ونڈوز میں فائلوں کے متعلق معلومات کے اضافی کالمز

ایک پراجیکٹ پر کام کے دوران مجھے بہت سی تصاویر کا ایک مخصوص سائز رکھنے کی ضرورت پیش آئی۔ جب تمام تصاویر تیار ہوگئیں تو خیال ہوا کہ ایک دفعہ تصدیق کر لینی چاہیے کہ کیا تمام تصاویر مطلوبہ سائز کے مطابق بن گئی ہیں یا نہیں۔ ایسا کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے ونڈوز میں ہر تصویر کی فائل پر کلک کیا جائے اور نیچے اسٹیٹس بار میں اس کا سائز دیکھا جائے، اس کے لیے ظاہر ہے بہت وقت درکار ہے۔ سوچا کہ ضرور ونڈوز میں اس کی کوئی بہتر سہولت دی گئی ہوگی۔ چنانچہ میں نے فائلز کی معلومات کے متعلق اضافی کالمز میں تلاش کیا تو مجھے Dimensions کا کالم مل گیا جس کی مدد سے ایک ہی نظر میں اسکرین پر موجود تمام تصاویر کا سائز دیکھا جا سکتا ہے۔ اگر آپ کو اس سے پہلے فائل کی معلومات کے ان کالمز سے واسطہ نہیں پڑا تو یقیناً‌ حیران ہوں گے کہ ونڈوز میں فائلز کے متعلق مزید بہت سی معلومات میسر ہیں جن کے کالمز آپ اسکرین پر ظاہر کر کے ان سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔


کسی بھی کالم کی ہیڈنگ پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں اور ...More آپشن منتخب کریں۔

فائلوں کے متعلق معلومات کے کالمز منتخب کرنے کے لیے ڈائیلاگ باکس کھولیں


آپ دیکھ رہے ہیں کہ فائلز کے متعلق معلومات کے بہت سے کالمز اس ڈائیلاگ میں دستیاب ہیں۔ اپنی مرضی کا کالم منتخب کریں اور OK بٹن پر کلک کر دیں۔

فائلوں کے متعلق معلومات کے ڈائیلاگ باکس میں سے اپنی مرضی کا کالم منتخب کریں


ہم نے Dimensions کالم منتخب کیا تھا جو تصاویر کا سائز دکھاتا ہے۔ اگر اس ونڈو میں تصاویر کے علاوہ دیگر فارمیٹ کی فائلز موجود ہوں گی تو ان کے متعلق سائز کی یہ معلومات دستیاب نہیں ہوں گی۔ یعنی آپ فائلز کی معلومات کا کوئی بھی کالم منتخب کرتے ہیں تو یہ ضروری نہیں کہ وہ تمام قسم کی فائلوں پر لاگو ہو۔ لیکن ان کالمز کے ساتھ تھوڑا سا کھیل کر آپ کو اندازہ ہو جائے گا کہ کونسے کالمز آپ کےلیے مستقبل میں مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔

فائلوں کے متعلق معلومات کا منتخب کیا گیا کالم ونڈو میں موجود ہے