لینکس اوبنٹو پر بنیادی فوٹو ایڈیٹنگ کے لیے کلر پینٹ انسٹال کریں

لینکس پر مجھے ایسے امیج ایڈیٹنگ پروگرام کی تلاش تھی جو ونڈوز کے پینٹ پروگرام سے ملتا جلتا ہو تاکہ اس سلسلہ میں زیادہ الجھن نہ پیش آئے۔ خوش قسمتی سے لینکس پر KolourPaint پروگرام دستیاب ہے جو نہ صرف استعمال میں آسان ہے بلکہ اس میں فوٹوشاپ کی طرز کے بنیادی قسم کے ایفیکٹس کے علاوہ اسکرین شاٹس بنانے کا فیچر بھی موجود ہے۔ اگرچہ اس طرز کے بنیادی فوٹو ایڈیٹنگ کے پروگرامز استعمال میں آسان ہوتے ہیں لیکن پھر بھی ہم کلر پینٹ کی انسٹالیشن کے بعد چند ایک ضروری چیزیں دیکھیں گے تاکہ اسے سمجھنے میں آپ کا زیادہ وقت خرچ نہ ہو۔


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق (1) لانچر پر موجود تلاش والے آئیکان پر کلک کرنے سے سرچ باکس سامنے آجائے گا، اس میں Terminal لکھیں۔ (2) آئیکان پر کلک کر کے ٹرمینل کھول لیں۔ (3) ٹرمینل میں کلر پینٹ انسٹال کرنے کے لیے کمانڈ لکھیں۔ (4) انسٹالیشن کی تصدیق والا پیغام ظاہر ہونے پر y لکھ کر انٹر کر دیں۔ (5) انسٹالیشن مکمل ہونے پر یہ ونڈو بند کر دیں یا exit لکھ کر انٹر دبا دیں۔
نوٹ: لینکس کے سافٹ ویئر سنٹر میں سے بھی کلر پینٹ انسٹال کیا جا سکتا ہے۔

ٹرمینل کی مدد سے کلرپینٹ انسٹال کریں


انسٹالیشن کے بعد سرچ باکس میں کلر پینٹ کا نام لکھیں، اس کا آئیکان ظاہر ہونے پر اسے ماؤس کے ساتھ ڈریگ کر کے لانچر میں شامل کر لیں۔

کلرپینٹ کا آئیکان لانچر میں شامل کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ کی طرح اب کسی بھی امیج فائل پر رائیٹ کلک کر کے اسے کلر پینٹ میں کھولا جا سکتا ہے۔

تصویر پر رائیٹ کلک کر کے کلرپینٹ کی مدد سے کھولیں


کسی تصویر کا سائز تبدیل کرنے کے لیے Image مینیو میں موجود Resize/Scale والا ڈائیلاگ باکس کھولیں۔ اس سے اگلے اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ اس میں تصویر کا سائز تبدیل کرنے کے تین مختلف آپشنز موجود ہیں۔ Resize والا آپشن استعمال کرنے سے تصویر کراپ ہو جائے گی، جبکہ Scale والا آپشن استعمال کرنے پر دراصل تصویر کا سائز تبدیل ہوتا ہے۔

تصویر کا سائز تبدیل کرنے والا ڈائیلاگ باکس کھولیں

اسکیل آپشن کی مدد سے تصویر کا سائز تبدیل کریں


Image مینیو کے تحت موجود More Effects والا ڈائیلاگ باکس کھولیں۔ اس سے اگلے اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ مزید ایفیکٹس ایک ڈراپ ڈاؤن مینیو کے تحت موجود ہیں۔

کلرپینٹ کا مزید ایفیکٹس والا ڈائیلاگ باکس کھولیں

ڈائیلاگ باکس میں موجود مزید ایفیکٹس کی فہرست


درج ذیل اسکرین شاٹ میں کلر پینٹ کی ٹول بار کے نیچے والے حصے میں آپ دو آپشنز دیکھ رہے ہیں، ان کی مدد سے آپ تصویر پر بیک گراؤنڈ کے ساتھ یا بیک گراؤنڈ کے بغیر عبارت لکھ سکتے ہیں۔

کلرپینٹ کے بیک گراؤنڈ کے ساتھ اور بیک گراؤنڈ کے بغیر لکھائی والے آپشنز


نیچے والے حصے میں کلر پیلیٹ کے ساتھ (1) ٹرانسپیرنٹ رنگ مقرر کرنے والا آپشن ہے جو عموماً بیک گراؤنڈ کا رنگ غائب کرنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ (2) فور گراؤنڈ اور بیک گراؤنڈ کے لیے رنگ منتخب کرنے والے خانوں کے ساتھ آپ ایک سوئچ ہینڈل دیکھ رہے ہیں جس کی مدد سے فور گراؤنڈ اور بیک گراؤنڈ رنگوں کو آپس میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

کلر پینٹ کی کلر پیلیٹ اور رنگ منتخب کرنے والے باکسز


کلر پینٹ کے فائل مینیو میں اسکرین شاٹ بنانے کا ایک فیچر موجود ہے۔ ڈائیلاگ باکس میں چند سیکنڈ مقرر کر کے OK بٹن پر کلک کر دیں اور پھر لینکس کے کسی بھی پروگرام کا وہ حصہ سامنے لے آئیں جس کا اسکرین شاٹ تیار کرنا ہے۔ اسکرین شاٹ بننے کے بعد کلر پینٹ میں خودبخود پیسٹ ہو جائے گا۔
فائل مینیو میں سے اسکرین شاٹ بنانے والا آپشن استعمال کریں

Categories: