظ ہوتی ہیں۔ جب ونڈوز پر انسٹال کیے گئے مختلف پروگرامز ضرورت پوری ہونے پر ختم کیے جاتے ہیں تو ان کی سیٹنگز کی غیر ضروری ویلیوز ونڈوز کی رجسٹری میں رہ جاتی ہیں۔ سی کلینر ان ویلیوز کو با آسانی ختم کر دیتا ہے۔ اسی طرح بہت سے پروگرامز مثلاً‌ براؤزرز وغیرہ اپنے کام کی آسانی کے لیے عارضی فائلیں بناتے ہیں جو کہ وقت گزرنے کے ساتھ ڈسک پر کافی تعداد میں جمع ہو جاتی ہیں۔ان میں سے بہت سی فائلیں غیر ضروری ہوتی ہیں جو استعمال میں نہیں آتیں، سی کلینر ایسی فائلوں کو با آسانی ختم کر دیتا ہے۔ آئیں مختصرً‌ا سی کلینر کے استعمال کا طریقہ دیکھتے ہیں۔

ایک بات غور طلب ہے، بعض لوگوں کے ذہن میں یہ بات آتی ہے کہ پروگرامز کی کیش ختم کرنا درست عمل نہیں ہے، اس لیے کہ کسی بھی پروگرام کی کیش اس کے عمل کو تیز رفتار بنانے کے کام آتی ہے۔ فرض کریں آپ کی میز پر چند کتابیں اور رسالے پڑے ہیں، جب بھی آپ کو موقع ملتا ہے کرسی پر بیٹھ کر ان میں سے اپنی مرضی کی کتاب اٹھا کر پڑھ لیتے ہیں۔ اب اگر آپ صفائی کی غرض سے ان کتابوں اور رسالوں کو اٹھا کر بک شیلف میں رکھ دیں گے، اس سے صفائی تو ہو جائے گی لیکن فورً‌ا دستیابی کی وہ سہولت آپ کو میسر نہیں رہے گی۔ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ اپنی میز کی کبھی صفائی کریں ہی نہیں۔ ایک مخصوص عرصے کے بعد صفائی کرنا بہت ضروری ہے، اس لیے کہ ان میں ایسی کتابیں اور رسالے بھی ہیں جن کی عرصہ دراز تک یا کبھی بھی آپ کو ضرورت پیش نہیں آئے گی۔

  1. CCleaner ڈاؤن لوڈ کریں
  2. کمپیوٹر سے عارضی فائلیں ڈیلیٹ کریں
  3. ونڈوز رجسٹری کی صفائی کریں
  4. کمپیوٹر سے غیر ضروری پروگرامز ختم کریں
  5. ونڈوز کے اسٹارٹ ہونے پر چلنے والے پروگرامز محدود کریں
  6. CCleaner کی سیٹنگز تبدیل کریں

CCleaner ڈاؤن لوڈ کریں

CCleaner بنانے والی کمپنی کی ویب سائیٹ پر جائیں۔ یہاں مفت دستیاب ورژن کے تحت چند ویب سائیٹس کے لنکس دیے گئے ہیں جہاں سے سی کلینر کا تازہ ورژن ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

پیری فارم کی ویب سائیٹ سے سی کلینر ڈاؤن لوڈ کریں


UP

کمپیوٹر سے عارضی فائلیں ڈیلیٹ کریں

  1. جب آپ سی کلینر انسٹال کر کے کھولیں گے تو بائیں طرف Cleaner ٹیب ڈیفالٹ کے طور پر پہلے سے منتخب ہوگی۔
  2. اگر آپ چاہیں تو پہلے Analyze بٹن کی مدد سے سکین کر کے دیکھ سکتے ہیں کہ سی کلینر کونسی عارضی فائلز ڈیلیٹ کرے گا۔
  3. اس کے بعد Run Cleaner بٹن کے ذریعے ونڈوز اور اس کے پروگرامز کی کیش ختم کر دیں۔

ونڈوز اور اس پر چلنے والے پروگرامز کی کیش یعنی عارضی فائلیں ڈیلیٹ کریں


UP

ونڈوز رجسٹری کی صفائی کریں

  1. Registry ٹیب کے تحت پہلے Scan for Issues بٹن پر کلک کریں۔ اس سے وہ تمام ویلیوز سامنے آجائیں گی جن کی ونڈوز کو ضرورت نہیں ہے۔
  2. اس کے بعد Fix Selected Issues بٹن پر کلک کریں۔ اس سے ایک ڈائیلاگ باکس سامنے آئے گا جس میں پوچھا جائے گا کہ آپ ونڈوز کی موجودہ سیٹنگز کا بیک اپ بنانا چاہتے ہیں یا نہیں۔ میں ذاتی طور پر یہ بیک اپ نہیں بناتا، اور مجھے بیک اپ نہ بنانے پر کبھی کوئی مسئلہ پیش نہیں آیا۔ آپ چاہیں تو بنا سکتے ہیں، تاکہ ضرورت پڑنے پر ونڈوز رجسٹری کی پرانی سیٹنگز بحال کی جا سکیں۔

ونڈوز کی رجسٹری اسکین کر کے استعمال میں نہ آنے والی ویلیوز تلاش کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ ایک ڈائیلاگ باکس دیکھ رہے ہیں، اس میں موجود Fix All Selected Issues پر کلک کر دیں۔ اس سے ونڈوز رجسٹری میں سے غیر ضروری ویلیوز ختم ہو جائیں گی۔

ونڈوز کی رجسٹری کی صفائی کریں


UP

کمپیوٹر سے غیر ضروری پروگرامز ختم کریں

Tools ٹیب کے تحت چند مزید ٹیبز موجود ہیں جن میں سے ایک Uninstall ٹیب ہے۔ اس ٹیب کے تحت ونڈوز پر انسٹال کیے گئے تمام پروگرامز کی فہرست موجود ہے۔ یہاں سے آپ کسی بھی پروگرام کو ختم کر سکتے ہیں۔

ونڈوز میں انسٹال شدہ غیر ضروری پروگرام ختم کریں


UP

ونڈوز کے اسٹارٹ ہونے پر چلنے والے پروگرامز محدود کریں

Tools ٹیب کے تحت Startup ٹیب میں ان پروگرامز کی فہرست موجود ہے جو ونڈوز کے اسٹارٹ ہونے پر خود بخود چل جاتے ہیں۔ ونڈوز پر انسٹال کیے گئے بعض پروگرام پہلے سے میموری میں لوڈ کرنے کے لیے اپنا کچھ حصہ اس فہرست میں شامل کر دیتے ہیں، تاکہ جب یہ پروگرام چلایا جائے تو وہ تیز رفتاری کے ساتھ کام کرے۔ اس فہرست میں سے وہ پروگرام منتخب کریں جس کے بارے میں آپ کو یقین ہو کہ اسے ونڈوز کے اسٹارٹ ہونے پر نہیں چلنا چاہیے۔ پھر Disable بٹن کی مدد سے اسے غیر فعال کر دیں، یا Delete بٹن کی مدد سے اس فہرست سے اس کا نام خارج کر دیں۔

ونڈوز کے اسٹارٹ ہونے پر چلنے والے پروگرام غیر فعال کریں


UP

CCleaner کی سیٹنگز تبدیل کریں

Options ٹیب کے تحت مزید کچھ ٹیبز موجود ہیں جن میں سی کلینر کی سیٹنگز حسب ضرورت سیٹ کی جا سکتی ہیں۔ ان میں ایک Advance ٹیب بھی ہے جس میں مختلف آپشنز موجود ہیں۔ مثلاً‌ Recycle Bin والا آپشن منتخب کرنے سے CCleaner ریسائیکل بن سے وہ فائلز ختم نہیں کرے گا جو آپ نے پچھلے چوبیس گھنٹے میں ڈیلیٹ کی ہیں۔

سی کلینر کی سیٹنگز تبدیل کریں

Categories: