Audacity ایک مفید سافٹ ویئر ہے جس کی مدد سے آپ آڈیو فائلز میں مختلف تبدیلیاں کر سکتے ہیں۔ مثلاً ان تبدیلیوں میں آواز کی رفتار تیز یا کم کرنا، آواز بلند یا پست کرنا، آواز کے پس منظر کا شور کم کرنا، آواز کے غیر ضروری حصے ختم کرنا، اور آواز کو ایک آڈیو فارمیٹ سے دوسرے فارمیٹ میں تبدیل کرنا وغیرہ شامل ہیں۔ آڈاسٹی جب انسٹال کیا جاتا ہے تو اس میں WMA فائلز پڑھنے کی اور MP3 فائلز محفوظ کرنے کی صلاحیت نہیں ہوتی۔ اس کے لیے ہمیں الگ سے لائبریریز ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کرنا پڑتی ہیں۔ آئیں آڈاسٹی اور اس کے لیے درکار لائبریریز کی انسٹالیشن کریں۔
سرچ انجن میں download audacity لکھنے پر مجھے درج ذیل ویب سائیٹ کا لنک ملا ہے جہاں سے میں نے آڈاسٹی ڈاؤن لوڈ کیا ہے۔ آپ نیچے تصویر میں موجود لنک سے براہ راست اسے ڈاؤن لوڈ کرلیں، یا پھر سرچ انجن کی مدد حاصل کر لیں۔ ڈاؤن لوڈ ہوجانے پر آڈاسٹی کا انسٹالر چلا کر انسٹالیشن کرلیں۔
جب آڈاسٹی کی انسٹالیشن ہو جائے تو اسے کھول کر Edit مینیو سے Preferences آپشن منتخب کریں۔
ڈائیلاگ باکس کھل جائے تو Libraries والے حصے میں آجائیں۔ یہاں MP3 اور FFmpeg لائبریریز ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے Download بٹن مہیا کیے گئے ہیں۔ لیکن ان بٹنوں پر کلک کرنے سے براہ راست یہ لائبریریز ڈاؤن لوڈ نہیں ہوں گی بلکہ دو ویب پیجز کھلیں گے جن پر ان لائبریریز کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے لنکس دستیاب ہیں۔ مجھے ان ویب پیجز پر مطلوبہ لائبریریز کے لنکس تلاش کرنے میں تھوڑی سی مغز کھپائی کرنا پڑی۔
یہ لائبریریز اس وقت درج ذیل لنک پر دستیاب ہیں:
درج ذیل تصویر کے مطابق دونوں لائبریرز ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔ جب دونوں لائبریریز انسٹال ہو جائیں تو آڈاسٹی نئے سرے سے کھولیں۔ اب آپ نہ صرف آڈاسٹی میں WMA فائلز کھول سکیں گے بلکہ آڈیو فائلز کو MP3 فارمیٹ میں محفوظ بھی کر سکیں گے۔
Modified: Tue, 03/17/2015 - 10:11