آپ جانتے ہوں گے کہ Bitmap ٹیکنالوجی کی بنیاد پر محفوظ ہونے والی تصاویر کا سائز بڑھانے پر ان کی کوالٹی خراب ہو جاتی ہے۔ جبکہ اس کے برعکس Vector ٹیکنالوجی کی بنیاد پر محفوظ ہونے والی تصاویر کا سائز چھوٹا یا بڑا کرنے پر ان کی کوالٹی برقرار رہتی ہے۔ لیکن ویب پیجز، جن پر تصاویر کا سب سے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے، ان پر بٹ میپ امیجز استعمال کی جاتی ہیں۔ بعض اوقات یوں ہوتا ہے کہ آپ کو ایک اچھی تصویر مل جاتی ہے جسے آپ استعمال کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس کا سائز آپ کے مطلوبہ سائز سے کم ہوتا ہے۔ اور اگر اس تصویر کا سائز بڑھایا جائے تو اس کے پکسلز پھیلنے کی وجہ سے اس کی کوالٹی خراب ہو جاتی ہے۔ چنانچہ اس ٹٹوریل میں بٹ میپ امیج کی چوڑائی یا اونچائی بڑھانے کے لیے ایک حل (Workaround) پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
مختصرًا ذکر کیا جائے تو اس کا طریقہ یہ ہے کہ تصویر کی ایک سائیڈ سے کچھ حصہ حاصل کریں، اور پھر اس حصے کو الٹا کر کے تصویر کے ساتھ جوڑ لیں۔ الٹا کرنے سے یہ ہوگا کہ جوڑ والی جگہ پر تصویر کی ترتیب (Pattern) ایک جیسی ہی رہے گی۔ اور یوں تصویر کا سائز غیر محسوس انداز میں بڑھ جائے گا۔ آئیں یہ عمل مرحلہ وار دیکھتے ہیں۔ میں اس مقصد کے لیے ونڈوز کا Paint پروگرام استعمال کر رہا ہوں، لیکن آپ Photoshop وغیرہ کی مدد سے یہ کام با آسانی کر سکتے ہیں۔
تصویر کے کینوس (Canvas) کا سائز بڑھائیں تاکہ اس پر بہتر طریقے سے کام کیا جا سکے۔
اوپر ٹول بار پر سلیکشن کا آپشن منتخب کریں۔ پھر تصویر کا وہ حصہ سلیکٹ کریں جسے آپ تصویر کا سائز بڑھانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد سلیکٹ کیا گیا حصہ کاپی کر کے پیسٹ کر دیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیسٹ کیا گیا حصہ بائیں طرف موجود ہے۔ ماؤس کی مدد سے یہ حصہ دائیں طرف لے کر آئیں اور پھر اسے تصویر کے بالکل ساتھ جوڑ دیں۔
دائرے میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کاپی کیا گیا حصہ تصویر کے ساتھ میچ نہیں کر رہا۔ اوپر ٹول بار پر موجود Rotate مینیو میں سے افقی طور پر الٹا کرنے والا آپشن منتخب کریں۔ اس سے منتخب شدہ حصہ الٹا ہو جائے گا۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب منتخب شدہ حصے کو فلپ کیا گیا ہے تو وہ تصویر کا حصہ بن گیا ہے۔