کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کی اسکرین پر جو کچھ نظر آرہا ہو اسے ایک تصویر کے طور پر محفوظ کیا جا سکتا ہے۔ اسکرین شاٹ لینے کے مختلف مقاصد ہو سکتے ہیں: (1) آپ ویڈیو کے کسی خاص منظر کو بطور تصویر محفوظ کرنا چاہتے ہیں۔ (2) کسی PDF فائل میں موجود کوئی ڈایاگرام وغیرہ آپ الگ تصویر کے طور پر حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ (3) یا مثال کے طور پر آپ کو اپنے کمپیوٹر پر کوئی مسئلہ درپیش ہے جس کے متعلق کسی ماہر سے مشورہ کرنا چاہتے ہیں۔ ایسی صورت میں اس مسئلے کا اسکرین شاٹ حاصل کر کے بذریعہ ای میل کسی کو بھیجا جا سکتا ہے، یا کسی آن لائن فورم پر شیئر کر کے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔
- مکمل اسکرین شاٹ حاصل کرنے کے لیے کی بورڈ پر Print Scr بٹن دبائیں۔
- منتخب ونڈو کا اسکرین شاٹ حاصل کرنے کے لیے Alt+Print Scr بٹن دبائیں۔
اگر آپ کے پاس لیپ ٹاپ کمپیوٹر ہے تو ممکن ہے اس مقصد کے لیے Function بٹن بھی استعمال کرنا پڑے۔ اس صورت میں:
- مکمل اسکرین شاٹ کے لیے Fn + Print Scr شارٹ کٹ استعمال کریں۔
- منتخب ونڈو کے اسکرین شاٹ کے لیے Alt + Fn + Print Scr شارٹ کٹ استعمال کریں۔
ونڈوز کا Paint پروگرام کھولیں۔ اگر یہ ونڈوز XP ہے تو پھر پہلے Start بٹن پر کلک کریں، پھر Accessories مینیو کے تحت Paint لنک پر کلک کریں۔
اوپر ٹول بار پر موجود Paste آپشن کی مدد سے اسکرین شاٹ پیسٹ کریں۔ اس مقصد کے لیے Ctrl+V شارٹ کٹ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر ضرورت ہو تو دائیں طرف نیچے موجود Zoom آپشن کی مدد سے مکمل اسکرین شاٹ سامنے لایا جا سکتا ہے۔
ٹول بار سے Select ٹول منتخب کر کے اسکرین شاٹ کا مطلوبہ حصہ سلیکٹ کریں۔ پھر ٹول بار پر موجود Crop آپشن کی مدد سے تصویر کے غیر ضروری حصے سے چھٹکارہ حاصل کریں۔
آخر میں اوپر ٹائٹل بار پر موجود فائل محفوظ کرنے والے آئیکان پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں، پھر مطلوبہ امیج فائل کا نام مہیا کریں، اور پھر Save بٹن پر کلک کر کے یہ اسکرین شاٹ امیج فائل کی صورت میں محفوظ کر لیں۔
Modified: Tue, 03/17/2015 - 10:30