کوڈنگ کے لیے نوٹ پیڈ پلس پلس استعمال کریں

++Notepad دنیا بھر کے پروگرامرز میں بہت مقبول ہے۔ اس کی وجہ نوٹ پیڈ کے بہت سے مفید فیچرز ہیں جو کوڈنگ اور ٹیکسٹ ایڈیٹنگ میں سہولت فراہم کرتے ہیں۔ نوٹ پیڈ کے اصل ورژن میں شامل فیچرز کے علاوہ ماہر پروگرامرز نے اس کے لیے بہت سے کارآمد Plugins بھی تیار کیے ہیں جو نوٹ پیڈ کی کارکردگی اور افادیت میں اضافہ کرتے ہیں۔

نوٹ پیڈ ++ کے نمایاں فیچرز یہ ہیں: کوڈ کے حصوں کو مختلف رنگوں میں دکھانا۔ کوڈ کے جن حصوں کی فی الوقت ضرورت نہ ہو، انہیں فولڈ کرنا۔ فائل کی مختلف لائنوں پر بک مارکس لگانا۔ بیک وقت بہت سی فائلوں میں تلاش اور تبدیلیاں کرنا۔ انگلش یا اردو زبان کے اعتبار سے لکھائی کی سمت تبدیل کرنا وغیرہ۔

آئیں نوٹ پیڈ کے مختلف مفید فیچرز اور ان کے استعمال کا طریقہ دیکھتے ہیں۔

  1. Installation
  2. Coding language
  3. Syntax highlighting
  4. Syntax folding
  5. Multi-views of document
  6. Zoom-in / Zoom-out
  7. Custom code styles
  8. Find and replace in files
  9. Save all open files
  10. Bookmarks
  11. Word wrap
  12. Document direction (LTR / RTL)
  13. Macro recording and playback
  14. TextFX plugin for Notepad++

Installation

++Notepad کی ویب سائیٹ سے نیا ورژن ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کرلیں۔

نوٹ پیڈ پلس پلس کی ویب سائیٹ سے نیا ورژن ڈاؤن لوڈ کریں


UP

Coding language

نوٹ پیڈ میں کسی بھی ٹائپ (SQL, Java, PHP, Javascript, CSS, HTML وغیرہ) کی فائل کھولی جائے، تو نوٹ پیڈ خودبخود اس کے مطابق کوڈ مختلف رنگوں میں دکھا دیتا ہے۔ یا پھر نوٹ پیڈ میں نئی فائل کھول کر اسے مطلوبہ فائل فارمیٹ میں محفوظ کیا جائے تو بھی فائل میں موجود کوڈ اس فائل فارمیٹ کے مطابق مختلف رنگوں تبدیل ہو جاتا ہے۔ لیکن اگر آپ نئی فائل کھول کر فورً‌ا کوڈنگ کی مطلوبہ لینگویج مقرر کرنا چاہیں تو درج ذیل تصویر کے مطابق ایسا کر سکتے ہیں۔

کوڈنگ لینگویج سیٹ کریں


UP

Syntax highlighting

Syntax highlighting کا اصل مطلب یہ ہے کہ کوڈ کے حصے مختلف رنگوں میں ہوں تاکہ پروگرامر کو ہر حصہ نمایاں ہو کر نظر آئے۔ مثلاً‌ ویری ایبل کا رنگ اور ہو، اسٹرنگ کا رنگ مختلف ہو، نمبر کا رنگ جدا ہو، اور فنکشن کا رنگ الگ ہو۔ اس سے کوڈ پڑھنے میں آسانی رہتی ہے۔ لیکن میں نے اس عنوان کے تحت دو مزید مثالیں شامل کی ہیں۔ پہلی مثال کے لیے درج ذیل تصویر اور دوسری مثال کے لیے اس سے اگلی تصویر دیکھیں۔

کوڈنگ میں کوئی ویلیو سلیکٹ کی جائے تو نوٹ پیڈ وہ ویلیو اور اس سے ملتی جلتی ویلیوز ایک مخصوص رنگ میں نمایاں کرکے دکھا دیتا ہے۔ میں ذاتی طور پر اس فیچر سے یہ فائدہ اٹھاتا ہوں کہ مثلاً‌ HTML فارم مکمل کرنے کے بعد ہر ایلیمنٹ کی پہلی ویلیو سلیکٹ کر کے اطمینان کرتا ہوں کہ اس ایلیمنٹ کی باقی ویلیوز اس کے مطابق ہیں یا نہیں۔ یعنی یہ فیچر کوڈ کے لیے Spellchecker کا کام دیتا ہے۔ مثال کے طور پر درج ذیل تصویر میں صرف پہلے first_name پر ڈبل کلک کرکے اسے سلیکٹ کیا گیا ہے جس سے باقی ویلیوز بھی سبز میں رنگ میں دکھائی دے رہی ہیں۔

ایک ویلیو سلیکٹ کرنے پر اس سے ملتی جلتی ویلیوز نمایاں ہوجاتی ہیں


اگر آپ کو کبھی بنی بنائی HTML ٹیمپلیٹ استعمال کرنے کا موقع ملا ہو تو آپ نے دیکھا ہوگا کہ بعض ایسی ٹیمپلیٹس میں غیر ضروری کوڈ بہت ہوتا ہے۔ کیونکہ کچھ ایسی ٹیمپلیٹس خودکار سافٹ ویئرز کی مدد سے بنائی گئی ہوتی ہیں جو گرافک کو کوڈ میں تبدیل کرتے ہیں۔ اور جب ایسی ٹیمپلیٹ کا کوئی حصہ ختم کرنا ہو تو کوڈ میں یہ تلاش کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ وہ حصہ شروع کہاں سے ہو رہا ہے اور ختم کہاں پر ہو رہا ہے۔ اس طرح کی صورت حال میں نوٹ پیڈ کا درج ذیل تصویر میں دکھایا گیا فیچر بہت کار آمد رہتا ہے۔ مطلوبہ حصے کے ابتدائی ٹیگ (Starting tag) پر کرسر لے کر آئیں جس سے اس بلاک کا اختتامی ٹیگ (Ending tag) خود بخود نمایاں ہو جائے گا۔ اس سے مطلوبہ حصہ کوڈ سے الگ کرنے میں مدد ملے گی اور آپ غلطی سے کسی دوسرے حصے کا ٹیگ ڈیلیٹ کرنے سے بچے رہیں گے۔

ٹیگ کا آغاز سلیکٹ کرنے پر اس ٹیگ کا اختتام سلیکٹ ہو جاتا ہے


UP

Syntax folding

کوڈنگ کے دوران کبھی اس بات کی ضرورت پیش آتی ہے کہ فائل کے مختلف حصے ایک ہی اسکرین پر ساتھ ساتھ دیکھے جائیں تاکہ ان دونوں حصوں کا موازنہ کیا جا سکے۔ مثلاً‌ اگر HTML فارم php میں پراسیس کیا جا رہا ہے تو دونوں حصے ساتھ ساتھ دیکھنے سے HTML فارم کے ایلیمنٹس اور php کے ویری ایبلز کا موازنہ کیا جا سکتا ہے۔ اس مقصد کے لیے نوٹ پیڈ کا فیچر Syntax folding استعمال کیا جا سکتا ہے جس کی مدد سے کوڈ کے وہ حصے عارضی طور پر فولڈ کیے جا سکتے ہیں جنہیں دیکھنے کی فی الوقت ضرورت نہیں ہے۔ مثال کے طور پر درج ذیل تصویر دیکھیں جس میں ٹیمپلیٹ کا head اور footer سیکشن ساتھ ساتھ دیکھنے کے لیے درمیان والا حصہ فولڈ کیا جا رہا ہے۔

کوڈ کے مختلف حصے ساتھ ساتھ دیکھنے کے لیے درمیان والے حصے فولڈ کرلیں


UP

Multi-views of document

ایک ہی فائل کے دو مختلف حصے ساتھ ساتھ دیکھنے کے لیے نوٹ پیڈ کا یہ فیچر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ فائل کی ٹیب پر رائیٹ کلک کریں جس سے ایک مینیو ظاہر ہوگا، اس مینیو میں سے Clone to Other View آپشن منتخب کریں۔

ایک ہی فائل دو مختلف ٹیبز میں کھول کر مختلف حصے ساتھ ساتھ دیکھیں


درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ ایک ہی فائل دو مختلف ٹیبز میں نظر آرہی ہے۔ ایک ٹیب میں نیچے کی طرف، جبکہ دوسری ٹیب میں اوپر کی طرف اسکرول کر کے فائل کے مختلف حصے ساتھ ساتھ دیکھے جا سکتے ہیں۔

فائل کے  دائیں اور بائیں دو مختلف ویوز


دو ٹیبز کے درمیان موجود دانے دار لائن پر رائیٹ کلک کریں جس سے ایک مینیو ظاہر ہوگا، اس مینیو کے Rotate to right آپشن پر کلک کرنے سے یہ ٹیبز دائیں بائیں نظر آئیں گی، اور Rotate to left آپشن پر کلک کرنے سے یہ ٹیبز اوپر نیچے نظر آئیں گی۔

فائل کے اوپر اور نیچے دو مختلف ویوز


UP

Zoom-in / Zoom-out

کوڈ کا زیادہ حصہ اسکرین پر دیکھنا ہو تو Zoom out، جبکہ کوڈ کا کوئی حصہ نمایاں کرکے دیکھنا ہو تو Zoom in کیا جا سکتا ہے۔ یہ دونوں آپشن نوٹ پیڈ کی ٹول بار پر موجود ہیں۔

کوڈ کا فونٹ حسب ضرورت چھوٹا یا بڑا کریں


UP

Custom code styles

نوٹ پیڈ کی طرف سے سپورٹ کی گئی ہر لینگویج کے اسٹائلز اپنی مرضی سے مقرر کیے جا سکتے ہیں۔ درج ذیل تصویر کی مدد سے کسی بھی لینگوئج کے اسٹائلز تبدیل کرنے کے لیے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔

کوڈ کے مختلف حصوں کے اسٹائلز اپنی مرضی کے مطابق مقرر کریں


جب مختلف جگہوں سے لیے گئے کوڈز کسی پراجیکٹ میں استعمال کیے جاتے ہیں تو اکثر یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ کوئی ویلیو Single quotes میں ہوتی ہے اور کوئی Double quotes میں۔ معیاری اور صاف ستھرا کوڈ لکھنے والے پروگرامرز کو یہ صورتحال بہت پریشان کرتی ہے، اور پوری فائل میں موجود ایسی ویلیوز کسی ایک انداز میں تبدیل کر کے ہی ان کی تسلی ہوتی ہے۔ اگر آپ بھی ایسے پروگرامر ہیں تو آپ یہ کر سکتے ہیں کہ نوٹ پیڈ میں سنگل یا ڈبل کوٹ ویلیوز کے اسٹائلز اپنی مرضی سے مقرر کریں۔ اس سے یہ ہوگا کہ فائل میں موجود تمام ایسی ویلیوز نمایاں ہو کر نظر آئیں گی اور آپ کے لیے ان ویلیوز کے گرد موجود قوسین تبدیل کرنا آسان ہوگا۔

Find & Replace ڈائیلاگ باکس کی مدد سے بھی کوڈ کی سنگل یا ڈبل کوٹس تبدیل کی جا سکتی ہیں، لیکن ایسا کرتے وقت اس بات کا خیال رکھیں کہ کسی عبارت کے اندر موجود کوٹس تبدیل نہ ہو جائیں۔

سنگل کوٹ ویلیو کے لیے خود سے مہیا کیے گئے اسٹائل کی ایک مثال


UP

Find and replace in files

بعض دفعہ پراجیکٹ کی مختلف فائلز میں موجود کوئی خاص ویلیو تبدیل کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ Find & Replace ڈائیلاگ باکس بہت سے سافٹ ویئرز میں موجود ہوتا ہے۔ نوٹ پیڈ کے اس ڈائیلاگ باکس میں Find in Files کے نام سے ایک اضافی ٹیب موجود ہے۔ درج ذیل تصویر کے مطابق مطلوبہ ویلیوز کے علاوہ فلٹر کے خانے میں مطلوبہ فائل فارمیٹ مہیا کریں، اور پراجیکٹ فولڈر کا پاتھ مہیا کریں۔ درج ذیل تصویر میں فلٹرز کے خانے میں php.* کا مطلب یہ ہے کہ تمام php فائلز میں تلاش اور تبدیل کیا جائے۔ ڈائیلاگ باکس میں دیگر آپشنز بھی موجود ہیں جو حسب ضرورت استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

بیک وقت ایک سے زیادہ فائلوں میں مطلوبہ الفاظ تلاش اور تبدیل کریں


UP

Save all open files

ڈیویلپرز کو بعض اوقات ایک سے زیادہ فائلوں پر بیک وقت کام کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اگر ایسی فائلوں کی تعداد زیادہ ہو تو یہ فکر بھی رہتی ہے کہ کوئی فائل ایسی تو نہیں جو محفوظ ہونے سے رہ گئی ہو۔ اس مسئلے کے حل کے لیے نوٹ پیڈ کا Save All آپشن استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ آپشن فائل مینیو میں بھی موجود ہے اور ٹول بار پر بھی۔

تمام کھلی ہوئی بیک وقت محفوظ کریں


UP

Bookmarks

نوٹ پیڈ کا Bookmark فیچر بھی بہت کار آمد ہے۔ خاص طور پر جب فائل بہت بڑی ہو تو فائل کے مطلوبہ حصے پر جانے کے لیے یا تو اسکرول کر کے وہ حصہ تلاش کرنا پڑتا ہے یا پھر Find ڈائیلاگ باکس کی مدد حاصل کرنا پڑتی ہے۔ درج ذیل تصویر کے مطابق لائن نمبرز کے ساتھ موجود خالی جگہ پر کلک کرنے سے کوڈ کے اس حصے میں بک مارک لگ جائے گا۔ ایک بک مارک سے دوسرے پر جانے کے لیے F2 بٹن استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اگر کرسر آخری بک مارک پر موجود ہو تو F2 بٹن دبانے سے کرسر فائل کے پہلے بک مارک پر چلا جاتا ہے، یوں فورً‌ا فائل کے مطلوبہ حصے تک پہنچا جا سکتا ہے۔

کوڈ کے مختلف حصوں میں بک مارک لگائیں


درج ذیل تصویر میں بک مارکس سے متعلقہ آپشنز کا مینیو دکھایا جا رہا ہے۔

بک مارکس سے متعلقہ آپشنز کا مینیو


UP

Word wrap

اگر وائیڈ اسکرین مانیٹر استعمال کیا جائے تو کوڈ میں ایسی لائنیں کم ہی باقی رہتی ہیں جو اسکرین پر مکمل نظر نہ آئیں۔ لیکن اگر آپ ایسے پروگرامر ہیں جو میری طرح ہر قسم کا کام Netbook پر کرتے ہیں تو Word wrap کا یہ فیچر گاہے بگاہے آپ کے کام آتا رہے گا۔

لمبی لائنوں کو فولڈ کر کے ایک ہی اسکرین پر دیکھیں


درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ عبارت فولڈ ہو کر اسکرین پر مکمل نظر آرہی ہے۔ جبکہ لائن نمبرز کے درمیان فاصلے سے آپ یہ معلوم کر سکتے ہیں کہ لائن کہاں سے شروع ہو کر کہاں مکمل ہو رہی ہے۔

فولڈ کی ہوئی لمبی لائنیں


UP

Document direction - LTR / RTL

اردو عبارت میں اگر انگلش الفاظ موجود ہوں تو جملوں کی ترتیب خراب ہوجاتی ہے۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کہ تقریباً‌ تمام سافٹ ویئرز میں ڈیفالٹ سیٹنگ بائیں سے دائیں (Left to right) دکھانے کی ہوتی ہے۔ اگر آپ اردو عبارتوں پر مشتمل فائلز پر کام کرتے ہیں تو نوٹ پیڈ کے Text Direction RTL آپشن کی مدد سے یہ عبارتیں دائیں سے بائیں (Right to left) دیکھ سکتے ہیں۔

دائیں سے بائیں یعنی اردو عربی مواد ٹھیک طرح سے پڑھنا


UP

Macro recording and playback

Macro کے استعمال پر مہارت حاصل ہو جائے تو اس سے فائل ایڈیٹنگ کا بہت سا وقت بچایا جا سکتا ہے۔ کسی خاص کام کی تکمیل کے لیے ایک ترتیب میں دی گئی ہدایات کا مجموعہ Macro کہلاتا ہے۔ اگر فائل کے مختلف حصے ایک ہی ترتیب (Pattern) پر ہوں تو آپ یہ کر سکتے ہیں کہ ایک حصے میں کی گئی تبدیلیاں ایک میکرو میں ریکارڈ کر لیں، پھر فائل کے باقی حصوں میں وہی تبدیلیاں بجائے ہاتھ سے کرنے کے، بذریعہ میکرو کرلیں۔

نوٹ پیڈ میں میکرو کی ریکارڈنگ شروع کرنے کے لیے ٹول بار پر موجود Start Recording بٹن پر کلک کریں۔

میکرو ریکارڈنگ شروع کریں


ایسی تبدیلیوں کے لیے کی بورڈ پر Home اور End بٹن ضرور استعمال کریں۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ چھوٹی بڑی لائنوں کے لیے یہ تبدیلیاں یکساں ہوں گی۔ جب ایک حصے میں تبدیلیاں مکمل ہو جائیں تو ٹول بار پر Stop Recording بٹن پر کلک کریں۔

فائل کے پہلے حصے میں تبدیلیاں کر کے میکرو ریکارڈنگ بند کریں


  1. بہتر یہ ہے کہ Run بٹن پر بار بار کلک کر کے بذریعہ میکرو فائل کے باقی حصوں میں تبدیلیاں کی جائیں۔ اس سے یہ ہوگا کہ یہ تبدیلیاں آپ کی نظروں کے سامنے ہوں گی اور کسی ممکنہ غلطی کی فوری نشاندہی ہو جائے گی۔
  2. لیکن اگر آپ بالکل مطمئن ہیں کہ میکرو ایک سے زیادہ مرتبہ چلانے سے کسی غلطی کا امکان نہیں ہے، تو درج ذیل تصویر کے مطابق ٹول بار پر دوسرے بٹن پر کلک کریں۔ اس سے ایک ڈائیلاگ باکس ظاہر ہوگا جس کی مدد سے ریکارڈ کیا گیا میکرو بیک وقت ایک سے زیادہ مرتبہ چلایا جا سکتا ہے۔

ریکارڈ کیا گیا میکرو ایک یا ایک سے زائد مرتبہ چلائیں


UP

TextFX plugin for Notepad

++Notepad کے لیے بہت سے ماہر پروگرامرز نے Plugins بنائے ہیں جو نوٹ پیڈ کی افادیت اور کارکردگی میں اضافہ کرتے ہیں۔ نوٹ پیڈ کے لیے دستیاب پلگ انز کی فہرست دیکھنے کے لیے پلگ ان مینیجر ڈائیلاگ باکس کھولیں۔

نوٹ پیڈ پلس پلس کے پلگ ان مینیجر کا ڈائیلاگ باکس کھولیں


میں ذاتی طور پر نوٹ پیڈ کے لیے TextFX Characters پلگ ان ضرور انسٹال کرتا ہوں۔ اس میں دیگر بہت سے فیچرز کے علاوہ حروف تہجی کے اعتبار سے عبارتوں کی ترتیب لگانے اور انگلش ٹیکسٹ کو چھوٹے یا بڑے حروف میں تبدیل کرنے کے فیچرز بھی موجود ہیں جن کی بسا اوقات ضرورت پڑ جاتی ہے۔

نوٹ پیڈ پلس پلس کے لیے مفید پلگ ان کی تنصیب کریں


  1. درج ذیل تصویر میں TextFX پلگ ان کا حروف تہجی کے اعتبار سے الفاظ کی ترتیب لگانے کا آپشن دکھایا جا رہا ہے۔
  2. آپ دیکھ رہے ہیں کہ اس وقت Sort Ascending آپشن منتخب ہے جو A سے Z کے لحاظ سے ترتیب دینے کے لیے ہے۔ لیکن اگر اس سے نیچے والا آپشن منتخب ہو جس میں UNIQUE کا لفظ ہے، تو سلیکٹ کی ہوئی لسٹ میں سے ڈپلیکیٹ ویلیوز ختم ہو جائیں گی۔ یعنی کوئی ویلیو ایک سے زیادہ مرتبہ موجود ہے تو ایک ویلیو لسٹ میں رہ جائے گی، باقی ڈیلیٹ ہو جائیں گی۔

پلگ ان کے استعمال کی ایک مثال ۔ مواد کو حروف تہجی کے اعتبار سے ترتیب دیں


درج ذیل تصویر میں منتخب شدہ انگلش الفاظ کو بڑے حروف میں تبدیل کرنے کا آپشن دکھایا جا رہا ہے۔

پلگ ان کے استعمال کی دوسری مثال ۔ انگلش عبارت کو بڑے حروف میں تبدیل کریں