کورل ڈرا میں کوئی بھی لوگو نئے سرے سے بنائیں

اب زمانہ تبدیل ہوگیا ہے، زیادہ تر نئے Logos کمپیوٹر سافٹ ویئر کی مدد سے بنائے جاتے ہیں۔ آج سے پندرہ سال پہلے صورتحال مختلف تھی۔ اگر کسی کمپنی یا ادارے کا لوگو اس کی ویب سائیٹ یا ڈاکومنٹس پر استعمال کرنے کی ضرورت پیش آتی تو اس کے لیے یا تو اس لوگو کو بڑی صفائی کے ساتھ اسکین کرنا پڑتا، یا پھر گرافک ڈیزائن سافٹ ویئر میں نئے سرے سے بنانا پڑتا۔ میں نے بھی اس زمانے میں CorelDRAW کی مدد سے چند لوگوز نئے سرے سے ڈیزائن کیے۔ کورل ڈرا میں ڈرائنگ کے جو فیچرز مہیا کیے گئے ہیں، وہ اس کام کو بہت ہی سہل بنا دیتے ہیں۔ آئیں کورل ڈرا میں Apple کمپنی کا لوگو بنا کر دیکھتے ہیں۔

تشہیری علامات کے لیے عموماً‌ دو الفاظ استعمال کیے جاتے ہیں، ایک لفظ Logo ہے، جبکہ دوسرا لفظ Monogram ہے۔ ان دونوں میں فرق یہ بتایا جاتا ہے کہ لوگو کسی گرافک یا سیمبل وغیرہ پر مشتمل ہوتا ہےجس میں لکھائی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ جبکہ مونوگرام وہ ہوتا ہے جسے بنانے کے لیے چند حروف کو توڑ موڑ کر کسی علامت کی شکل دی گئی ہو۔
  1. پہلے کورل ڈرا میں مطلوبہ لوگو کی امیج لے کر آئیں۔ اس مقصد کے لیے Import کا آپشن اوپر ٹول بار پر بھی موجود ہے اور فائل مینیو میں بھی۔درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میں نے Apple کمپنی کا لوگو کورل ڈرا میں امپورٹ کیا ہے، یہ لوگو میں نے گوگل کی مدد سے حاصل کیا ہے۔
  2. ہم نے یہ کرنا ہے کہ ایپل کے لوگو کے گرد آؤٹ لائن بناتے ہوئے ایک آبجیکٹ بنانا ہے، تاکہ اس آبجیکٹ کو ایپل کے لوگو کے مطابق ڈھالا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے بائیں طرف ٹول بار سے Bezier ٹول منتخب کریں۔

کورل ڈرا میں مونوگرام امپورٹ کرنے کے بعد ٹول بار سے بیزیئر ٹول منتخب کریں


ایپل کے لوگو کے گرد Bezier ٹول کی مدد سے کلک کرتے جائیں جس سے آؤٹ لائن بنتی جائے گی۔ لوگو کی ان جگہوں پر کلک کریں جہاں پر Curve ہو، یعنی جہاں لوگو کی دیوار گولائی میں مڑتی ہو۔ اس طرح جہاں آپ کلک کرتے جائیں گے وہاں Nodes بنتی جائیں گی۔ آخری کلک آپ نے پہلی Node کے بالکل اوپر کرنا ہے، اس طرح سے یہ آبجیکٹ ہر طرف سے بند ہو جائے گا اور ہم اس میں رنگ بھر سکیں گے۔

مونوگرام کے آبجیکٹ کے گرد ماؤس کی مدد سے نشانات لگا کر آؤٹ لائن بنائیں


جب یہ آبجیکٹ مکمل ہو جائے تو

  1. ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں۔
  2. آبجیکٹ کے لیے مطلوبہ رنگ منتخب کریں۔
  3. Color palette کے بالکل اوپر X والے خانے پر رائٹ کلک کر کے آبجیکٹ کی آؤٹ لائن ختم کر دیں۔

آؤٹ لائن مکمل ہونے پر آبجیکٹ تیار ہو جائے گا، اس آبجیکٹ میں رنگ بھریں، اور اس کی آؤٹ لائن ختم کر دیں


اب ٹول بار سے Zoom ٹول منتخب کریں اور آبجیکٹ کا کوئی ایک حصہ سلیکٹ کر کے قریب لائیں۔

مونوگرام کا ایک حصہ زوم ٹول کی مدد سے قریب لائیں


چونکہ ہم نے آؤٹ لائن بناتے وقت اندازے کے ساتھ Nodes بنائی تھیں، اس لیے آپ دیکھ رہے ہیں کہ لوگو کی دیواروں سے یہ نوڈز ہٹی ہوئی ہیں۔ ٹول بار سے Shape ٹول منتخب کریں اور ماؤس کے ساتھ ہر نوڈ کو پکڑ کر دیوار کے اوپر لائیں۔

شیپ ٹول کی مدد سے آبجیکٹ کے باہر نکلے ہوئے کناروں کو مونوگرام کے اوپر لائیں


اب پہلے دو نوڈز کے درمیان لائن پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔ پھر رائٹ کلک کی مدد سے مینیو کھول کر Curve آپشن منتخب کریں۔ اس سے یہ ہوگا کہ دو نوڈز کے درمیان یہ لائن گولائی میں تبدیل کی جا سکے گی۔

دو نوڈز کے درمیان لائن پر رائیٹ کلک کی مدد سے مینیو کھولیں اور کرو یعنی گولائی کا آپشن منتخب کریں


پہلے صفحہ کی خالی جگہ پر کلک کر کے سلیکشن ختم کریں۔ پھر ماؤس کے ساتھ لائن کو درمیان سے پکڑ کر باہر کی طرف دھکیلیں جس سے یہ لائن گولائی کی شکل اختیار کر لے گی۔ اس طرح سے اس لائن کو لوگو کی دیوار کے اوپر لائیں۔ دونوں نوڈز کے ساتھ آپ تیر کے نشان والے ہینڈلز بھی دیکھ رہے ہیں۔ ان ہینڈلز کی مدد سے گولائی مزید بہتر کی جا سکتی ہے۔ اس طریقے سے آپ آبجیکٹ کی تمام نوڈز کے درمیان لائنوں کو مونو گرام کے مطابق گولائی میں تبدیل کریں۔

لائن کو دو نوڈز کے درمیان سے ماؤس کے ساتھ پکڑ کر باہر کی طرف دھکیل کر گولائی میں تبدیل کریں


اگر کسی موقع پر آپ محسوس کریں کہ آبجیکٹ کی کوئی لائن لوگو کی دیوار سے ہٹی ہوئی ہے، تو لائن کی نوڈ پر کلک کریں جس سے ہینڈلز ظاہر ہو جائیں گے۔ ان ہینڈلز کی مدد سے لائن کی گولائی بہتر کر لیں۔

گولائی کے ہینڈلز دوبارہ ظاہر کرنے کے لیے کسی بھی نوڈ پر کلک کریں


آپ دیکھ رہے ہیں کہ کٹے ہوئے حصے کے اوپر والا کنارہ بہت نوکیلا ہے۔ اسے گول کرنے کے لیے اس کے دونوں طرف نوڈز بنائیں، اور پھر ان دونوں نوڈز کے درمیان والی لائن کو Curve کر لیں، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نیچے والا کنارہ گول کیا گیا ہے۔

اگر آبجیکٹ مکمل ہونے کے بعد نوڈ بنانے کی ضرورت پیش آئے تو آؤٹ لائن کے مطلوبہ حصے پر ڈبل کلک کر کے نوڈ بنائی جا سکتی ہے۔ اسی طرح کوئی نوڈ ختم کرنا مقصود ہو تو پہلے اسے ماؤس کے ساتھ کلک کر کے سلیکٹ کریں، پھر کی بورڈ پر Delete بٹن دبا دیں۔

مونو گرام کے نوکیلے کنارے گول کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ اس طریقے سے میں نے آبجیکٹ کو ایپل کے لوگو میں تبدیل کر لیا ہے۔

مونو گرام تیار ہے


ایپل کا لوگو جو ہم نے نئے سرے سے تیار کیا ہے، چو نکہ وہ ہمارے پاس کورل ڈرا کے Vector آبجیکٹ کی صورت میں موجود ہے، اس لیے ہم اسے کسی بھی سائز میں کسی بھی جگہ پر استعمال کر سکتے ہیں۔ مثلاً‌ چھوٹے سائز میں کسی بزنس کارڈ پر بھی، اور بہت بڑے سائز میں کسی سائن بورڈ پر بھی۔
نیز اس لوگو پر ہر قسم کے ایفیکٹس لگائے جا سکتے ہیں، مثلاً‌ Outline, Gradient, Transparency, Drop shadow وغیرہ، جیسا کہ درج ذیل امیج میں آپ دیکھ سکتے ہیں۔

اب مونو گرام پر مختلف ایفیکٹس لگائے جا سکتے ہیں