لینکس اوبنٹو پر اردو زبان فعال کریں

لینکس بھی دیگر آپریٹنگ سسٹمز کی طرح یونیکوڈ اسٹینڈرڈ کے تحت دنیا بھر کی زبانوں کی سہولت مہیا کرتا ہے۔ جبکہ اردو زبان کے لیے لینکس اوبنٹو نے ایک سے زیادہ کی بورڈ لے آؤٹس مہیا کیے ہیں جن میں سے آپ اپنی سہولت کے مطابق کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ اردو زبان فعال کرنے کے بعد لینکس پر انسٹال شدہ کسی بھی پروگرام میں اردو زبان استعمال کی جا سکتی ہے۔ مثال کے طور پر میں نے لینکس اوبنٹو کی انسٹالیشن میں شامل لیبرے آفس رائٹر میں تقریباً آٹھ سو صفحات کی ایک اردو کتاب ٹائپ کی ہے اور یہ تجربہ بہت کامیاب رہا ہے۔


لانچر پر موجود لینکس اوبنٹو کی سیٹنگز کے آئیکان پر کلک کریں اور ونڈو سامنے آنے پر Text Entry آپشن پر کلک کریں۔


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ بائیں طرف ایک لسٹ دیکھ رہے ہیں جس میں انگلش زبان پہلے سے موجود ہے، اس لسٹ میں نئی زبان کے اضافے کے لیے نیچے موجود پلس بٹن پر کلک کریں۔


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دکھایا گیا ڈائیلاگ باکس جب کھلے گا تو اس میں تمام دستیاب زبانوں کی فہرست موجود ہوگی۔ نیچے والے حصے میں موجود سرچ باکس میں Urdu لکھیں تاکہ صرف اردو زبان کے آپشنز سامنے آسکیں۔ اور پھر سامنے آنے والے آپشنز میں سے اپنی مرضی کا اردو کی بورڈ لے آؤٹ فعال کر لیں۔


آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اردو فعال زبانوں کی لسٹ میں شامل ہوگئی ہے۔ اس ڈائیلاگ باکس کے دائیں طرف والے حصے میں دو کی بورڈ شاٹ کٹس مقرر کیے جا سکتے ہیں جن کی مدد سے آپ اپنے کام کے دوران فعال زبانوں کی فہرست میں سے کوئی زبان منتخب کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔


لینکس اوبنٹو کی ٹاپ بار پر زبانوں والے آئیکان پر کلک کرنے سے ایک ڈراپ ڈاؤن کھل جائے گا جس میں فعال زبانوں کی فہرست موجود ہوگی، اس میں سے آپ اپنی مرضی کی زبان منتخب کر کے استعمال کر سکتے ہیں۔


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ لیبرے آفس رائٹر میں جمیل نوری نستعلیق فونٹ استعمال کرتے ہوئے ایک عبارت لکھی گئی ہے۔

Categories: