ورڈ پریس کی انسٹالیشن کیسے ہوتی ہے، اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ نے اپنی ویب سائیٹ جس کمپنی کے پاس ہوسٹ کی ہے، وہ کونسا Hosting panel مہیا کرتی ہے۔ cPanel ایک معروف ہوسٹنگ پینل ہے جو ہوسٹنگ سروس فراہم کرنے والی بہت سی کمپنیاں مہیا کرتی ہیں۔ cPanel میں بہت سے فیچرز شامل ہوتے ہیں اور یہ استعمال میں بھی آسان ہے۔ ہوسٹنگ کنٹرول پینل میں ایسے فیچرز بھی دستیاب ہوتے ہیں جن کی مدد سے ورڈ پریس اور اس جیسی دیگر ایپلی کیشنز کی انسٹالیشن چند ماؤس کلکس کی مدد سے کی جا سکتی ہے۔ لیکن اس ٹٹوریل میں ورڈ پریس کی انسٹالیشن کے روایتی اور تفصیلی طریقہ کار کی وضاحت کی جا رہی ہے۔
اگر مختصر طور پر دیکھا جائے تو ورڈ پریس کی انسٹالیشن ایسے ہوتی ہے کہ پہلے wordpress.org سے انسٹالیشن کی ZIP فائل ڈاؤن لوڈ کی جاتی ہے۔ پھر ہوسٹنگ پینل کا File manager استعمال کرتے ہوئے یہ فائل اس فولڈر میں Upload کی جاتی ہے جس فولڈر کے ساتھ ویب سائیٹ کا ڈومین منسلک ہوتا ہے۔ پھر اس فولڈر میں یہ زپ فائل کھولی یعنی Extract کی جاتی ہے۔ اور چونکہ ورڈ پریس کی انسٹالیشن کے لیے ایک ڈیٹابیس اور اس ڈیٹابیس کے یوزر کی معلومات درکار ہوتی ہیں، اس لیے ہوسٹنگ پینل استعمال کرتے ہوئے ایک ڈیٹابیس اور اس کے لیے ایک یوزر بھی بنایا جاتا ہے۔ یہ سب کام کرنے کے بعد براؤزر میں ویب سائیٹ کھول کر ورڈ پریس کی انسٹالیشن کا عمل شروع کیا جاتا ہے۔ آئیں اس عمل کو مرحلہ وار دیکھتے ہیں:
- ورڈ پریس کی ویب سائیٹ سے Zip فائل ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی ویب سائیٹ پر upload کریں
- ورڈ پریس کی انسٹالیشن کے لیے درکار ایک ڈیٹابیس اور اس کا یوزر بنائیں
- ورڈ پریس انسٹال کریں
- ویب سائیٹ پر ورڈ پریس کی انسٹالیشن مکمل ہو چکی ہے
1- ورڈ پریس کی ویب سائیٹ سے ZIP فائل ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی ویب سائیٹ پر Upload کریں
ورڈپریس کی ویب سائیٹ سے ورڈ پریس ایپلی کیشن کا نیا ورژن ڈاؤن لوڈ کریں۔
ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے cPanel میں لاگ ان ہو کر File manager کھولیں۔
ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے تحت عام طور پر public_html فولڈر میں ویب سائیٹ کی فائلز رکھی جاتی ہیں۔ لیکن ایسا ہوسٹنگ اکاؤنٹ جس کے تحت ایک سے زیادہ ویب سائیٹس ہوسٹ کی جا سکتی ہوں، اس میں public_html کے اندر ہر ویب سائیٹ کا الگ فولڈر بنایا جاتا ہے۔ یہ فولڈر اس وقت بنتا ہے جب cPanel کے Add Domain آپشن کے ذریعے سے نئے ڈومین کو ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔ بہرحال اس کے متعلق معلومات آپ کو ہوسٹنگ کمپنی کی طرف سے ملنے والی اس ای میل سے مل جائیں گی جس میں آپ کے ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے متعلق تمام معلومات موجود ہیں۔
فائل مینیجر میں وہ فولڈر کھولیں جس کے ساتھ ویب سائیٹ کا ڈومین منسلک ہے۔
پہلے Choose File آپشن کے ذریعے زپ فائل اپ لوڈ کریں، جب یہ عمل پورا ہو جائے تو براؤزر کی موجوودہ ٹیب بند کر دیں۔
پہلے Reload بٹن دبائیں جس سے اپ لوڈ کی گئی فائل ظاہر ہو جائے گی۔ اب زپ فائل کھولنے کے لیے پہلے اسے سلیکٹ کریں، پھر Extract بٹن پر کلک کریں۔
یہ ڈائیلاگ باکس اس فولڈر کے متعلق تصدیق چاہتا ہے جس میں آپ یہ زپ فائل کھولنا کرنا چاہتے ہیں۔ Extract Files بٹن پر کلک کریں۔
جب یہ زپ فائل کھولی جاتی ہے تو ساری فائلز wordpress کے نام سے ایک فولڈر میں موجود ہوتی ہیں۔ یہ فائلز wordpress فولڈر سے ایک لیول پیچھے ویب سائیٹ کے فولڈر میں موجود ہونی چاہئیں۔ wordpress فولڈر کھول کر ساری فائلز سلیکٹ کریں اور Move File کے آپشن پر کلک کریں۔
اس ڈائیلاگ باکس میں ویب سائیٹ کے فولڈر کا پاتھ مہیا کریں جو کہ موجودہ فولڈر wordpress سے ایک لیول پیچھے ہے۔ اس کے بعد Move Files بٹن پر کلک کر دیں۔
یہاں اس ٹٹوریل کا ایک مرحلہ مکمل ہوگیا ہے جس میں ہم نے ورڈ پریس کی ویب سائیٹ سے سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر کے اپنی ویب سائیٹ کے فولڈر میں اپ لوڈ کر دیا ہے۔ اب ہمیں ورڈ پریس کی انسٹالیشن کے لیے ڈیٹابیس اور اس کے یوزر کی معلومات درکار ہیں۔ اگلے مرحلے میں ہم ایک MySQL ڈیٹابیس اور اسے استعمال کرنے والا ایک یوزر بنائیں گے۔
2- ورڈ پریس کی انسٹالیشن کے لیے درکار ایک ڈیٹابیس اور اس کا یوزر بنائیں
cPanel میں ڈیٹابیسز سے متعلقہ امور سر انجام دینے کے لیے MySQL Database آپشن پر کلک کریں۔
اگر آپ یہ صفحہ نیچے تک اسکرول کریں تو آپ دیکھیں گے کہ ڈیٹابیس سے متعلق تمام آپشنز اسی صفحہ پر دستیاب ہیں۔ ورڈ پریس کو انسٹالیشن کے لیے ایک خالی ڈیٹابیس درکار ہے جس میں ورڈ پریس اپنی انسٹالیشن کے دوران ڈیٹابیس ٹیبلز بنائے گا اور ان میں ضروری ریکارڈز داخل کرے گا۔
نئی ڈیٹابیس کا نام مہیا کر کے Create Database بٹن پر کلک کریں۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ ڈیٹابیس کے نام والی فیلڈ سے پہلے بھی ایک نام موجود ہے۔ یہ نام ہوسٹنگ اکاؤنٹ کی طرف سے مہیا کیا گیا ہے تاکہ آپ کی ڈیٹابیس کا نام دوسرے ہوسٹنگ اکاؤنٹس کی ڈیٹابیسز کے نام سے منفرد رہے۔ ورڈ پریس کی انسٹالیشن کے دوران ڈیٹابیس کا مکمل نام مثلاً hostuser_lahoretikkashop_db درکار ہوگا۔
ڈیٹابیس بننے کے بعد تصدیق کا ایک صفحہ آپ کے سامنے آئے گا جس پر Go Back یا اس سے ملتا جلتا بٹن موجود ہوگا، اس پر کلک کر کے واپس اسی صفحہ پر آجائیں تاکہ ہم اگلے مرحلے میں ڈیٹابیس یوزر بنا سکیں۔
ڈیٹابیسز سیکشن کا صفحہ نیچے اسکرول کریں جہاں نیا یوزر بنانے کا فارم موجود ہے۔ یہاں Username اور Password مہیا کریں۔ ورڈ پریس کی انسٹالیشن کے دوران مکمل یوزر نیم مثلاً hostuser_dbuser درکار ہوگا۔ یوزر بنانے کے بعد دوبارہ اسی صفحہ پر آجائیں تاکہ ہم یوزر کو ڈیٹابیس کے ساتھ منسلک کر سکیں۔
ڈیٹابیسز کا صفحہ نیچے تک اسکرول کر کے اس حصے میں آجائیں جہاں یوزر کو ڈیٹابیس کے ساتھ منسلک کیا جا سکتا ہے۔ ایک ڈراپ ڈاؤن مینیو سے یوزرنیم اور دوسرے ڈراپ ڈاؤن مینیو سے ڈیٹابیس منتخب کر کے Add بٹن پر کلک کر دیں۔
اس صفحہ پر ان کاموں کی فہرست پیش کی جا رہی ہے جس کی مدد سے یہ بتایا جا سکتا ہے کہ اس یوزر کو ڈیٹابیس کے متعلقہ کون سے امور پر کام کرنے کی اجازت ہے۔ ایسے پراجیکٹس جن میں ڈیٹابیس کو ایک سے زیادہ یوزرز مختلف مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں، وہاں یوزرز کے لیے یہ آپشنز سوچ سمجھ کر منتخب کیے جاتے ہیں۔
All Privileges آپشن منتخب کر کے Make Changes بٹن پر کلک کر دیں۔
یہاں ورڈ پریس کے لیے ایک خالی ڈیٹابیس اور اس ڈیٹابیس کا یوزر بنانے کا مرحلہ بھی مکمل ہوگیا ہے۔ اگلے مرحلے میں ورڈ پریس کی انسٹالیشن کی جائے گی۔
3- ورڈ پریس انسٹال کریں
ورڈ پریس کو انسٹالیشن کے متعلق معلومات محفوظ کرنے کے لیے ایک Configuration فائل درکار ہوتی ہے۔ صفحہ کے نیچے موجود بٹن پر کلک کر کے یہ فائل بنائیں۔
اس صفحہ پر بتایا جا رہا ہے کہ ورڈ پریس کو انسٹالیشن کے لیے کونسی معلومات درکار ہیں۔ یہ ساری معلومات ہمارے پاس میں موجود ہیں، Leg's go بٹن پر کلک کریں۔
پچھلے مرحلے میں جو ڈیٹابیس اور اس کا یوزر بنائے گئے ہیں، ان کی معلومات یہاں مہیا کریں۔ Database Host عام طور پر localhost ہوتا ہے، لیکن ممکن ہے کہ ہوسٹنگ کمپنی کی طرف سے سرور کا نام اس سے مختلف مہیا کیا گیا ہو۔ ہوسٹنگ کمپنی کی طرف سے ملنے والی ای میل سے اس نام کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔
Run the install بٹن پر کلک کر کے ورڈ پریس انسٹال کریں۔
ورڈ پریس کی انسٹالیشن مکمل کرنے کے لیے ویب سائیٹ کا نام، یوزر نیم، پاس ورڈ اور رابطہ ای میل وغیرہ مہیا کریں۔ یہاں فراہم کیا جانے والا یوزر نیم اور پاس ورڈ آپ ورڈ پریس کے ڈیش بورڈ میں لاگ ان ہونے کے لیے استعمال کریں گے۔ ورڈ پریس کے ڈیش بورڈ سے ویب سائیٹ سے متعلق تمام امور سر انجام دیے جا سکتے ہیں۔
ورڈ پریس کے ڈیش بورڈ میں لاگ ان ہونے کے لیے پچھلے مرحلے میں فراہم کیے جانے والے یوزرنیم اور پاس ورڈ یہاں استعمال کریں۔
4- ویب سائیٹ پر ورڈ پریس کی انسٹالیشن مکمل ہو چکی ہے
ورڈ پریس ویب سائیٹ بنانے اور چلانے کے لیے دستیاب ایک بہترین سافٹ ویئر ہے۔ اس مفت دستیاب سافٹ ویئر کو استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر سے کروڑوں ویب سائیٹس بنائی جا چکی ہیں، چنانچہ ورڈ پریس سے متعلق سپورٹ آپ کو بے شمار ذرائع سے دستیاب ہوگی۔
Wordpress کی مدد سے ایک بنیادی ویب سائیٹ بنائیں
Modified: Fri, 01/09/2015 - 12:22