ایک سروے کے مطابق اس وقت انٹرنیٹ پر تقریباً 644 ملین، یعنی تقریباً پینسٹھ کروڑ ویب سائیٹس موجود ہیں۔ اس صورت حال میں ایک ویب سائیٹ ڈیزائنر کا سب سے بڑا مسئلہ یہی ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی ڈیزائن کردہ ویب سائیٹ کو منفرد کیسے بنائے۔ اس کا ایک حل ویب سائیٹ ڈیزائنرز کے پاس یہ ہے کہ ویب سائیٹ کے لیے ایک نیا سانچہ (Template) استعمال کیا جائے۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اگر ڈیزائنر یہ ٹیمپلیٹ کہیں سے حاصل کرے تو عین ممکن ہے کہ یہی ٹیمپلیٹ بہت سے دیگر لوگوں نے بھی اپنی ویب سائیٹس بنانے کے لیے استعمال کی ہو۔ اور اگر ڈیزائنر یہ ٹیمپلیٹ خود تیار کرے، تو کیا ڈیزائنر کو اس کام پر صرف ہونے والے وقت اور مغز کھپائی کا معقول معاوضہ مل رہا ہے؟ پھر اکثر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ میرے جیسا ڈیزائنر جب کوئی ٹیمپلیٹ خود تیار کرتا ہے تو عام طور پر کہیں سے لی ہوئی ٹیمپلیٹ اس سے بہت اچھی ہوتی ہے۔ مسئلہ صرف یہ ہوتا ہے کہ کہیں سے لی گئی ٹیمپلیٹ منفرد نہیں ہوتی، اور دیگر بہت سے لوگوں نے بھی وہ ٹیمپلیٹ استعمال کی ہوتی ہے۔
ویب سائیٹ منفرد کیسے بنائی جائے؟
میرے خیال کے مطابق ایک ویب سائیٹ کو منفرد بنانے میں جو چیز سب سے بنیادی کردار ادا کرتی ہے، وہ اس ویب سائیٹ پر استعمال ہونے والی گرافکس ہیں۔ اگر آپ Wordpress کے ڈیفالٹ تھیم پر بھی نئی گرافکس ڈال دیں گے تو آپ کی ویب سائیٹ بڑی حد تک منفرد ہو جائے گی۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ منفرد تصاویر (Images/Graphics) کہاں سے حاصل کی جائیں۔ اس لیے کہ اچھی اور معیاری تصاویر جو کہ مفت بھی ہوں اتنی آسانی سے نہیں ملتیں۔ اور اگر مل بھی جائیں تو ان کے متعلق بھی یہ خدشہ موجود رہتا ہے کہ دیگر بہت سے لوگوں نے یہی تصاویر استعمال کی ہوں گی۔
چنانچہ اس ٹٹوریل میں یہی مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ مختصر طور پر عرض کیا جائے تو ایک منفرد گرافک بنانے کے لیے آپ کو دو کام کرنا ہوں گا:
- پہلا کام یہ کہ انٹرنیٹ پر ایسی ویب سائیٹس تلاش کریں جہاں فوٹو گرافرز اپنی تصاویر لوگوں کے دیکھنے کے لیے مہیا (Upload) کرتے ہیں۔ ایسی ویب سائیٹس جن کی پالیسی یہ ہوتی ہے کہ ان کی ویب سائیٹ پر ڈالی ہوئی تصاویر لوگوں کے لیے مفت دستیاب ہیں۔ جیسا کہ pixabay.com کی اس وقت یہی پالیسی ہے۔
- دوسرا کام یہ کہ ایک گرافک بنانے کے لیے دو تصاویر حاصل کرکے ان کا آپس میں ادغام (Blend) کرلیں۔ یعنی دونوں تصاویر ایک دوسرے کے اوپر رکھیں۔ پھر اوپر والی تصویر کی ایک سائیڈ پر Transparency ایفیکٹ لگائیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ دونوں تصاویر مل کر ایک گرافک کی شکل اختیار کرلیں گی۔ فوٹو گرافی کی اصطلاح میں یہ Double Exposure تصویر کہلاتی ہے۔ یہ ڈیزائنر کی مہارت پر منحصر ہے کہ وہ اس ایفیکٹ کا استعمال کس خوبصورتی کے ساتھ کرتا ہے۔
میرے خیال سے منفرد گرافکس بنانے کے لیے یہ ایک کار آمد طریقہ ہے۔ اس لیے کہ اس بات کا خدشہ بہت ہی کم ہے کہ کسی نے ان دو تصاویر کو اسی طریقے سے آپس میں مدغم کیا ہو۔ چنانچہ اس ٹٹوریل میں CorelDRAW کی مدد سے بھی ایسی گرافک بنانے کا طریقہ واضح کیا گیا ہے اور Photoshop کی مدد سے بھی ۔ ان دونوں سافٹ ویئرز میں سے جس کے ساتھ زیادہ سہولت ہو، آپ یہ مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔
CorelDRAW کی مدد سے تصاویر مدغم کریں
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- چونکہ ویب پیج کے لیے تیار کی جانے والی گرافکس کی پیمائش پکسلز میں کی جاتی ہے، اس لیے کورل ڈرا میں پہلا کام آپ یہ کریں کہ Units ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے pixels سلیکٹ کریں۔
- اس کے بعد اوپر ٹول بار پر موجود Import بٹن کی مدد سے مطلوبہ تصاویر کورل ڈرا میں لے آئیں۔ یہ آپشن File مینیو کے اندر بھی موجود ہے۔
- پہلے یہ تسلی کریں کہ اوپر پراپرٹی بار پر تناسب کے لحاظ سے سائز مقرر کرنے والا آپشن منتخب ہے۔
- درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ اس وقت ایک تصویر سلیکشن میں ہے جس کا سائز اوپر آپشن بار میں نظر آرہا ہے۔ اگر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر ماؤس کی مدد سے آپ دوسری تصویر بھی سلیکٹ کریں گے تو دونوں کا مجموعی سائز اوپر آپشن بار میں دیکھا جا سکتا ہے۔ بالفرض اگر آپ 500x200 پکسلز کی گرافک بنانا چاہ رہے ہیں تو پہلے دونوں تصاویر کی اونچائی 200 پکسلز مقرر کریں۔ پھر ان دونوں تصویروں کو اس طرح سے ایک دوسرے کے اوپر رکھیں کہ دونوں مل کر 500x200 سائز کی ہو جائیں۔
- اب اوپر والی تصویر سلیکٹ کریں اور پھر درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ٹول بار پر موجود آپشنز کلک کریں تاکہ ٹرانسپیرنسی کا آپشن سامنے لایا جا سکے۔
- سامنے آنے والے مینیو میں سے Transparency ٹول منتخب کریں۔
- Transparency ٹول منتخب کرنے کے بعد ماؤس کا تیر تصویر کے دائیں کنارے پر لائیں۔ اب ماؤس کا بٹن دبا کر رکھتے ہوئے ماؤس کا تیر تصویر کے بائیں کنارے پر لے جائیں اور پھر ماؤس کا بٹن چھوڑ دیں۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ جس تصویر پر یہ ایفیکٹ لگایا گیا ہے اس کے بالکل درمیان میں ہینڈلز موجود ہیں۔ ان ہینڈلز کی مدد سے آپ یہ بتا سکتے ہیں کہ ٹرانسپیرنسی شروع کہاں سے ہو اور ختم کہاں پر ہو۔ اور بالکل درمیان میں موجود ہینڈل کو دونوں اطراف میں گھسیٹ کر ٹرانسپیرنسی کی مقدار بھی مقرر کی جا سکتی ہے۔
- اوپر آپشن بار پر ٹرانسپیرنسی ایفیکٹ سے متعلق مزید آپشنز موجود ہیں جن کے ساتھ مختلف تجربات کرتے ہوئے آپ یہ ایفیکٹ اپنی مرضی کے مطابق تیار کر سکتے ہیں۔
جب گرافک تیار ہو جائے تو File مینیو میں موجود Export آپشن کی مدد سے یہ گرافک کسی بھی امیج فارمیٹ (JPG اور PNG وغیرہ) میں محفوظ کی جا سکتی ہے۔
Photoshop کی مدد سے تصاویر مدغم کریں
- بالفرض اگر مطلوبہ گرافک کا سائز 500x200 پکسلز ہے تو پہلا کام آپ یہ کریں کہ دونوں تصاویر کی اونچائی 200 پکسلز کرلیں۔ یہ کام Image مینیو میں موجود Image Size آپشن کی مدد سے کیا جا سکتا ہے۔
- نیچے والی تصویر کا Canvas Size تبدیل کرتے ہوئے اس کی چوڑائی 500 پکسلز کرلیں، اس طرح سے کہ تصویر بائیں طرف رہے۔ یہ کام Image مینیو میں موجود Canvas Size آپشن کی مدد سے کیا جا سکتا ہے۔
- اب اوپر والی تصویر Copy کرکے نیچے والی تصویر پر Paste کر دیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ دونوں تصاویر دو مختلف Layers پر آجائیں گی، جیسا کہ آپ درج ذیل تصویر میں دیکھ رہے ہیں۔
- اوپر والی تصویر کا لیئر سلیکٹ کریں، پھر Layer پینل میں نیچے موجود بٹن کی مدد سے Layer Mask کا اضافہ کریں۔
- بائیں طرف ٹول بار میں سے Gradient ٹول منتخب کرکے ماؤس کا تیر تصویر کے دائیں کنارے پر لائیں۔ اب ماؤس کا بٹن دبا کر رکھتے ہوئے ماؤس کا تیر تصویر کے بائیں کنارے پر لے جائیں اور پھر ماؤس کا بٹن چھوڑ دیں۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ اوپر آپشن بار پر اس ایفیکٹ سے متعلق آپشنز موجود ہیں۔ ان کے ساتھ مختلف تجربات کرتے ہوئے آپ یہ ایفیکٹ اپنی مرضی کے مطابق تیار کر سکتے ہیں۔
آپ نے دیکھا کہ CorelDraw اور Photoshop دونوں کی مدد سے ایسی گرافکس با آسانی تیار کی جا سکتی ہیں جنہیں استعمال کرتے ہوئے ایک ویب سائیٹ منفرد اور ممتاز بنائی جا سکتی ہے۔ تیار شدہ گرافک کے اوپر آپ Text ٹول کی مدد سے حسب ضرورت لکھائی بھی لکھ سکتے ہیں۔ اور اگر اس گرافک پر اردو عبارت لکھنا چاہیں تو اس مقصد کے لیے ان پیج کی لکھائی کورل ڈرا میں استعمال کی جا سکتی ہے۔
Modified: Tue, 01/20/2015 - 18:11