کورل ڈرا استعمال کرتے ہوئے لوگو تیار کریں

Logo یعنی کسی ادارے، تنظیم، کاروبار یا شخصیت کی تشہیری علامت تیار کرنا ایک فن ہے، جس کے لیے نہ صرف ٹولز (سافٹ ویئرز وغیرہ) پر مہارت ضروری ہے بلکہ تخلیقی صلاحیت بھی درکار ہے۔ بڑے اداروں اور کمپنیوں کے لوگوز بہت سی مشاورت اور عرق ریزی کے بعد تیار ہوتے ہیں۔ لیکن ہر تنظیم، ادارے، محکمے یا کمپنی کو پیچیدہ لوگو کی ضرورت نہیں ہوتی۔ آپ نے بے شمار ایسے لوگوز دیکھے ہوں گے جن میں دائرے کی شکل میں الفاظ لکھے گئے ہوتے ہیں، اور پھر دائرے کے اندر ایسی علامت (Symbol) استعمال کی گئی ہوتی ہے جو اس ادارے یا تنظیم کی عکاسی کرتی ہو۔ چنانچہ ایسا لوگو تیار کرنا آسان بھی ہوتا ہے اور مختلف رنگوں کی آمیزش سے ایسے لوگو کو منفرد بھی بنایا جا سکتا ہے۔

تشہیری علامات کے لیے عموماً‌ دو لفظ استعمال کیے جاتے ہیں، ایک Logo اور دوسرا Monogram۔ ان دونوں میں فرق یہ بتایا جاتا ہے کہ لوگو کسی گرافک یا سیمبل وغیرہ پر مشتمل ہوتا ہےجس میں لکھائی بھی شامل ہو سکتی ہے۔ جبکہ مونوگرام وہ ہوتا ہے جسے بنانے کے لیے چند حروف کو توڑ موڑ کر کسی علامت کی شکل دی گئی ہو۔

اس ٹٹوریل میں اسکول کے لیے ایک سادہ سا لوگو بنایا جائے گا جو دائرے کی شکل میں ہوگا، اور اس میں دو علامات (Symbols) استعمال کی جائیں گی۔ ان میں سے ایک علامت کتاب ہے جبکہ دوسری علامت خطاطی کا ایک نمونہ ہے۔ آئیں مرحلہ وار لوگو کی تیاری کا یہ عمل دیکھتے ہیں:


Zoom ٹول کی مدد سے صفحہ کا وہ حصہ سلیکٹ کر کے قریب لائیں جسے آپ لوگو بنانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں۔

صفحہ قریب لانے کے لیے زوم ان کریں


ٹول بار سے Ellipse ٹول منتخب کریں۔ پھر کی بورڈ پر Ctrl بٹن دبا کر رکھیں اور ماؤس کی مدد سے دو گول دائرے بنائیں، ایک بڑا اور ایک چھوٹا۔ Ctrl بٹن دبانے سے دائرہ بالکل گول بنتا ہے، یعنی دائرے کی چوڑائی اور اونچائی ایک جیسی ہوتی ہے۔

ایلپس ٹول کی مدد سے ایک چھوٹا دائرہ اور ایک بڑا دائرہ بنائیں


اگر آپ آبجیکٹس پر بہتر طور پر کام کرنے کے لیے انہیں قریب یا دور کرنا چاہیں تو اوپر ٹول بار پر موجود ڈراپ ڈاؤن مینیو کی مدد سے ایسا کر سکتے ہیں۔

تمام آبجیکٹس کو فوکس میں لانے کے لیے ایف فور بٹن دبائیں


دونوں دائروں کو ایک دوسرے کے بالکل درمیان میں لانے کے لیے درج ذیل کام کریں:

  1. ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں۔
  2. پہلے ایک دائرے پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔
  3. پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر دوسرے دائرے پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔
  4. پراپرٹی پر موجود Align and Distribute آپشن منتخب کریں۔ یا متبادل کے طور پر Arrange مینیو سے یہ آپشن منتخب کیا جا سکتا ہے۔

دونوں دائروں کو ایک دوسرے کے درمیان میں لائیں


اس ڈائیلاگ باکس کی مدد سے دونوں دائروں کو عمودی (Vertically) اور افقی (Horizontally) دونوں لحاظ سے درمیان میں لانے کے لیے چیک باکسز منتخب کرکے Apply بٹن پر کلک کر دیں۔

الائن اینڈ ڈسٹری بیوٹ کا ڈائیلاگ باکس


اس وقت دونوں دائرے ہماری سلیکشن میں ہیں۔ پراپرٹی بار پر موجود Combine آپشن منتخب کریں، اس سے یہ ہوگا کہ یہ دونوں دائرے مل کر ایک آبجیکٹ کی شکل اختیار کرلیں گے۔ اب رنگوں کے خانوں سے اپنی مرضی کا رنگ منتخب کریں۔

دونوں دائروں کو کمبائن کر کے ایک آبجیکٹ بنائیں


آپ دیکھ رہے ہیں کہ دائروں کے اندر اور باہر سیاہ رنگ کی باریک لکیریں (Outlines) ہیں۔ ان لکیروں کی موٹائی اور رنگ بدلنے کے لیے نیچے موجود آؤٹ لائن کے آپشن پر ڈبل کلک کریں۔ اس سے ایک ڈائیلاگ باکس کھل جائے گا جس کی مدد سے آؤٹ لائنز کی موٹائی اور رنگ بدلے جا سکتے ہیں۔

دائروں کی آؤٹ لائن کی موٹائی اور رنگ سیٹ کریں


Text ٹول کی مدد سے اسکول اور شہر کے نام الگ الگ لکھیں۔ پراپرٹی بار میں موجود فونٹ اور سائز وغیرہ آپ حسب ضرورت مقرر کر سکتے ہیں۔

ٹیکسٹ ٹول کی مدد سے سکول اور شہر کے نام لکھیں


اسکول کا نام ہم دائرے کے اوپر والے حصے میں گولائی کی شکل میں لانا چاہتے ہیں، اس کے لیے درج ذیل کام کریں:

  1. Pick ٹول منتخب کریں۔
  2. اسکول کے نام پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔
  3. کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھیں، اب دائرے پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔
  4. Text مینیو سے Fit Text To Path آپشن منتخب کریں۔ اس سے لکھائی دائرے کے اوپر والے حصے پر آکر گولائی کی شکل اختیار کر لے گی۔

اسکول کے نام کو دائرے کے گرد گولائی میں لائیں


پراپرٹی بار پر موجود Distance from Path آپشن کے ذریعے دائرے کے اندر لکھائی کی پوزیشن سیٹ کریں۔

اسکول کے نام کو دائرے کے اندر سیٹ کریں


پہلے صفحہ کی کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ کوئی بھی آبجیکٹ سلیکشن میں نہ رہے۔ اب ہم شہر کا نام بھی دائرے کے نیچے والے حصے میں لانا چاہتے ہیں، لیکن شہر کے نام کی گولائی اسکول کے نام کی گولائی سے مختلف ہوگی۔ اس کا طریقہ کار بھی وہی ہے، پہلے شہر کا نام سلیکٹ کریں، پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر دائرہ سلیکٹ کریں، اور پھر Text مینیو سے Fit Text To Path کا آپشن منتخب کریں۔ اس کے بعد درج ذیل کام کریں:

  1. Mirror Vertically آپشن کے ذریعے لکھائی کا رخ اوپر سے نیچے کی طرف کریں۔
  2. Mirror Horizontally آپشن کے ذریعے لکھائی کا رخ بائیں سے دائیں کریں۔
  3. Horizontal Offset آپشن کی مدد سے لکھائی کو گھما کر دائرے کے نیچے لائیں۔
  4. Distance from Path آپشن کے ذریعے لکھائی کو دائرے کے اندر لائیں۔

شہر کے نام کو دائرے کے گرد گولائی میں لائیں


لوگو کا ایک مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ اب ہمیں دو علامات (Symbols) چاہئیں جو ان دائروں کے اندر سیٹ کی جائیں گی۔ انٹرنیٹ پر بہت سی ویب سائیٹس موجود ہیں جو علامات (Cliparts) وغیرہ بلا معاوضہ فراہم کرتی ہیں۔ لیکن ایسے کلپ آرٹس حاصل کرتے وقت کوشش کریں کہ ان کی فائل کا فارمیٹ PNG ہو جس کی بیک گراؤنڈ کسی رنگ کے بغیر (Transparent) ہو۔ فی الوقت درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق گوگل کی مدد سے خطاطی کا ایک نمونہ حاصل کیا جا رہا ہے۔

لوگو میں استعمال کرنے کے لیے کلپ آرٹ حاصل کریں


جب آپ کے مطلوبہ سیمبلز یا تصاویر حاصل ہو جائیں تو کورل ڈرا کے فائل مینیو کی مدد سے Import کیے جا سکتے ہیں۔ یا متبادل کے طور پر آپ یہ کر سکتے ہیں کہ ونڈوز میں مطلوبہ تصویر کی فائل پر ماؤس کے دائیں بٹن سے کلک کرکے Copy کریں اور پھر کورل ڈرا میں اسے Paste کر دیں۔

امیج فائل کورل ڈرا میں امپورٹ کریں


سیمبل کا سائز تبدیل کرنے کے لیے پہلے اسے Pick ٹول کی مدد سے سلیکٹ کریں، پھر ماؤس کے ساتھ کسی بھی کنارے سے پکڑ کر چھوٹا کرلیں۔ اب ماؤس کی مدد سے یہ سیمبل دائرے کے اندر سیٹ کر دیں۔

حسب ضرورت تصویر کا سائز مقرر کریں


درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ہم نے مختصر وقت میں ایک سادہ لیکن با مقصد لوگو تیار کر لیا ہے۔

لوگو تیار ہے