سرچ انجن آپٹیمائزیشن گائیڈ

بنیادی طور پر تین باتیں سرچ انجن پر کسی ویب پیج کی بہتر رینکنگ کا باعث بنتی ہیں: (1) سرچ انجن کے نقطۂ نظر سے ویب پیج کا مواد کتنا معیاری ہے؟ (2) ویب پیج کے مختلف حصوں مثلاً ٹائٹل، ویب ایڈریس، عنوانات، پیرا گرافس اور لنکس وغیرہ کی عبارتیں آپس میں کس قدر مطابقت رکھتی ہیں؟ (3) کیا دیگر معیاری ویب سائیٹس میں اس ویب پیج کا لنک موجود ہے? اگر ان تین باتوں میں ویب پیج مجموعی طور پر بہتر ہے تو پھر سرچ انجن اسے رینکنگ میں زیادہ ترجیح دے گا۔ اس ٹٹوریل کے لیے گوگل کی شائع کردہ SEO گائیڈ سے استفادہ کیا گیا ہے اور مختصرًا سرچ انجن آپٹیمائزیشن کا عمل واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔


  1. سرچ انجن آپٹیمائزیشن کے بنیادی کام
  2. ویب سائیٹ کا ڈھانچہ بہتر بنائیں
  3. ویب سائیٹ کا مواد بہتر بنائیں
  4. سرچ انجن کرالرز کی رہنمائی کریں
  5. موبائل ڈیوائسز کے لیے سرچ انجن آپٹیمائزیشن
  6. ویب سائیٹ کی تشہیر اور تجزیہ



1- سرچ انجن آپٹیمائزیشن کے بنیادی کام

سرچ انجن آپٹیمائزیشن کے تحت اکثر ویب سائٹ کے مختلف حصوں میں چھوٹی چھوٹی تبدیلیاں کی جاتی ہیں۔ اگرچہ یہ تبدیلیاں آپ سرچ انجنز کو ذہن میں رکھ کر کرتے ہیں لیکن آپ کی سب سے پہلی ترجیح آپ کے صارفین ہونے چاہئیں۔ اگر یہ تبدیلیاں ایسی ہیں کہ جن کی مدد سے آپ کی ویب سائیٹ سرچ انجنز پر تو بہتر رینکنگ حاصل کر لیتی ہے لیکن صارفین کے لیے ویب سائیٹ کا استعمال مشکل ہو جاتا ہے، تو پھر یہ آپٹیمائزیشن آپ کو عارضی فائدہ دے گی۔ اس ڈاکومنٹ میں سرچ انجن آپٹیمائزیشن کے متعلق جو رہنمائی دی گئی ہے وہ کسی بھی سائز کی ویب سائیٹ کے لیے موزوں ہے۔ لیکن یہ رہنمائی سرچ انجن کے قدرتی نتائج (Organic search results) کے لیے کارآمد ہے۔ فیس کے عوض دکھائے گئے مثلاً‌ گوگل ایڈورڈز کے اشتہارات کو ایسی آپٹیمائزیشن سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔

درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گوگل پر تلاش کے دونوں طرح کے نتائج موجود ہیں۔ اوپر والے حصے میں فیس کے عوض دکھائے گئے اشتہارات ہیں جبکہ اس کے بعد بلا معاوضہ قدرتی نتائج ہیں۔

سرچ انجن پر فیس والے اور مفت نتائج


UP

ویب پیج کا ٹائٹل منفرد اور واضح ہونا چاہیے

HTML کوڈ میں title ٹیگ کی مدد سے ویب پیج کا عنوان مقرر کیا جاتا ہے۔ یہ ٹیگ ویب پیج کے head ٹیگ کے اندر رکھا جاتا ہے۔ ویب سائیٹ کے ہر ویب پیج کا ٹائٹل منفرد، مختصر اور واضح ہونا چاہیے۔ یہ ٹائٹل ویب پیج کے اندر مہیا کیے گئے مواد سے متعلق ہونا چاہیے۔ نیز سرچ انجن آپٹیمائزیشن کی غرض سے ٹائٹل میں غیر ضروری الفاظ شامل نہ کریں۔

سرچ انجن کے نتائج میں یہ ٹائٹل عنوان کے طور پر دکھایا جاتا ہے، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹس میں ویب پیج کا کوڈ بھی دیکھا جا سکتا ہے اور سرچ انجن کا نتیجہ بھی۔ نیز براؤزر ویب پیج کے اس عنوان کو ونڈو کے ٹائٹل کے طور پر دکھاتا ہے۔

ہر ویب پیج کو ایک منفرد اور با معنی ٹائٹل مہیا کریں


UP

ویب پیج کے لیے وضاحتی عبارت مہیا کریں

meta ٹیگ کی مدد سے سرچ انجنز کو ویب پیج کا خلاصہ مہیا کیا جا سکتا ہے۔ یہ ٹیگ بھی ویب پیج کے head ٹیگ میں رکھا جاتا ہے۔ خلاصہ مہیا کرتے وقت ایسا مواد شامل نہ کریں جس کا ویب پیج کے اصل مواد سے کوئی تعلق نہ ہو۔ خلاصے کے طور پر صرف خاص الفاظ (Keywords) مہیا نہ کریں، بلکہ یہ خلاصہ ایک عبارت کی صورت میں ہونا چاہیے جسے پڑھ کر صارف ویب پیج کے اصل مواد کا تعارف حاصل کر سکے۔ ویب پیج کا مکمل مواد کاپی کر کے اس ٹیگ میں پیسٹ نہ کریں۔ سرچ انجنز کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے نتائج میں ویب پیج کی ایسی عبارت دکھائے جو اس ویب پیج کے اصل مواد کی عکاسی کرتی ہو۔ اگر ویب پیج کے ڈسکرپشن میٹا ٹیگ میں ایسی عبارت مہیا کر دی جائے تو عین ممکن ہے سرچ انجن یہی عبارت اپنے نتائج میں دکھا دے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ میں کوڈ اور ویب پیج دونوں دیکھے جا سکتے ہیں۔

ہر ویب پیج کو منفرد اور با معنی وضاحتی تحریر مہیا کریں


UP

2- ویب سائیٹ کا ڈھانچہ بہتر بنائیں

ویب پیج کا ایڈریس با معنی ہونا چاہیے

ویب پیج کا ایڈریس ایسا رکھیں جس سے ویب پیج کے مواد کے متعلق معلومات ملتی ہوں۔ ویب پیج کے ایڈریس کی مدد سے ویب سائیٹ کے مواد کی درجہ بندی بھی کی جا سکتی ہے، اس سے سرچ انجن اور صارفین دونوں کو ویب سائیٹ کا ڈھانچہ سمجھنے میں مدد ملتی ہے، اور انہیں یہ اندازہ ہوتا ہے کہ وہ اس وقت ویب سائیٹ کے کس حصے میں موجود ہیں۔ ویب ایڈریس سرچ انجن کے نتائج میں دکھایا جاتا ہے اس لیے ویب ایڈریس جتنا مختصر اور واضح ہوگا اس بات کا زیادہ امکان ہے کہ صارفین اس ویب پیج کے لنک پر کلک کریں گے۔ ویب پیج کے ایڈریس میں ایسے الفاظ استعمال کریں جو ویب پیج کے مواد کے اندر موجود ہوں۔ ویب ایڈریس عنوان یا جملے کی طرز پر ہو تو زیادہ بہتر ہے، اور اس میں کی ورڈز کے طور پر غیر ضروری طور پر الفاظ استعمال نہ کریں۔ ویب ایڈریس کو چھوٹے انگلش حروف میں لکھیں جیسا کہ عام طور پر رواج ہے، ایسا کرنے سے صارفین کے لیے مطلوبہ ویب ایڈریس کو یاد رکھنا آسان ہو جاتا ہے۔

کسی بھی ویب پیج کا مواد ایک سے زیادہ ویب ایڈریسز پر دستیاب نہیں ہونا چاہے، اگر ایسا ہو رہا ہے تو پھر صارفین کو اصل ویب پیج تک پہنچانے کے لیے باقی صفحات پر 301 redirect استعمال کریں۔ اگر ری ڈائریکٹ کرنا ممکن نہ ہو تو پھر اصل ویب پیج پر rel="canonical" کا لنک ایلی منٹ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ہر ویب پیج کا ایڈریس واضح اور با معنی ہونا چاہیے


UP

ویب سائیٹ پر مطلوبہ مواد تک پہنچنا آسان بنائیں

ویب سائیٹ کے مواد کو ایک خاص ترتیب کے ساتھ محفوظ کریں، ایسا کرنے سے سرچ انجنز اور صارفین دونوں یہ جان سکتے ہیں کہ ویب سائیٹ کا کونسا مواد زیادہ اور کونسا مواد کم اہمیت کا حامل ہے۔ نیز ایسا 404 پیج استعمال کریں جس سے صارف کو متعلقہ مواد تلاش کرنے میں آسانی ہو۔ 404 ویب پیج صارف کو تب دکھایا جاتا ہے جب ویب سائیٹ پر اس کی مطلوبہ فائل دستیاب نہ ہو۔

ویب سائیٹ کے پیجز ایک ترتیب کے ساتھ محفوظ کریں


ہر ویب پیج پر Breadcrumb مہیا کریں تاکہ یہ معلوم کرنا آسان ہو کہ یہ ویب پیج ویب سائیٹ کے کس سیکشن کا حصہ ہے، نیز اس کے بالائی سیکشنز کونسے ہیں۔

ویب پیج پر بریڈ کرمب کی صورت میں اس پاتھ مہیا کریں


ویب سائیٹ کا ڈھانچہ اس طرح سے ہو کہ ویب ایڈریس کا ایک حصہ ہٹانے پر اس سے پیچھے والا سیکشن دیکھا جا سکے۔

ویب پیج کے ایڈریس کا ایک حصہ ہٹانے پر اس سے پچھلا سیکشن کھلنا چاہیے


ویب سائیٹ کے لیے دو قسم کے سائیٹ میپ تیار کریں۔ ایک HTML سائیٹ میپ جو کہ ویب پیج کی شکل میں صارفین کے لیے ہو اور اس میں ویب سائیٹ کے ہر سیکشن کا لنک موجود ہو۔ جبکہ دوسرا XML سائیٹ میپ sitemap.xml فائل کی صورت میں ہو جو کہ سرچ انجنز کو ویب سائیٹ کے تمام لنکس کی فہرست فراہم کرے۔ یہ فائل ویب سائیٹ کے روٹ فولڈر میں رکھی جاتی ہے۔ درج ذیل دونوں قسم کے سائیٹ میپس کی مثالیں دیکھی جا سکتی ہیں۔

سرچ انجن کی آسانی کے لیے ایکس ایم ایل سائیٹ میپ فائل مہیا کریں


UP

3- ویب سائیٹ کا مواد بہتر بنائیں

سرچ انجن کی نظر میں ویب سائیٹ کا مواد ہی اس کی اصل جان ہے۔ لیکن مواد تیار کرتے وقت آپ کی پہلی ترجیح صارفین ہونے چاہئیں، یعنی عبارت تیار کرتے وقت اس میں اس انداز سے کی ورڈز شامل نہ کریں کہ جملوں کی ساخت بے ڈھنگی معلوم ہو۔ اگر آپ سرچ انجن کو ذہن میں رکھ کر مواد تیار کریں گے تو یہ ممکن ہے کہ سرچ انجن پر اس کی رینکنگ بہتر ہو جائے، لیکن اگر صارفین کو یہ مواد سمجھ یا پسند نہ آیا تو یہ رینکنگ عارضی ثابت ہوگی۔

معیاری مواد اور سروسز مہیا کریں

اگر ویب سائیٹ پر معیاری مواد اور سروسز مہیا کی جا رہی ہیں تو صارفین کا اعتماد حاصل کرنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔ صارفین کو ویب سائیٹ کے مواد اور سروسز کی طرف راغب کرنے کے لیے بلاگ پوسٹس، سوشل میڈیا سروسز، ای میل، فورمز اور دیگر ذرائع استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

ویب سائیٹ پر معیاری مواد اور سروسز مہیا کریں


اگر آپ کو یہ معلوم ہو کہ صارفین کونسے الفاظ استعمال کر کے سرچ انجن پر آپ کی سروسز کو تلاش کرسکتے ہیں تو پھر آپ مواد تیار کرتے وقت وہ الفاظ اس میں شامل کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے کی ورڈز کی معلومات مہیا کرنے والا ٹول استعمال کیا جا سکتا ہے۔

کی ورڈ ٹول کی مدد سے معلوم کریں کہ صارفین کونسے الفاظ کی مدد سے تلاش کرتے ہیں


UP

لنکس کے لیے واضح عنوانات استعمال کریں

ویب پیجز کے لنکس کے لیے واضح اور آسان عبارتیں استعمال کریں۔ اگر لنک کی عبارت ایسی ہو جو صارف کو اچھے انداز میں کلک کرنے کی دعوت دے تو عین ممکن ہے صارف بغیر ہچکچاہٹ کے اس لنک پر کلک کر دے۔

لنکس کے لیے واضح عبارتیں استعمال کریں


UP

تصویروں کو بہتر طریقے سے استعمال کریں

ویب پیجز پر استعمال ہونے والی تصویروں کے نام با معنی ہونے چاہئیں تاکہ سرچ انجنز ان کا مطلب سمجھ سکیں اور انہیں تلاش کے نتائج میں استعمال کر سکیں۔ تصویر کے img ٹیگ کے لیے alt ایٹری بیوٹ ضرور استعمال کریں۔ alt ایٹری بیوٹ میں مہیا کی گئی عبارت تب دکھائی جاتی ہے جب براؤزر کسی وجہ سے تصویر نہ دکھا سکے، نیز اس ایٹری بیوٹ کی وجہ سے سرچ انجنز کو تصویر کا مقصد سمجھنے میں مدد ملتی ہے۔ ۔

ویب سائیٹ کے صفحات کی طرح تصویروں کے لیے الگ XML سائیٹ میپ مہیا کیا جا سکتا ہے۔

امیج ٹیگز کو متبادل وضاحتی عنوان مہیا کریں


ویب سائیٹ پر استعمال ہونے والی تصویریں مختلف فولڈرز میں بکھری نہیں ہونی چاہئیں بلکہ تصویروں کے لیے ایک فولڈر مخصوص کریں اور تمام تصویریں اس فولڈر میں محفوظ کریں۔ تصویروں کی درجہ بندی کے لیے یا انہیں تاریخ وار محفوظ کرنے کے لیے ذیلی فولڈرز بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

امیج فائلز کو ایک الگ فولڈر میں محفوظ کریں


UP

عبارتوں کے لیے مناسب عنوانات استعمال کریں

ویب پیج کے مواد میں عنوانات دکھانے کے لیے h1 سے لے کر h6 تک کے ٹیگز استعمال کیے جاتے ہیں۔ h1 عنوان سب سے بڑا جبکہ h6 عنوان سب سے چھوٹا ہوتا ہے۔ مختلف سائز کے یہ عنوانات سرچ انجنز اور صارفین دونوں کو یہ بتاتے ہیں کہ مواد کا کونسا حصہ زیادہ اور کونسا حصہ کم اہمیت کا حامل ہے۔ لیکن سرچ انجن آپٹیمائزیشن کی غرض سے ویب پیج پر عنوانات کے یہ ٹیگز بہت زیادہ تعداد میں استعمال نہ کریں، جہاں مناسب ہو عنوانات کے ٹیگز کی بجائے em اور strong کے ٹیگز استعمال کریں۔ عنوان میں غیر ضروری کی ورڈز شامل نہ کریں بلکہ یہ عنوان ایسا ہونا چاہیے جو مواد کے اس حصے کی عکاسی کرتا ہو۔

ہیڈنگ یعنی عنوانات کے ٹیگز معقول طریقے سے استعمال کریں


UP

4- سرچ انجن کرالرز کی رہنمائی کریں

کرالرز کی رہنمائی کے لیے robots.txt فائل استعمال کریں

اس فائل میں سرچ انجنز کی رہنمائی کے لیے رولز لکھے جا سکتے ہیں، مثلاً‌ یہ کہ ویب سائیٹ کا کونسا حصہ کرال نہیں کیا جانا چاہیے، یا ویب پیجز کرال کرتے وقت سرچ انجن کی رفتار کیا ہونی چاہیے وغیرہ۔ اگر آپ سب ڈومینز بھی استعمال کر رہے ہیں تو پھر ہر سب ڈومین کے لیے الگ robots.txt فائل کا ہونا ضروری ہے۔

سرچ انجنز کی رہنمائی کے لیے روبوٹ فائل استعمال کریں


UP

زبردستی کی تشہیر (Spam) سے بچیں

ویب سائیٹ کے مختلف مضامین پر کامنٹ لکھتے وقت لوگ اپنی ویب سائیٹس کے لنکس شامل کر دیتے ہیں۔ آپ کے ویب پیجز میں دیگر ویب سائیٹس کے لنکس موجود ہونے کا مطلب یہ ہے کہ آپ سرچ انجنز سے ان ویب سائیٹس کی رینکنگ بہتر کرنے کی سفارش کر رہے ہیں۔ چونکہ آپ نہیں جانتے کہ لوگ کس قسم کی ویب سائیٹس کے لنکس شامل کریں گے، اس لیے ایسے لنکس کے لیے آپ rel="nofollow" ایٹری بیوٹ استعمال کر سکتے ہیں۔ ایسا کرنے سے سرچ انجن سمجھ جائے گا کہ آپ اس ویب سائیٹ کی رینکنگ بہتر کرنے کی سفارش نہیں کرنا چاہتے۔

اسپیم کامنٹس کو غیر مؤثر بنانے کے لیے لنکس میں نو فالو کی ویلیو استعمال کریں


جبکہ ویب پیج پر موجود تمام بیرونی لنکس کو nofollow کرنے کے لیے meta ٹیگ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ویب پیج کے تمام لنکس پر نو فالو کی ویلیو استعمال کریں


ہیکرز قسم کے لوگ آپ کی ویب سائیٹ کے مضامین پر خود کار طریقے سے کامنٹس شامل کرنے کے لیے کوئی ایپلی کیشن بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس سے بچنے کے لیے CAPTCHA یا اس طرز کی کوئی دوسری تکنیک استعمال کی جا سکتی ہے۔

خود کار کامنٹس سے بچنے کے لیے کیپچا استعمال کریں


UP

5- موبائل ڈیوائسز کے لیے سرچ انجن آپٹیمائزیشن

ایسی ویب سائیٹس دیکھی گئی ہیں جو موبائل ڈیوائسز پر مختلف ورژن دکھاتی ہیں۔ ان کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ چھوٹی ڈیوائسز پر مختصر ویب پیجز دکھائے جائیں تاکہ وہ جلدی لوڈ ہو جائیں، نیز صارف کو چھوٹی ڈیوائس پر بہت زیادہ مواد نہ دیکھنا پڑے۔ اگر آپ اپنی ویب سائیٹ پر ایسا کر رہے ہیں تو اس بات کی تسلی کریں کہ ویب سائیٹ کے موبائل ورژن کا مواد بھی معیاری ہو تاکہ سرچ انجن اس کی رینکنگ بھی بہتر کر سکے۔

بڑی اسکرین اور چھوٹی اسکرین کے لیے ویب سائیٹ کا ڈیزائن


UP

6- ویب سائیٹ کی تشہیر اور تجزیہ

ویب سائیٹ کی مناسب طریقے سے تشہیر کریں

اپنی ویب سائیٹ کی آن لائن اور آف لائن تشہیر کریں۔ اس مقصد کے لیے مختلف ذرائع استعمال کریں، مثلاً‌ بلاگ پوسٹس، سوشل میڈیا پوسٹس، نیوزلیٹرز، پوسٹرز اور اشتہارات وغیرہ۔ تشہیر کرتے وقت آپ کی کوشش یہ ہونی چاہیے کہ معیاری ویب سائیٹس میں آپ کے ویب پیجز کے لنکس شامل ہوں، ایسا کر کے آپ سرچ انجنز پر اپنی ویب سائیٹ کی رینکنگ بہتر بنا سکتے ہیں۔

ویب سائیٹ کی تشہیر معقول انداز میں کریں


اگر آپ کا کاروبار مقامی نوعیت کا ہے تو پھر اسے گوگل پلیسز میں شامل کریں تاکہ جب لوگ گوگل پر تلاش کریں تو پھر آپ کا کاروبار بھی فہرست میں شامل ہو۔

مقامی کاروبار کی معلومات گوگل پلیسز میں شامل کریں


UP

سرچ انجن کے ویب ماسٹر ٹولز کا استعمال کریں

ویب ماسٹرز کے لیے بڑے سرچ انجنز ایسی سروسز اور ٹولز فراہم کرتے ہیں جو انہیں سرچ انجنز کے لیے اپنی ویب سائیٹس بہتر اور معیاری بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ گوگل ویب ماسٹر ٹولز کی مدد سے آپ یہ جان سکتے ہیں کہ گوگل کو آپ کی ویب سائیٹ کرال کرنے میں کیا مشکلات درپیش ہیں، اور یہ کہ ان مشکلات کو حل کرنے میں آپ کو کیا اقدامات کرنے چاہئیں۔

Categories: