ویب سائیٹ ڈومین (Domain) اور ویب سائیٹ ہوسٹنگ (Hosting) دو الگ چیزیں ہیں: ڈومین آپ کی ویب سائیٹ کا ایڈریس ہے جیسے www.mywebsite.com وغیرہ۔ جبکہ ہوسٹنگ کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی ویب سائیٹ کا ڈیٹا انٹرنیٹ سے منسلک کس کمپیوٹر پر رکھا گیا ہے۔ کیونکہ ایک ویب سائیٹ مختلف فائلز (ویب پیجز، امیجز، ڈاکومنٹس، آڈیو اور ویڈیو فائلز وغیرہ) پر مشتمل ہوتی ہے جو انٹرنیٹ سے منسلک ایسے تیز رفتار کمپیوٹر (Web server) پر رکھی جاتی ہیں جو ہر وقت چلتا رہے۔ جب کوئی شخص کسی ویب سائیٹ کا ایڈریس براؤزر کو مہیا کرتا ہے تو وہ اس کمپیوٹر سے رابطہ کر کے ویب سائیٹ کا مواد حاصل کرتا ہے۔
ڈومین کو ہوسٹنگ سرور کے ساتھ منسلک کرنا ضروری ہے، تاکہ اگر کوئی شخص براؤزر میں www.mywebsite.com لکھے تو جس کمپیوٹر پر اس ویب سائیٹ کی فائلز پڑی ہیں، وہاں سے مطلوبہ ویب پیج حاصل کر کے صارف کو دکھایا جا سکے۔
اس ٹٹوریل میں درج ذیل عنوانات پر بات کی گئی ہے۔
- ڈومین اور ہوسٹنگ کی خریداری میں احتیاط کی ضرورت
- ڈومین رجسٹرار سے ایک نیا ڈومین خریدیں
- ہوسٹنگ کمپنی سے ایک نیا ہوسٹنگ اکاؤنٹ خریدیں
- ڈومین کی پروفائل میں ہوسٹنگ ویب سرور کے ایڈریسز محفوظ کریں
- ویب سرور پر اپنی ویب سائیٹ کی فائلز اپ لوڈ کریں
1- ڈومین اور ہوسٹنگ کی خریداری میں احتیاط کی ضرورت
ویب سائیٹ کا ایڈریس (Domain name) کسی ایسی کمپنی سے خریدنا چاہیے جو معروف اور قابل اعتماد ہو۔ ایسی کمپنی جس کے بارے میں یہ خدشہ نہ ہو کہ کچھ عرصہ کے بعد اپنا بزنس ختم کر کے مارکیٹ سے غائب ہو جائے گی، ایسی صورت میں یہ ہوگا کہ وہ کمپنی اپنا کاروبار ختم کرنے سے کچھ عرصہ پہلے آپ کو مطلع کر دے گی کہ اپنا ڈومین کسی اور کمپنی پر منتقل کرلیں۔ جبکہ ڈومین ایک کمپنی سے دوسری کمپنی پر ٹرانسفر کرنے کا عمل ایک غیر ضروری سردرد ہے۔ یا پھر کچھ کمپنیاں شروع میں ڈومین کی معمولی فیس لیتی ہیں اور بعد میں بلاوجہ ڈومین کی سالانہ فیس بڑھا دیتی ہیں۔ اس لیے شروع ہی سے ایسی کمپنی کا انتخاب کریں جس کی ساکھ اچھی ہو۔
ڈومین کسی با اعتماد کمپنی کے پاس اسی شخص کے نام کے تحت رجسٹر ہونا چاہیے جس کی یہ ملکیت ہے۔ جب یہ ہو جائے تو آپ حسب ضرورت جس ہوسٹنگ کمپنی پر چاہے اکاؤنٹ بنا کر یہ ڈومین اس کے ساتھ منسلک کر سکتے ہیں۔ ہوسٹنگ اکاؤنٹ بعد میں حسب ضرورت تبدیل بھی کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً اس وقت آپ کی ویب سائیٹ پر ٹریفک بہت کم ہے، چنانچہ آپ کو فی الحال سستا اور محدود ہوسٹنگ اکاؤنٹ چاہیے۔ لیکن جب آپ کی ویب سائیٹ پر ٹریفک بہت بڑھ جائے تو آپ اسی کمپنی سے بڑا ہوسٹنگ پیکیج لے سکتے ہیں، یا پھر کسی دوسری کمپنی کے پاس ہوسٹنگ اکاؤنٹ بنا کر ڈومین کا رخ اس اکاؤنٹ کی طرف کر سکتے ہیں۔
کچھ کمپنیاں ڈومین کے ساتھ ہوسٹنگ بھی فراہم کرتی ہیں۔ اس سلسلے میں یہ تسلی کرنا ضروری ہے کہ یہ کمپنی خود ڈومین کی رجسٹرار (Domain registrar) ہو۔ یہ نہ ہو کہ وہ کسی بڑی کمپنی سے ڈومین خرید کر آپ کو صرف اس لیے مہیا کر رہی ہو کہ آپ اس کمپنی کے ساتھ اپنا ہوسٹنگ اکاؤنٹ بنائیں۔ ڈومین رجسٹرارز کی فہرست یہاں دیکھی جا سکتی ہے:
http://www.icann.org/registrar-reports/accredited-list.html
آئیں اب دیکھتے ہیں کہ ڈومین کو ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے ساتھ کیسے منسلک کیا جائے۔ اس ٹٹوریل میں GoDaddy.com کو بطور ڈومین رجسٹرار استعمال کیا جا رہا ہے۔ اگرچہ گوڈیڈی ہوسٹنگ سروسز بھی فراہم کرتے ہیں لیکن اس ٹٹوریل کا مقصد یہ بتانا ہے کہ آپ ہوسٹنگ کی ضروریات کے لیے کسی ایک کمپنی تک محدود نہ رہیں بلکہ جب چاہیں اپنے ڈومین کو کسی بھی ہوسٹنگ کمپنی کے اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کرسکیں۔ اسی طرح اس ٹٹوریل میں CirtexHosting.com کو بطور ہوسٹنگ کمپنی استعمال کیا جا رہا ہے۔ لیکن اس کا مقصد صرف ڈومین کو ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کرنے کا طریقہ بتلانا ہے۔ آپ کس ہوسٹنگ کمپنی کے ساتھ اکاؤنٹ بناتے ہیں، یہ آپ کی صوابدید پر ہے۔
پہلے ہم گوڈیڈی سے ایک ڈومین خریدیں گے، پھر سرٹیکس ہوسٹنگ کی ویب سائیٹ پر ایک اکاؤنٹ بنائیں گے۔ اس کے بعد ہوسٹنگ کمپنی سے موصول ہونے والے سرور ایڈریسز کو ڈومین کی پروفائل میں محفوظ کریں گے۔ یوں گوڈیڈی سے حاصل کیا گیا ڈومین سرٹیکس کے ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک ہو جائے گا۔
2- GoDaddy سے ایک نیا ڈومین خریدیں
گوڈیڈی ویب سائیٹ کے پہلے صفحہ پر اس ڈومین کا نام مہیا کریں جو آپ کو چاہیے، اس کا نتیجہ اگلے صفحہ پر درج ذیل صورت میں ملے گا:
جیسے ہی آپ Proceed to Checkout پر کلک کرتے ہیں، گوڈیڈی اگلے صفحات پر مختلف دیگر مصنوعات خریدنے کا مشورہ دیتا ہے، آپ نے بس یہ کرنا ہے کہ No Thanks کے بٹن پر کلک کرتے ہوئے درج ذیل صفحہ پر پہنچ جائیں جس پر موجود ایک ڈراپ ڈاؤن مینیو کی مدد سے یہ بتایا جا سکتا ہے کہ یہ ڈومین آپ کتنے سالوں کے لیے رجسٹر کروانا چاہتے ہیں؟
درج ذیل صفحہ پر پوچھا جا رہا ہے کہ آپ کے پاس گوڈیڈی اکاؤنٹ پہلے سے ہے یا آپ نئے کسٹمر ہیں؟
نئے کسٹمر ہونے کی صورت میں آپ کو درج ذیل صفحہ پر پہنچایا جائے گا۔ اس صفحہ پر ایک لمبا سا فارم موجود ہے جس میں گوڈیڈی کے نئے اکاؤنٹ کے لیے ذاتی معلومات کے علاوہ مطلوبہ یوزر نیم (Username) اور پاس ورڈ (Password) کی معلومات بھی پوچھی جائیں گی۔ اس کے ساتھ ہی ڈومین کی رقم ادا کرنے کے لیے کریڈٹ کارڈ وغیرہ کی معلومات بھی مہیا کرنا ہوں گی۔ اس سے اگلے صفحہ پر ساری معلومات کی تصدیق کرکے آپ گوڈیڈی کے پاس اپنا آرڈر بھیج دیں گے، جس کے جواب میں آپ کو اکاؤنٹ کے متعلق ضروری معلومات پر مشتمل ایک کنفرمیشن ای میل بھیجی جائے گی۔
3- CirtexHosting سے ایک نیا ہوسٹنگ اکاؤنٹ خریدیں
سرٹیکس ہوسٹنگ کی ویب سائیٹ کے پہلے صفحہ پر ہوسٹنگ پلانز کا آپشن منتخب کر کے آپ درج ذیل صفحہ پہنچیں گے، یہاں اپنا مطلوبہ ہوسٹنگ پلان منتخب کریں۔
اس صفحہ پر آپ سے پوچھا جا رہا ہے کہ:
- کیا آپ ڈومین بھی اسی کمپنی سے حاصل کرنا چاہ رہے ہیں؟
- کیا آپ دوسری کمپنی سے خریدا گیا ڈومین اس کمپنی کے پاس ٹرانسفر کرنا چاہ رہے ہیں؟
- کیا آپ دوسری کمپنی کے پاس رجسٹر کیا گیا ڈومین اس کمپنی کی ہوسٹنگ کے ساتھ منسلک کرنا چاہ رہے ہیں؟
آپ نے وہ آپشن منتخب کرنا ہے جس کی مدد سے GoDaddy سے خریدا گیا ڈومین CirtexHosting کے ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک کیا جا سکے۔ اس سے اگلے صفحات پر اکاؤنٹ کے متعلق ذاتی معلومات اور خریداری کے لیے کریڈٹ کارڈ وغیرہ کی معلومات پوچھی جائیں گی۔ اکاؤنٹ بنانے کا عمل پورا ہونے پر آپ کو اکاؤنٹ کے متعلق معلومات پر مشتمل کنفرمیشن ای میل بھیج دی جائے گی۔
ہوسٹنگ کمپنی کی طرف سے جو کنفرمیشن ای میل آپ کو موصول ہوگی اس میں دو معلومات بہت اہم ہیں:
- cPanel کا ایڈریس جس پر ہوسٹنگ سے متعلقہ تمام کام سر انجام دیے جا سکتے ہیں۔ مثلاً ان کاموں میں ویب سائیٹ کی فائلز اپ لوڈ کرنا، ڈومین پر ای میل اکاؤنٹس بنانا، ڈیٹابیسز اور ان کے یوزرز بنانا، نئے ڈومین ہوسٹنگ کے ساتھ منسلک کرنا اور ویب سائیٹس کے متعلق شماریات دیکھنا وغیرہ شامل ہیں۔
- ویب سرور کے ایڈریسز یہ وہ انفرمیشن ہے جو آپ GoDaddy پر موجود اپنے ڈومین کی پروفائل کے لیے مہیا کریں گے، اسی کے نتیجے میں یہ ڈومین CirtexHosting کے ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے ساتھ منسلک ہوجائے گا۔ اس لیے آپ ای میل میں مہیا کیے گئے سرور کے ایڈریسز اپنے پاس نوٹ کرلیں۔
4- GoDaddy پر موجود ڈومین کی پروفائل میں
CirtexHosting کے سرورز کے ایڈریسز محفوظ کریں
گوڈیڈی کے اکاؤنٹ میں لاگ ان ہوں-
مطلوبہ ڈومین کی پروفائل کھولیں۔
Nameservers کا ڈائیلاگ باکس کھولنے والا آپشن منتخب کریں۔
اپنی طرف سے سرور ایڈریسز مہیا کرنے والا ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
ہوسٹنگ کمپنی کی ای میل سے حاصل کیے گئے سرورز کے ایڈریسز یہاں مہیا کریں۔ اس کے نتیجے میں ڈومین ویب سرور سے منسلک ہو جائے گا۔ لیکن اس کو فعال ہونے میں چند گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
5- ویب سرور پر ویب سائیٹ کی فائلز Upload کریں
ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے cPanel میں لاگ ان ہوں۔
cPanel میں فائل مینیجر کھولیں۔
مطلوبہ ڈومین کا فولڈر کھولیں اور اپنی ویب سائیٹ کی فائلز اپ لوڈ کریں۔
cPanel کے ذریعے ویب سائیٹ پر Wordpress کی انسٹالیشن کیسے کریں؟
Modified: Sun, 04/08/2018 - 07:54