اے ڈبلیو سٹیٹس کی مدد سے ویب سائیٹ کی شماریات حاصل کریں

کسی بھی ویب سائیٹ کی مقبولیت کا پتہ چلانے کے لیے شماریات کے کسی مناسب ٹول کا استعمال ضروری ہے۔ مثلاً‌ یہ معلوم کرنا کہ کسی خاص مہینے میں کتنے صارفین نے ویب سائیٹ وزٹ کی، صارفین کی وزٹس کے نتیجے میں کتنا ڈیٹا ٹرانسفر کیا گیا، کون سے ممالک سے ویب سائیٹ وزٹ کی گئی، صارفین ویب سائیٹ پر کتنی دیر موجود رہے، کونسے آپریٹنگ سسٹمز اور براؤزرز استعمال کرتے ہوئے صارفین نے ویب سائیٹ وزٹ کی، وغیرہ وغیرہ۔ اس مقصد کے لیے شاید سب سے مقبول ٹول گوگل اینالیٹکس ہے۔ لیکن ویب ہوسٹنگ کنٹرول پینلز میں بھی کچھ ایسے ٹولز دستیاب ہوتے ہیں جو مناسب حد تک ایسی شماریات مہیا کرتے ہیں جن کی مدد سے آپ اپنی ویب سائیٹ کی صحت و مقبولیت کا پتہ چلا سکتے ہیں۔ اس ٹٹوریل میں ہم cPanel میں مہیا کی گئی AWStats ایپلی کیشن کے ذریعے ویب سائیٹ کی شماریات حاصل کرنے کا طریقہ دیکھیں گے۔


  1. AWStats کا استعمال
  2. ویب سائیٹ کی شماریات کا خلاصہ
  3. اس سال کے تمام مہینوں کی شماریات
  4. اس مہینے کے تمام دنوں کی شماریات
  5. ہفتے کے کسی بھی دن اوسطاً‌ کتنے صفحات وزٹ کیے گئے؟
  6. دن کے کس گھنٹے میں کتنی تعداد میں صفحات وزٹ کیے گئے؟
  7. کون سے ممالک میں کتنے صفحات وزٹ کیے گئے؟
  8. وزٹ کرنے والے صارفین کے آئی پی ایڈریسز کیا تھے؟
  9. پاس ورڈ والے فولڈرز تک رسائی حاصل کرنے والے صارفین
  10. ویب سائیٹ وزٹ کرنے والے سرچ انجنز اور کرالرز
  11. صارفین ویب سائیٹ پر کتنی دیر موجود رہے؟
  12. ویب پیجز اور ان میں شامل فائلز (تصاویر، اسٹائل شیٹس، جاوا اسکرپٹس وغیرہ) کتنی بار ڈاؤن لوڈ کی گئیں؟
  13. ڈاؤن لوڈ کے لیے مہیا کی جانے والی فائلز (ZIP, DOC, PDF وغیرہ) کتنی بار ڈاؤن لوڈ کی گئیں؟
  14. ویب سائیٹ کے کونسے صفحات کتنی مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیے گئے؟
  15. کونسے آپریٹنگ سسٹمز اور براؤزرز سے ویب سائیٹ وزٹ کی گئی؟
  16. صارفین ویب سائیٹ تک کن سرچ انجنز اور ویب سائیٹس کے ذریعے پہنچے؟
  17. صارفین سرچ انجنز پر کونسے الفاظ استعمال کر کے ویب سائیٹ تک پہنچے؟
  18. صارفین کی درخواستوں کے نتیجے میں ویب سرور کی طرف سے جنریٹ ہونے والے HTTP کوڈز

1- AWStats کا استعمال

cPanel میں Logs والے حصے میں موجود AWStats ایپلی کیشن کے لنک پر کلک کریں۔

سی پینل میں موجود اے ڈبلیو سٹیٹس ایپلی کیشن کے لنک پر کلک کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں:

  1. اوپر والے حصے میں دائیں طرف دو ڈراپ ڈاؤن مینیوز موجود ہیں جن کی مدد سے کسی بھی گزرے ہوئے مہینے کی شماریات دیکھی جا سکتی ہیں۔
  2. آپ دیکھ رہے ہیں کہ ویب پیج کی لمبائی بہت زیادہ ہے، اور ہر قسم کی شماریات کا خلاصہ اسی ویب پیج پر موجود ہیں۔ ان شماریات کو مختلف سیکشنز میں تقسیم کیا گیا ہے جن کے لنکس بائیں طرف مینیو میں موجود ہیں۔ اس مینیو میں کسی بھی لنک پر کلک کر کے شماریات کے مطلوبہ سیکشن تک پہنچا جا سکتا ہے۔

اے ڈبلیو سٹیٹس کا انٹر فیس


UP

2- ویب سائیٹ کی شماریات کا خلاصہ

اس سیکشن میں ویب سائیٹ کی مکمل وزٹس ایک خلاصے کی شکل میں موجود ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. Unique visitors کا مطلب یہ ہے کہ انفرادی طور پر کتنے لوگوں نے ویب سائیٹ وزٹ کی ہے۔ جبکہ Number of visits کا مطلب یہ ہے کہ یہ ویب سائیٹ مجموعی طور پر کتنی مرتبہ وزٹ کی گئی۔ یعنی ایسے صارف بھی ہوں گے جنہوں اس مہینے میں یہ ویب سائیٹ ایک سے زیادہ مرتبہ وزٹ کی ہوگی۔

    یہاں دو باتیں نوٹ کرنے کی ہیں۔ چونکہ یہ وزٹس صارفین کے IP ایڈریسز کی بنیاد پر ریکارڈ کی جاتی ہیں، اس لیے اگر بہت سے صارفین کسی ایک ادارے کے لوکل نیٹ ورک کے ذریعے سے یہ ویب سائیٹ وزٹ کر رہے ہیں تو پھر وہ سب کے سب ایک ہی وزیٹر شمار ہوں گے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگرچہ لوکل ایریا نیٹ ورک پر موجود ہر کمپیوٹر کا اندرونی آئی پی ایڈریس مختلف ہوتا ہے، لیکن نیٹ ورک کا بیرونی یعنی انٹرنیٹ آئی پی ایڈریس ایک ہی ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ چونکہ انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز اپنے صارفین کو Dynamic IP ایڈریسز پر انٹرنیٹ کنکشن مہیا کرتے ہیں، یعنی ایسا آئی پی ایڈریس جو وقتا فوقتا تبدیل ہوتا رہتا ہے۔ اس لیے یہ بھی ممکن ہے کہ مختلف آئی پی ایڈریسز سے ویب سائیٹ وزٹ کرنے پر ایک ہی صارف کی وزٹس ایک سے زیادہ مرتبہ شمار ہو گئی ہوں۔

  2. آپ دیکھ رہے ہیں کہ Pages اور Hits کے نمبروں میں بہت زیادہ فرق ہے۔ یہ اس لیے ہے کہ اگر کسی ویب پیج میں ایک اسٹائل شیٹ فائل، ایک جاوا اسکرپٹ فائل، اور دو تصاویر شامل کی گئی ہیں تو اس ویب پیج کو حاصل کرنے کے لیے پانچ Hits شمار کی جائیں گی۔ ایک Hit ویب پیج کے لیے اور باقی چار اس کے اندر استعمال کی گئی فائلز کے لیے۔ یعنی مکمل ویب پیج کے حصول کے لیے صارف کے ویب براؤزر سے ہوسٹنگ ویب سرور کی طرف پانچ درخواستیں بھیجی جائیں گی۔
  3. Bandwidth یعنی وزٹس کے نتیجے میں اس ویب سائیٹ کا کتنا ڈیٹا ٹرانسفر کیا گیا ہے۔
  4. Viewed traffic کا مطلب ایسی وزٹس ہیں جن کے نتیجے میں ویب سائیٹ کے ویب پیجز دیکھے گئے۔ یعنی صارفین نے براؤزرز اور اس طرح کے دیگر سافٹ ویئرز کی مدد سے ویب سائیٹ کے ویب پیجز وزٹ کیے۔ جبکہ Not viewed traffic کا مطلب ایسی وزٹس ہیں جو سافٹ ویئر ایپلی کیشن کی مدد سے کی گئیں۔ مثلاً‌ سرچ انجنز اور کرالرز وغیرہ نے ویب پیجز حاصل کیے۔

    یہاں ایک بات نوٹ کرنے کی ہے کہ Not viewed traffic کے لیے Pages اور Hits کے نمبروں میں بہت زیادہ فرق نہیں ہے۔ ایسا اس لیے ہے کہ سرچ انجنز وغیرہ عموماً‌ ویب سائیٹ کے صرف ویب پیجز حاصل کرتے ہیں ، جبکہ وہ ان ویب پیجز میں استعمال کی گئی تصاویر، اسٹائل شیٹس اور جاوا سکرپٹس وغیرہ کی فائلز ڈاؤن لوڈ نہیں کرتے۔

ویب سائیٹ کی شماریات کا خلاصہ


UP

3- اس سال کے تمام مہینوں کی شماریات

اس سیکشن میں اس سال کے اب تک گزرے ہوئے تمام مہینوں کی شماریات دیکھی جا سکتی ہیں۔ اگر ویب سائیٹ کی ٹریفک بتدریج کم یا زیادہ ہو رہی ہو تو گراف دیکھ کر اس بات کا فورً‌ا اندازہ ہو جاتا ہے۔

اب تک گزرے سال کے تمام مہینوں کی شماریات


UP

4- اس مہینے کے تمام دنوں کی شماریات

اس سیکشن میں منتخب کیے گئے مہینے کے تمام دنوں کی شماریات دیکھی جا سکتی ہیں۔ اگر کسی دن ویب سائیٹ کی ٹریفک غیر معمولی طور پر کم ہوگی تو گراف اور ڈیٹا دونوں کی مدد سے یہ بات فورً‌ا ظاہر ہو جائے گی۔ ممکن ہے ٹریفک کی یہ کمی ویب سائیٹ یا ہوسٹنگ سرور پر کسی خرابی کا نتیجہ ہو۔ چنانچہ ایسی صورت میں ہوسٹنگ کنٹرول پینل میں موجود Logs کے دیگر ٹولز کی مدد سے وہ وجوہات تلاش کی جا سکتی ہیں جن کی وجہ سے ٹریفک میں یہ کمی واقع ہوئی ہے۔

اس مہینے کے گزرے ہوئے دنوں کی شماریات


UP

5- ہفتے کے کسی بھی دن اوسطاً‌ کتنے صفحات وزٹ کیے گئے ؟

اس سیکشن میں ہفتے کے ہر دن کی اوسط بتائی گئی ہے۔ مثلاً‌ اس مہینے کے ہر منگل والے دن وزٹس کی اوسط کتنی تھی۔ بالفرض اگر آپ کو اپنی ویب سائیٹ کے بارے میں یہ توقع ہے کہ اسے چھٹی والے دن زیادہ وزٹ کیا جانا چاہیے، تو یہ بات آپ ان شماریات سے معلوم کر سکتے ہیں۔

ہفتے کے کسی بھی دن اوسطاً‌ کتنے صفحات وزٹ کیے گئے


UP

6- دن کے کس گھنٹے میں کتنی تعداد میں صفحات وزٹ کیے گئے؟

اس سیکشن میں دن کے ہر گھنٹے میں وزٹ کیے جانے والے صفحات کی تعداد بتائی گئی ہے۔ اس سے آپ یہ اندازہ کر سکتے ہیں کہ آپ کی ویب سائیٹ دن کے کس حصے میں زیادہ وزٹ کی جاتی ہے۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ دن کے تین بجے کا گراف سب سے اونچا ہے۔

اوپر ہفتے والے سیکشن میں ہر دن کی اوسط دی گئی تھی۔ لیکن اس سیکشن میں صفحات کی اصل تعداد بتائی گئی ہے۔ یعنی اگر آپ ان صفحات کو جمع کریں گے تو نتیجے میں کل نمبر وہی آئے گا جو سب سے اوپر خلاصہ والے حصے میں بتایا گیا ہے۔

دن کے کس گھنٹے میں کتنی تعداد میں صفحات وزٹ کیے گئے


UP

7- کون سے ممالک میں کتنے صفحات وزٹ کیے گئے؟

اس سیکشن میں یہ بتایا گیا ہے کہ کونسے ممالک میں کتنے صفحات وزٹ کیے گئے۔ عنوان کے ساتھ Full list لنک پر کلک کر کے تمام ممالک کی فہرست دیکھی جا سکتی ہے۔

کون سے ممالک میں کتنے صفحات وزٹ کیے گئے


UP

8- وزٹ کرنے والے صارفین کے IPs کیا تھے؟

اس سیکشن میں ان آئی پی ایڈریسز کی فہرست دی گئی ہے جن سے ویب سائیٹ وزٹ کی گئی ہے۔ یہاں Unresolved IPs کے متعلق فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ AWStats کی طرف سے وزٹ کرنے والے صارفین کے آئی پی ایڈریسز کی تصدیق نہیں کی گئی، کیونکہ ایسا کرنا اضافی وقت لے گا جس کے نتیجے میں ایپلی کیشن کی شماریات اکٹھی کرنے کی رفتار سست ہوجائے گی۔

ویب سائیٹ وزٹ کرنے والے صارفین کے آئی پی ایڈریسز کیا تھے


UP

9- پاس ورڈ والے فولڈرز تک رسائی حاصل کرنے والے صارفین

اگر آپ نے اپنی ویب سائیٹ کے مختلف فولڈرز (Directories) پر پاس ورڈز لگا رکھے ہیں، جس کی سہولت ہوسٹنگ کنٹرول پینل میں موجود ہوتی ہے، تو پھر ایسے فولڈرز کو وزٹ کرنے والے صارفین کی تعداد اس سیکشن میں دیکھی جا سکتی ہے۔ چونکہ اس ویب سائیٹ پر ایسے کوئی فولڈرز نہیں ہیں اس لیے یہ تعداد 0 ہے۔

پاس ورڈ والی ڈائریکٹریز وزٹ کرنے والے صارفین


UP

10- ویب سائیٹ وزٹ کرنے والے سرچ انجنز اور کرالرز

مختلف سرچ انجنز انٹرنیٹ پر موجود ویب سائیٹس Crawl کر کے ان کے متعلق معلومات اکٹھی کرتے ہیں، اور ان معلومات کو ایک خاص ترتیب کے ساتھ اپنے سسٹم میں محفوظ کرتے ہیں۔ اور پھر جب صارفین سرچ انجن پر کچھ تلاش کرتے ہیں تو اس کے نتیجے میں متعلقہ ویب سائیٹس کی فہرست دکھائی جاتی ہے۔ چنانچہ شماریات کے اس سیکشن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس ویب سائیٹ کو مختلف سرچ انجنز نے معلومات اکٹھی کرنے کی غرض سے وزٹ کیا ہے۔

ٹیبل کے نیچے یہ بتایا گیا ہے کہ اس سیکشن میں موجود معلومات وہ ہیں جو عام صارفین کی بجائے سافٹ ویئر ایپلی کیشنز کے متعلق ہے۔ اس لیے یہ معلومات شماریات کے دیگر سیکشنز میں شامل نہیں ہے۔ اور ٹیبل کے Hits کالم میں + کے بعد جو نمبر موجود ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ سرچ انجن نے robots.txt کتنی مرتبہ پڑھی۔ یہ فائل ویب سائیٹ کے مرکزی فولڈر میں رکھی جاتی ہے اور اس میں سرچ انجنز وغیرہ کی رہنمائی کے لیے رولز لکھے جاتے ہیں۔

ویب سائیٹ وزٹ کرنے والے سرچ انجنز اور کرالرز


UP

11- صارفین ویب سائیٹ پر کتنی دیر موجود رہے؟

اس سیکشن میں یہ بتایا گیا ہے کہ صارفین ویب سائیٹ پر کتنی دیر موجود رہے۔ اگر ویب سائیٹ ایسی ہے جس پر مضامین وغیرہ شائع کیے جاتے ہیں تو پھر توقع یہ ہوتی ہے کہ صارفین کم از کم چند منٹ ویب سائیٹ پر ٹھہریں گے۔ لیکن اگر ویب سائیٹ ایسی ہے جس کے صفحات پر مواد اتنا زیادہ نہیں ہے، جیسا کہ ڈکشنری طرز کی ویب سائیٹس ہوتی ہیں، تو پھر ممکن ہے کہ صارف اپنے مطلوبہ لفظ کا مطلب دیکھ کر ویب سائیٹ سے چلا گیا ہو۔

شماریات میں ایک اصطلاح Bounce rate کی استعمال کی جاتی ہے، جس سے مراد یہ لی جاتی ہے کہ صارف ویب سائیٹ کا صرف ایک صفحہ وزٹ کر کے چلا گیا۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اگر صارف ویب سائیٹ کے کسی ایسے صفحے پر براہ راست آیا جو بہت لمبے مضمون پر مشتمل ہے، اور صارف یہ مضمون پڑھ کر ویب سائیٹ سے چلا گیا، تو یہ بھی Bounce میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس لیے کہ صارف نے ویب سائیٹ پر کتنا وقت گزارا، یہ بات شماریات کی ایپلی کیشن تبھی معلوم کر سکتی ہے جب صارف نے ویب سائیٹ کا مزید کوئی صفحہ وزٹ کیا ہوگا۔ اس صورت میں صارف کے وزٹ کیے ہوئے آخری صفحے سے پہلے صفحے کا وقت منفی کیا جاتا ہے، یوں صارف کا ویب سائیٹ پر گزارا ہوا وقت معلوم کیا جاتا ہے۔ لیکن یہ بھی غور طلب بات ہے کہ صارف کو اگر چند سیکنڈز میں ویب سائیٹ پر اپنا مطلوبہ ویب پیج مل جائے، اور اس ویب پیج پر صارف بہت زیادہ وقت گزار کر ویب سائیٹ سے چلا جائے، تو پھر شماریات کی ایپلی کیشن اس آخری صفحے کا وقت Visit duration میں کیسے شامل کرے گی؟

صارفین ویب سائیٹ پر کتنی دیر موجود رہے


UP

12- ویب پیجز اور ان میں شامل فائلز کتنی مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی گئیں؟

اس سیکشن میں ڈاؤن لوڈ کیے جانے والے ویب پیجز اور ان میں شامل فائلز مثلاً‌ اسٹائل شیٹس، جاوا اسکرپٹس، اور تصاویر وغیرہ کی تفصیل مہیا کی گئی ہے۔ مثلاً‌ ان معلومات کے مطابق ویب سائیٹ سے PNG ٹائپ کی تصاویر تقریباً‌ اڑتالیس ہزار مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی گئی ہیں۔

ویب پیجز اور ان میں شامل اسکرپٹس اور تصاویر کی فائلیں کتنی مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی گئیں


UP

13- ڈاؤن لوڈ کے لیے مہیا کی گئی فائلز کتنی مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی گئیں؟

اس سیکشن میں ان فائلز کی فہرست موجود ہوتی ہے جو ویب سائیٹ کی طرف سے ڈاؤن لوڈ کے لیے مہیا کی گئی ہیں۔ مثلاً‌ TXT, ZIP, DOC, PDF فائلز وغیرہ۔ اس ویب سائیٹ پر چونکہ ایسی کوئی فائل مہیا نہیں کی گئی اس لیے صرف robots.txt کا ذکر کیا گیا ہے جسے سرچ انجنز وغیرہ کی رہ نمائی کے لیے مہیا کیا جاتا ہے۔

ٹیکسٹ اور ڈاکومنٹ فائلیں کتنی مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی گئیں


UP

14- ویب سائیٹ کے کونسے صفحات کتنی مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیے گئے؟

ان معلومات سے آپ یہ جان سکتے ہیں کہ ویب سائیٹ کے کونسے صفحات زیادہ مقبول ہیں۔ Entry کی تعداد یہ بتاتی ہے کہ اس ویب پیج کے ذریعے کتنے لوگ ویب سائیٹ پر آئے، جس کا مطلب یہ ہے کہ یہ ویب پیج سرچ انجن وغیرہ پر مقبول ہوا ہے یا پھر کسی نے اس ویب پیج کا لنک کہیں شیئر کیا ہے۔ جبکہ Exit کی تعداد یہ بتاتی ہے کہ کتنے لوگوں نے ویب سائیٹ کا یہ صفحہ سب سے آخر میں وزٹ کیا۔ Full list لنک پر کلک کر کے مکمل فہرست دیکھی جا سکتی ہے۔

ویب سائیٹ کے کونسے صفحات کتنی مرتبہ ڈاؤن لوڈ کیے گئے


UP

15- کونسے آپریٹنگ سسٹمز اور براؤزرز سے ویب سائیٹ وزٹ کی گئی؟

ان دو سیکشنز میں آپ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ صارفین نے کونسے آپریٹنگ سسٹمز اور براؤزرز استعمال کرتے ہوئے یہ ویب سائیٹ وزٹ کی۔ ان شماریات سے آپ یہ اندازہ کر سکتے ہیں کہ یہ ویب سائیٹ ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز پر زیادہ دیکھی جا رہی ہے یا پھر موبائل ڈیوائسز پر۔ چنانچہ اس کا اعتبار کرتے ہوئے آپ ویب سائیٹ کے ڈیزائن میں ضروری تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔

کونسے آپریٹنگ سسٹمز اور براؤزرز سے ویب سائیٹ وزٹ کی گئی


UP

16- صارفین ویب سائیٹ تک کن سرچ انجنز اور ویب سائیٹس کے ذریعے پہنچے؟

شماریات کی ان معلومات کی مدد سے آپ یہ جان سکتے ہیں کہ کتنی ٹریفک ایسی ہے جو براہ راست ویب سائیٹ وزٹ کر رہی ہے، کتنی ٹریفک سرچ انجنز سے ویب سائیٹ کی طرف آرہی ہے، اور کتنی ٹریفک ایسی ہے جس کے لنکس دیگر ویب سائیٹس مثلاً‌ فورمز یا بلاگز وغیرہ میں موجود ہیں۔ براہ راست ٹریفک میں وہ پیجز شامل ہیں جن کے ایڈریسز براؤزر کی ایڈریس بار میں ٹائپ کیے گئے، یا ان پیجز کے لنکس کسی ای میل وغیرہ میں شیئر کیے گئے، یا پھر صارف نے براؤزر کے بک مارکس میں موجود لنک پر کلک کیا، وغیرہ۔

صارفین ویب سائیٹ تک کن سرچ انجنز اور ویب سائیٹس کے ذریعے پہنچے


UP

17- صارفین سرچ انجنز پر کونسے الفاظ استعمال کر کے ویب سائیٹ تک پہنچے؟

اگر آپ اپنی ویب سائیٹ کی SEO میں دل چسپی رکھتے ہیں تو یہ معلومات آپ کے لیے بہت اہم ہیں۔ ان سے آپ یہ جان سکتے ہیں کہ کن خاص جملوں (Key phrases) کے استعمال پر آپ کی ویب سائیٹ سرچ انجنز کے نتائج میں شامل ہو رہی ہے۔

صارفین سرچ انجنز پر کونسے الفاظ استعمال کر کے ویب سائیٹ تک پہنچے


UP

18- صارفین کی درخواستوں کے نتیجے میں ویب سرور کی طرف سے جنریٹ ہونے والے HTTP کوڈز

اس سیکشن میں HTTP status codes دیے گئے ہیں جو صارفین کی درخواستوں کے جواب میں ہوسٹنگ ویب سرور نے جنریٹ کیے ہیں۔ ایسی درخواستیں جنہوں نے براہ راست کامیابی حاصل نہیں کی۔ جیسا کہ ٹیبل کے نیچے بتایا گیا ہے کہ اس سیکشن میں ایسے کوڈز دیے گئے ہیں جن کے نتیجے میں صارفین اپنا مطلوبہ ویب پیج یا فائل حاصل نہیں کر سکے۔ لیکن ان میں تین سو نمبر سے شروع ہونے والے کوڈز ایسے ہیں جن کے نتیجے میں صارفین کی درخواستیں ری ڈائریکٹ کی گئیں، یعنی انہوں نے براہ راست اپنے مطلوبہ ویب پیجز یا فائلز نہیں دیکھیں، ری ڈائریکشن کی صورت میں صارفین کو مختلف ایڈریسز پر بھیجا گیا جہاں سے انہیں ویب پیجز یا فائلز مل گئی ہوں گی۔

ان کوڈز کے متعلق مزید جاننے کے لیے یہ ٹٹوریل دیکھیں: معروف HTTP Status Codes کونسے ہیں اور ان کا کیا مطلب ہے؟

ویب سائیٹ کے ایچ ٹی ٹی پی اسٹیٹس کوڈز