اوپن آفس رائٹر میں نمازوں کا ٹائم ٹیبل بنائیں

بعض مساجد میں یہ رواج ہے کہ ہر مہینے کے آخری جمعۃ المبارک کے موقع پر اگلے مہینے کی نمازوں کا ٹائم ٹیبل نمازیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ نمازوں کے اس ٹائم ٹیبل سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کسی بھی نماز کا وقت کب داخل ہوتا ہے۔ لوگ یہ ٹائم ٹیبل اپنے ساتھ گھروں کو لے جاتے ہیں جسے خواتین گھر میں کسی نمایاں جگہ مثلاً‌ فریج وغیرہ پر چسپاں کر دیتی ہیں، تاکہ گھریلو کاموں کے دوران نماز کے وقت کی یاد دہانی ہوتی رہے اور جب بھی موقع ملے وہ نماز ادا کر سکیں۔ یا پھر اس ٹائم ٹیبل سے وہ حضرات فائدہ اٹھاتے ہیں جو کسی وجہ سے نماز کے لیے مسجد نہیں جا سکتے بلکہ دفتر وغیرہ میں ہی حسب موقع نماز پڑھتے ہیں۔

  1. اس ٹٹوریل کا مقصد یہ ہے کہ اگر آپ کسی مقامی مسجد کی طرف سے نمازوں کے اوقات تقسیم کرنا چاہیں تو ایسے ٹائم ٹیبل کی تیاری کے لیے OpenOffice Writer استعمال کیا جا سکتا ہے۔ ٹٹوریل کے آخر میں نمازوں کے اوقات کی پورے سال کی فائلز Zip کی شکل میں دی جا رہی ہیں جنہیں آپ حسب ضرورت اوپن آفس یا مائیکرو سافٹ ورڈ میں استعمال کر سکتے ہیں۔
  2. اگر آپ گھریلو یا ذاتی استعمال کے لیے نمازوں کے مقامی اوقات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو اس کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ انٹرنیٹ سے نمازوں کے اوقات فراہم کرنے والی کسی معروف ویب سائیٹ مثلاً‌ islamicfinder سے مطلوبہ ٹائم ٹیبل حاصل کرلیں۔
  3. OpenOffice میں انگلش کے علاوہ دوسری زبانیں یونیکوڈ ٹیکنالوجی کے تحت لکھی جاتی ہیں جس کی سہولت آپریٹنگ سسٹم کی طرف سے دی جاتی ہے۔ اگر آپ Windows استعمال کرتے ہیں تو درج ذیل دیے گئے کسی ٹٹوریل کی مدد سے اپنے کمپیوٹر پر اردو زبان فعال کر لیں:

    Windows XP کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں
    Windows 7 کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں
    Windows 8 کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں


1- OpenOffice کی نئی فائل بنائیں

ونڈو میں کسی خالی جگہ پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں اور New پر کلک کرنے کے بعد OpenDocument Text منتخب کریں۔

OpenOffice کی نئی فائل بنائیں

2- اردو لکھنے کے لیے OpenOffice میں اضافی زبانیں فعال کریں

OpenOffice Writer میں اگر آپ نے اس سے پہلے اردو استعمال نہیں کی تو Tools مینیو پر کلک کر کے Options پر کلک کریں، اس سے ایک ڈائیلاگ باکس کھل جائے گا، درج ذیل تصویر کے مطابق اضافی زبانیں استعمال کرنے کا آپشن منتخب کر لیں۔

اردو لکھنے کے لیے OpenOffice میں اضافی زبانیں فعال کریں

3- ڈاکومنٹ کی سمت (Direction) اور فونٹ وغیرہ مقرر کریں

  1. چونکہ ہم نے تقریباً‌ تمام ویلیوز درمیان میں ہی لکھنی ہیں، اس لیے ٹول بار سے Centered کا آپشن منتخب کریں۔
  2. ٹول بار سے اردو لکھنے کے لیے دائیں سے بائیں سمت کا آپشن منتخب کریں۔ اگر ٹول بار پر یہ آپشن موجود نہیں ہے تو دائیں سے بائیں لکھنے کے لیے کی بورڈ پر Right Ctrl + Right Shiftکے بٹن دبائیں۔ اسی طرح بائیں سے دائیں لکھنے کے لیے کی بورڈ پر Left Ctrl + Left Shift کے بٹن دبائیں۔
  3. اگر آپ کے پاس کوئی نستعلیق اردو فونٹ نصب ہے تو وہ منتخب کرلیں۔
  4. صفحے کے شروع میں مطلوبہ عنوان اور عبارت لکھیں۔

ڈاکومنٹ کی سمت (Direction) اور فونٹ وغیرہ مقرر کریں

4- نمازوں کے اوقات کے لیے ٹیبل بنائیں

  1. ٹول بار سے ٹیبل کا آپشن منتخب کریں۔ متبادل کے طور پر یہ آپشن Table مینیو کھول کر Insert آپشن کے ذریعے منتخب کیا جا سکتا ہے۔
  2. درج ذیل تصویر کے مطابق کالموں اور سطروں کی تعداد منتخب کریں۔

نمازوں کے اوقات کے لیے ٹیبل بنائیں

5- نمازوں کے نام اور تاریخ کے خانوں میں رنگ بھریں

  1. ٹیبل کے پہلے کالم اور پہلی سطر کو ہم بطور عنوان (Headings) استعمال کریں گے۔ ماؤس پہلے کالم سے تھوڑا سا اوپر لے کر جانے سے ایک تیر کا نشان ظاہر ہوتا ہے، جب یہ نشان ظاہر ہو تو ماؤس کی مدد سے کلک کردیں، اس سے مکمل کالم سلیکٹ ہو جائے گا۔ پھر ٹیبل کی ٹول بار سے درج ذیل تصویر کے مطابق رنگ بھریں۔
  2. اسی طرح سب سے پہلی سطر کی دائیں جانب ماؤس کو تھوڑا سا باہر لے کر جائیں گے تو ایک تیر کا نشان ظاہر ہوگا، جب یہ نشان ظاہر ہو تو ماؤس کی مدد سے کلک کر کے مکمل سطر کو سلیکٹ کریں، اور کالم کی طرح سطر میں بھی رنگ بھر لیں۔

نمازوں کے نام اور تاریخ کے خانوں میں رنگ بھریں

6- نمبرز کو خودبخود مکمل وقت میں بدلنے والا آپشن غیر فعال کریں

درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ میں نے ایک خانے میں جونہی 3:33 لکھا، سافٹ ویئر نے اسے مکمل وقت میں بدل دیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ایسا نہ ہو۔ اس کے لیے ماؤس کے دائیں بٹن (Right click) کی مدد سے مینیو کھولیں اور Number Recognition کا آپشن غیر منتخب کردیں۔ اب کسی بھی خانے میں آپ کوئی وقت لکھیں گے تو وہ خود کار طریقے سے مکمل وقت میں تبدیل نہیں ہوگا۔

نمبروں کو خود بخود مکمل ٹائم میں بدلنے والا آپشن بند کریں

7- یہ ٹائم ٹیبل پرنٹ ہونے کے بعد کیسا لگے گا؟

جب ٹائم ٹیبل مکمل ہو جائے تو آپ یہ دیکھنا چاہیں گے کہ پرنٹر سے پرنٹ ہونے کے بعد یہ ٹائم ٹیبل کیسا لگے گا۔ اس کے لیے File مینیو سے Page Preview کا آپشن منتخب کریں۔

یہ ٹائم ٹیبل پرنٹ ہونے کے بعد کیسا لگے گا

8- پیراگراف کی سطروں کے درمیان فاصلہ مقرر کریں

ہم چاہتے ہیں کہ ٹائم ٹیبل ایک صفحہ پر پورا آجائے۔ اگر یہ ایک صفحہ پر پورا نہیں آرہا تو آپ سطروں کے درمیان فاصلہ کم کر کے ٹائم ٹیبل کو ایک صفحہ پر لا سکتے ہیں۔ اس کے لیے Format مینیو پر کلک کر کے Paragraph پر کلک کر دیں۔ درج ذیل تصویر کے مطابق سطروں کے درمیان فاصلہ مقرر کریں اور ایک بار پھر Page Preview کی مدد سے دیکھ لیں کہ یہ ٹائم ٹیبل ایک صفحہ پر پورا آرہا ہے یا نہیں۔

پیراگراف کی سطروں کے درمیان فاصلہ مقرر کریں

9- صفحہ کے گرد خالی جگہ کا سائز مقرر کریں

اگر صفحہ کے گرد موجود خالی جگہ کو آپ کم یا زیادہ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے Format مینیو پر کلک کرنے کے بعد Page پر کلک کریں، پھر درج ذیل تصویر کے مطابق صفحے کی تمام اطراف کی خالی جگہ (Margin) مقرر کریں۔

صفحہ کے گرد خالی جگہ کا سائز مختصر کریں

نمازوں کے اوقات کی فائلز (Templates) ڈاؤن لوڈ کریں

نیچے OpenOffice اور Word دونوں فارمیٹس میں نمازوں کے ٹائم ٹیبل کی فائلز Zip کی صورت میں مہیا کی گئی ہیں۔