Drupal 7 کے انسٹالیشن پیکیج میں جو ماجوئلز شامل ہوتے ہیں ان میں ایک Poll ماجوئل بھی ہے۔ اس کی مدد سے آپ اپنی ویب سائیٹ پر پول شامل کر سکتے ہیں، یعنی ایک سوال اور اس کے متوقع جوابات مہیا کر کے صارفین سے کہا جا سکتا ہے کہ کوئی ایک جواب منتخب کریں۔ اس طرح کسی خاص معاملے میں آپ صارفین کا رجحان دیکھ سکتے ہیں یا ان کی معلومات کا اندازہ کر سکتے ہیں۔ ڈروپل کی مدد سے جب ایک نئی ویب سائیٹ بنائی جاتی ہے تو ڈیفالٹ کے طو رپر Poll ماجوئل فعال نہیں کیا گیا ہوتا۔ اس ٹٹوریل میں یہ ماجوئل فعال کرنے کا عمل بھی دکھایا گیا ہے اور اس کی مدد سے ایک نیا پول بنا کر اسے ویب سائیٹ پر شائع کرنے کا طریقہ بھی بتایا گیا ہے۔
پہلے yourwebsite.com/user کے ذریعے ویب سائیٹ کے ڈیش بورڈ میں لاگ ان ہوں، اور پھر Modules سیکشن میں Poll ماجوئل فعال کریں۔ جب کنفیگریشن محفوظ کرنے کے بعد یہ ویب پیج کھلے گا تو Poll ماجوئل کے سامنے Permissions لنک ظاہر ہو جائے گا، اس پر کلک کریں۔
Permissions اسکرین پر نیچے اسکرول کر کے Poll والا حصہ سامنے لائیں، اور پھر درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق عام صارفین کو ووٹ کی اجازت دینے والے چیک باکسز فعال کر دیں۔
نیا پول بنانے کے لیے Content سیکشن کے تحت Add content لنک پر کلک کریں۔ پھر سامنے آنے والی اسکرین پر Poll لنک پر کلک کر دیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ایک نیا پول تیار کریں:
- Question والے خانے میں پول کا سوال لکھیں۔
- Choice والے حصے میں سوال کے متوقع جوابات مہیا کریں۔ ہر جواب کے سامنے Vote count کے خانے میں بتایا جا سکتا ہے کہ ووٹ کی گنتی کہاں سے شروع ہو۔
- More choices بٹن پر کلک کر کے مزید جوابات شامل کیے جا سکتے ہیں۔
- اگر آپ Poll status والے حصے میں Closed ریڈیو بٹن منتخب کریں گے تو صارفین اس پول کے تحت ووٹ نہیں دے سکیں گے، لیکن اس پول کا نتیجہ دیکھا جا سکے گا۔
- اس پول کے تحت صارفین کتنا عرصہ ووٹ دے سکتے ہیں، اس کے لیے Poll duration ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے مطلوبہ آپشن منتخب کریں۔
- پول کے ویب پیج کا ایڈریس مقرر کرنے کے لیے URL path settings آپشن پر کلک کریں۔
- اگر آپ یہ پول ایک پوسٹ کے طور پر ہوم پیج پر نہیں دکھانا چاہتے تو Publishing options کے تحت مطلوبہ چیک باکس منتخب کریں۔ اسی طرح اگر آپ یہ پول ویب سائیٹ سے غائب کرنا چاہیں تو اس کا آپشن بھی اسی سیکشن کے تحت دستیاب ہے۔
ڈروپل ویب سائیٹ کے لیے آپ جو تھیم استعمال کر رہے ہیں، یہ پول اس کے کسی حصے میں ایک بلاک کے طور پر دکھایا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے Structure سیکشن کے تحت Blocks لنک پر کلک کریں۔ بلاکس کی اسکرین پر نیچے اسکرول کریں اور Most recent poll کے سامنے موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے تھیم کا وہ سیکشن منتخب کریں جس میں آپ یہ پول دکھانا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد اس اسکرین کے آخر پر موجود Save بٹن پر کلک کرنا مت بھولیں۔
درج ذیل پہلے اسکرین شاٹ میں وہ پول دیکھا جا سکتا ہے جو ہم نے ابھی بنایا ہے۔ مطلوبہ جواب منتخب کر کے Vote بٹن پر کلک کرنے سے جب یہ ویب پیج نئے سرے سے کھلے گا تو اس میں آپ کو پول کے نتائج نظر آئیں گے۔
ویسے تو جب آپ ڈروپل میں Logged in ہوتے ہیں تو پول کے ویب پیج پر Edit لنک موجود ہوتا ہے۔ متبادل کے طور پر Content سیکشن کے تحت مطلوبہ پول کا لنک تلاش کر کے اس کے سامنے موجود Edit بٹن پر کلک کردیں۔
Modified: Mon, 09/17/2018 - 14:13