ڈروپل سیون میں رابطہ فارم بنائیں

Drupal کے اصل پیکیج میں جو Modules شامل ہوتے ہیں ان میں ایک Contact ماجول بھی ہوتا ہے جس کی مدد سے ویب سائیٹ کے لیے ایک رابطہ فارم بنایا جا سکتا ہے۔ اس رابطہ فارم کے لیے مختلف کیٹیگریز بھی فراہم کی جا سکتی ہیں جو کہ صارف کے لیے فارم کے اندر ڈراپ ڈاؤن مینیو کی صورت میں میسر ہوتی ہیں۔ اسی طرح رابطہ فارم کی ہر کیٹیگری کے ساتھ ای میل ایڈریس بھی منسلک کیا جا سکتا ہے، یعنی آپ رابطہ فارم اس طرح سے سیٹ کر سکتے ہیں کہ مختلف شعبوں سے متعلقہ ای میلز انہی کے ای میل ایڈریسز پر جائیں۔

1- رابطہ فارم بنانے کے لیے Contact ماجول فعال کریں

جب آپ ڈروپل میں admin کی حیثیت سے لاگ ان ہو جائیں تو سب سے پہلے Modules کے سیکشن میں جائیں اور Contact ماجول فعال کر لیں۔ جب یہ ماجول فعال ہو جائے گا تو اس کے سامنے Configure کا لنک ظاہر ہوگا، اس پر کلک کریں۔

رابطہ فارم بنانے کے لیے Drupal کا Contact ماجول فعال کریں

2- رابطہ فارم کے لیے نئی کیٹیگری کا اضافہ کریں

Contact ماجول فعال ہوتے ہی رابطہ فارم بن جاتا ہے، اور یہ yourwebsite.com/contact پر دستیاب ہوتا ہے۔ اس رابطہ فارم میں حسب ضرورت کیٹیگریز بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔ یعنی اگر آپ کی کمپنی یا ادارے کے معاملات کو ایک سے زیادہ لوگ سنبھالتے ہیں تو ہر کیٹیگری کو مختلف ای میل سے منسلک کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح مختلف شعبوں سے متعلقہ ای میلز بس انہی کے ای میل ایڈریسز پر جائیں گی۔ نئی کیٹیگری کا اضافہ کرنے کے لیے Add category پر کلک کریں۔

نوٹ: درج ذیل تصویر میں نظر آنے والے ای میل ایڈریسز حقیقی نہیں ہیں، یہ صرف اس ٹٹوریل کے لیے استعمال کیے گئے ہیں۔

رابطہ فارم کے لیے نئی کیٹیگری کا اضافہ کریں

3- کیٹیگری کے لیے ای میل ایڈریس اور خودکار جواب کا پیغام مہیا کریں

  1. کیٹیگری کا عنوان فراہم کریں، یہ عنوان رابطہ فارم میں موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو میں شامل ہوگا۔
  2. ای میل فراہم کریں۔ اگر ویب سائیٹ کا صارف رابطہ فارم بھرتے وقت یہ کیٹیگری منتخب کرے گا تو رابطہ فارم یہاں بتائے گئے ای میل ایڈریس پر موصول ہوگا۔
  3. یہاں اختیاری طور پر Auto-reply یعنی خودکار جواب کا پیغام بھی مہیا کیا جا سکتا ہے۔ اگر آپ یہاں یہ پیغام مہیا کریں گے تو جیسے ہی صارف رابطہ فارم بھیجے گا Drupal کی طرف سے خودبخود اس پیغام پر مشتمل ایک ای میل صارف کو بھیج دی جائے گی۔ لیکن اس بات کی تسلی کرلیں کہ اس کیٹیگری کے لیے اوپر جو ای میل ایڈریس مہیا کیا گیا ہے وہ صحیح کام کرتا ہے، کیونکہ آپ کا ای میل ایڈریس خراب ہونے کی صورت میں بھی یہ خودکار پیغام بہرحال صارف کو بھیج دیا جائے گا۔
  4. Weight آپشن کے ذریعے آپ یہ بتا سکتے ہیں کہ رابطہ فارم میں موجود کیٹیگریز کے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں یہ کیٹیگری کس نمبر پر ہوگی۔
  5. Selected آپشن کے ذریعے آپ یہ بتا سکتے ہیں کہ جب رابطہ فارم براؤزر میں لوڈ ہوگا تو پہلے سے (By default) کون سی کیٹیگری منتخب ہوگی۔

کیٹیگری کے لیے ای میل ایڈریس اور خودکار جواب کا پیغام مہیا کریں

4- رابطہ فارم تیار ہے

آپ دیکھ رہے ہیں کہ رابطہ فارم میں دوسری فیلڈز کے علاوہ مختلف کیٹیگریز پر مشتمل ایک ڈراپ ڈاؤن مینیو بھی موجود ہے۔ اب آپ یہ کر سکتے ہیں کہ ویب سائیٹ کے کسی نمایاں مینیو کے اندر اس رابطہ فارم کا لنک مہیا کر دیں تاکہ صارف کے لیے یہ رابطہ فارم بآسانی دستیاب ہوجائے۔

رابطہ فارم تیار ہے