ونڈوز میں نیا اردو کی بورڈ شامل کریں

عام طور پر اردو کمپوزنگ سیکھنے کے خواہشمند افراد کو کسی اردو سافٹ ویئر پر ٹائپنگ سکھائی جاتی ہے، جیسا کہ میں نے ۱۹۹۴ء میں شاہکار اردو پبلشنگ سسٹم پر ٹائپنگ سیکھی تھی۔ یہ سافٹ ویئر DOS آپریٹنگ سسٹم پر چلتا تھا جس میں فارمیٹنگ کے لیے ٹیگز استعمال کیے جاتے تھے۔ خوش قسمتی سے میرے استاد نے کی بورڈ کے بٹنوں پر اردو حروف کی جو سیٹنگ کی ہوئی تھی، وہ Phonetic تھی۔ یعنی a سے الف، s سے سین، d سے دال، f سے فا وغیرہ۔ بعد میں ونڈوز پر بھی یونی کوڈ ٹیکنالوجی کے تحت اردو لکھنے کی سہولت مہیا کر دی گئی جسے استعمال کرتے ہوئے ونڈوز پر چلنے والے پروگرامز مثلاً‌ ورڈ، ایکسل اور براؤزر وغیرہ میں اردو لکھی جا سکتی ہے۔ جب میں نے پہلی مرتبہ ونڈوز ایکس پی پر اردو کی بورڈ فعال کیا تو پتہ چلا کہ اس کے بٹنوں پر اردو حروف کی ترتیب بلحاظ آواز نہیں ہے۔ مثلاً‌ اس کی بورڈ لے آؤٹ پر a سے میم، s سے واؤ، اور d سے را وغیرہ ٹائپ ہوتے ہیں۔

خوش قسمتی سے اس مسئلے کے دو حل موجود ہیں:

  1. ایک یہ کہ www.cle.org.pk سے اردو کا Phonetic کی بورڈ حاصل کر کے انسٹال کیا جا سکتا ہے۔
  2. دوسرا حل یہ ہے کہ مائیکرو سافٹ نے Keyboard Layout Creator کے نام سے ایک سافٹ ویئر بنا رکھا ہے جس کی مدد سے یونی کوڈ ٹیکنالوجی کے تحت دستیاب کسی بھی زبان کا کی بورڈ لے آؤٹ تیار کیا جا سکتا ہے، اور پھر اس کی بورڈ کو ونڈوز میں انسٹال کیا جا سکتا ہے۔ چنانچہ میں نے اس سافٹ ویئر کی مدد سے اپنے لیے ایک ایسا کی بورڈ لے آؤٹ تیار کیا ہے جس کی ترتیب وہی ہے جس کے مطابق میں نے کئی سال پہلے اردو ٹائپنگ سیکھی تھی۔ آپ بھی بالکل اپنی مرضی کا کی بورڈ لے آؤٹ تیار کرنے کے لیے یہ سہولت استعمال کر سکتے ہیں۔ آئیں اس سافٹ ویئر کی مدد سے اردو کی بورڈ لے آؤٹ بنانے کا طریقہ دیکھتے ہیں۔
اس ٹٹوریل کے آخر میں اردو کے حروف، ہندسے اور علامات مہیا کی گئی ہیں جنہیں آپ کی بورڈ لے آؤٹ تیار کرتے وقت Copy کر کے مطلوبہ بٹن کے لیے Paste کر سکتے ہیں۔

کی بورڈ لے آؤٹ تیار کرنے والا سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں

سرچ انجن کی مدد سے Microsoft keyboard layout creator کا ڈاؤن لوڈ لنک تلاش کر کے ڈاؤن لوڈ کریں۔

مائیکرو سافٹ کی ویب سائیٹ سے نیا کی بورڈ بنانے والا سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کریں


ڈاؤن لوڈ مکمل ہونے کے بعد کی بورڈ لے آؤٹ بنانے کا یہ سافٹ ویئر انسٹال کریں، اور انسٹالیشن مکمل ہونے کے بعد اسے کھولیں۔

مائیکرو سافٹ کی بورڈ لے آؤٹ کریئٹر انسٹال کرنے کے بعد کھولیں

نیا اردو کی بورڈ لے آؤٹ تیار کریں

جب سافٹ ویئر کھولیں گے تو آپ کے سامنے ایک کی بورڈ لے آؤٹ موجود ہوگا جس کے کسی بھی بٹن کے اوپر کلک کرنے سے ٹیکسٹ باکس پر مشتمل ایک چھوٹا سا ڈائیلاگ باکس کھلے گا۔ اس ٹیکسٹ باکس میں وہ حرف ٹائپ یا پھر پیسٹ کریں جسے آپ اس انگلش بٹن پر استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ a بٹن پر الف، اور s بٹن پر سین سیٹ کیا گیا ہے۔
اسی طرح بائیں طرف تین چیک باکسز موجود ہیں جن کی مدد سے آپ Shift بٹن، Alt+Ctrl بٹنز، اور Ctrl بٹن کے ساتھ بھی اردو حروف یا علامات سیٹ کر سکتے ہیں۔مثلاً‌ d بٹن پر دال، جبکہ Shift+d بٹن پر ڈال سیٹ کیا جا سکتا ہے۔

کی بورڈ کے تمام انگلش بٹنوں پر اردو حروف سیٹ کریں


جب کی بورڈ کے تمام بٹنوں پر اردو حروف کی سیٹنگ ہو جائے تو Project مینیو کھولیں۔

  1. Test Keyboard Layout آپشن پر کلک کرنے سے ایک ڈائیلاگ باکس کھلے گا جس میں تیار کیے جانے والے کی بورڈ کو بذریعہ ٹائپنگ ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے۔
  2. Properties آپشن پر کلک کرنے سے جو ڈائیلاگ باکس کھلے گا، اس میں آپ کی بورڈ کا نام اور وضاحت مہیا کر سکتے ہیں، اور یہ بتا سکتے ہیں کہ اس کی بورڈ کو ونڈوز میں کس زبان کے تحت شامل ہونا چاہیے۔
  3. جب کی بورڈ لے آؤٹ مکمل طور پر تیار ہو جائے تو Build DLL and Setup Package آپشن کی مدد سے اس کی بورڈ لے آؤٹ کا انسٹالیشن پیکیج بنایا جا سکتا ہے۔ اس انسٹالیشن پیکیج کی مدد سے آپ اس کی بورڈ لے آؤٹ کو ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے حامل کمپیوٹرز پر انسٹال کر سکیں گے۔

کی بورڈ ٹیسٹ کریں، کی بورڈ کا نام  اور زبان متعین کرنے والا ڈائیلاگ باکس کھولیں


پراپرٹیز ڈائیلاگ باکس: جب ونڈوز میں یہ کی بورڈ انسٹال کیا جائے گا تو اس کے نام کے لیے Description کی ویلیو استعمال کی جائے گی، اس لیے اس خانے میں واضح قسم کا نام متعین کریں۔ Language کے ڈراپ ڈاؤن سے اردو زبان منتخب کریں، تاکہ ونڈوز میں انسٹالیشن کی صورت میں یہ کی بورڈ لے آؤٹ اردو زبان کے تحت دستیاب ہو۔ اس کے علاوہ کمپنی اور کاپی رائیٹ کے خانوں کے لیے مناسب ویلیوز مہیا کریں۔

کی بورڈ لے آؤٹ کے پراپرٹی ڈائیلاگ باکس میں نام، وضاحت اور زبان متعین کریں


انسٹالیشن پیکیج تیار کریں: جب آپ Project مینیو میں موجود Build آپشن کی مدد سے انسٹالیشن پیکیج تیار کر لیں، تو درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق Setup فائل پر کلک کر کے اس کی بورڈ لے آؤٹ کو ونڈوز میں انسٹال کر لیں۔

کی بورڈ لے آؤٹ کا انسٹالیشن پیکیج بنائیں



پراجیکٹ محفوظ کریں: یہ کی بورڈ لے آؤٹ جو آپ تیار کریں گے، ممکن ہے مستقبل میں آپ کو اس میں تبدیلی کی ضرورت پیش آئے، اس لیے اس کا پراجیکٹ محفوظ کر لیں۔ تاکہ مکمل کی بورڈ لے آؤٹ نئے سرے سے نہ بنانا پڑے، اور صرف ضروری تبدیلیوں کے بعد کی بورڈ کا نیا انسٹالیشن پیکیج تیار کیا جا سکے۔

کی بورڈ لے آؤٹ کا پراجیکٹ محفوظ کریں


پہلے سے انسٹال شدہ اردو کی بورڈ میں ترمیم کر کے نئے نام کے ساتھ محفوظ کریں

یا پھر آپ یوں کر سکتے ہیں کہ www.cle.org.pk سے حاصل کردہ کی بورڈ انسٹال کر کے اسے Keyboard Layout Creator کی مدد سے کھولیں۔ اور پھر حسب ضرورت اس لے آؤٹ میں تبدیلیاں کر کے نئے نام کے ساتھ ایک نیا کی بورڈ لے آؤٹ تیار کر لیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس سافٹ ویئر میں پہلے سے انسٹال شدہ کی بورڈ لے آؤٹ امپورٹ کرنے کا آپشن موجود ہے۔

پہلے سے انسٹال شدہ کی بورڈ لے آؤٹ کھولیں

اردو کے حروف، ہندسے اور علامات

یہ فہرست اردو کے بنیادی حروف ، ہندسوں اور علامات کی ہے جو آپ کی بورڈ لے آؤٹ تیار کرتے وقت استعمال کر سکتے ہیں۔

ؑ ؓ ؒ ۔ ۹ ۸ ۷ ۶ ۵ ۴ ۳ ۲ ۱ ۰
ڑ ر ذ ڈ د خ ح چ ج ث ٹ ت ب آ ا
ل گ ک ق ف غ ع ظ ط ض ص ش س ژ  ز
ٍ ً‌ ے ی ئ ٔ ء ھ ۃ ہ ؤ و ں ن م
              ؟ ؎ ؔ ۔ ! ،

ونڈوز میں اردو کی بورڈ فعال کریں

Windows XP کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں
Windows 7 کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں
Windows 8 کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں

Categories: