PHP پروگرامنگ لینگوئج کی مدد سے بنائی جانے والی ویب ایپلی کیشنز کو چلانے کے لیے عام طور پر Apache ویب سرور سافٹ ویئر استعمال کیا جاتا ہے۔ اپاچی ویب سرور کا کام صارفین کی طرف سے درخواستیں موصول کرنا اور ان کا جواب دینا ہوتا ہے۔ مثلاً جب کوئی صارف براؤزر میں کسی ویب پیج، پی ڈی ایف فائل، یا کسی آڈیو فائل وغیرہ کا ایڈریس مہیا کرتا ہے تو براؤزر یہ درخواست ویب سرور کے پاس بھیجتا ہے۔ اس ویب سرور پر یہ درخواست اپاچی سافٹ ویئر وصول کرتا ہے اور پھر صارف کی درخواست کے مطابق ڈسک سے مطلوبہ فائل تلاش کر کے بھیجتا ہے۔ صارف کی یہ درخواست ایسے ویب پیج کے لیے بھی ہو سکتی ہے جو PHP کی مدد سے بنایا گیا ہو اور اس ویب پیج میں MySQL ڈیٹابیس سے کچھ ریکارڈز حاصل کر کے شامل کیے گئے ہوں۔
ویب ہوسٹنگ اکاؤنٹ اس لیے حاصل کیا جاتا ہے تاکہ ویب سائیٹ یا ویب ایپلی کیشن لوگوں کے استعمال کے لیے اپ لوڈ کی جا سکے۔ لیکن ویب ایپلی کیشن کی ڈیویلپمنٹ کے لیے ہوسٹنگ اکاؤنٹ کا استعمال کچھ زیادہ فائدہ مند نہیں رہتا۔ اس لیے کہ پروگرامنگ کے دوران کوڈ میں تبدیلیاں کرتے ہوئے ایپلی کیشن کو مسلسل ٹیسٹ کرنا پڑتا ہے۔ اور ہر تبدیلی کے بعد کوڈ کی فائل اپ لوڈ کرنا اور پھر براؤزر میں ٹیسٹ کرنا دقت طلب کام ہے۔ اس کے علاوہ ہوسٹنگ اکاؤنٹ استعمال کرتے ہوئے ویب ڈیویلپمنٹ کے لیے انٹرنیٹ کنکشن بھی ہر وقت درکار ہوتا ہے۔ اس لیے ڈیویلپرز اپنے ذاتی کمپیوٹر پر وہ تمام ٹولز اور سافٹ ویئرز انسٹال کر لیتے ہیں جن کی مدد سے ہوسٹنگ اکاؤنٹ اور انٹرنیٹ کنکشن کے بغیر ویب ڈیویلپمنٹ کی جا سکے۔ چنانچہ PHP ویب ایپلی کیشن ڈیویلپمنٹ کے لیے درج ذیل سافٹ ویئر پیکیجز کمپیوٹر پر انسٹال کرنا ضروری ہیں:
- خود کار طریقے سے ویب پیجز بنانے کے لیے PHP پروگرامنگ لینگویج
- ویب ایپلی کیشنز کا ڈیٹا محفوظ کرنے کے لیے MySQL ڈیٹابیس سسٹم
- براؤزر میں ویب ایپلی کیشن چلانے کے لیے Apache ویب سرور
- کم سے کم SQL کوڈ لکھتے ہوئے ڈیٹابیسز پر کام کرنے کے لیے phpMyAdmin ویب ایپلی کیشن
- ایپلی کیشن کی رفتار ٹیسٹ کرنے کے لیے webGrind یا اس جیسا کوئی دوسرا ٹول
WampServer درج بالا تمام سافٹ ویئرز ایک ہی انسٹالیشن پیکیج کی صورت میں مہیا کر دیتا ہے۔ اگر آپ ویمپ سرور یا اس جیسا کوئی دوسرا ٹول استعمال نہیں کریں گے تو آپ کو یہ تمام سافٹ ویئرز الگ الگ ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کرنا پڑیں گے۔ آئیں ویمپ سرور ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کرنے کا طریقہ کار دیکھتے ہیں۔
نوٹ: پہلے یہ دیکھ لیں کہ آپ کے کمپیوٹر پر 32bit آپریٹنگ سسٹم ہے یا 64bit۔ ونڈوز میں یہ دیکھنے کے لیے Start مینیو پر کلک کریں، پھر Computer پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کرکے مینیو کھولیں اور پھر Properties آپشن منتخب کریں۔ ایسا کرنے سے جو اسکرین سامنے آئے گی اس میں System type کے تحت یہ معلومات دستیاب ہوں گی۔
اب ویمپ سرور کی ویب سائیٹ کھول کر ڈاؤن لوڈ کے لیے سب سے تازہ ورژن منتخب کریں جو آپ کے آپریٹنگ سسٹم سے مطابقت رکھتا ہو۔
جیسے ہی میں نے ویمپ سرور کا ورژن منتخب کیا، درج ذیل ڈائیلاگ باکس ظاہر ہوا جس میں کہا گیا ہے کہ پہلے ++Visual C کا پیکیج ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔
ویمپ سرور کے لیے درکار ++Visual C پیکیج ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔
اب ویمپ سرور ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔
اگر آپ نے انسٹالیشن کے فورًا بعد ویمپ سرور نہیں چلایا تو درج ذیل تصویر کے مطابق آئی کان تلاش کر کے ویمپ سرور چلائیں۔
ونڈوز 7 پر جب میں نے ویمپ سرور چلایا تو سسٹم ٹرے پر اس کا آئی کان مالٹے رنگ کا تھا حالانکہ اسے سبز ہونا چاہیے تھا۔ مالٹے رنگ کے آئی کان کا مطلب یہ ہے کہ ویمپ سرور کے تحت تمام سافٹ ویئر پیکیجز کی انسٹالیشن یا کنفیگریشن ٹھیک طرح سے نہیں ہو سکی۔ اس کی مختلف وجوہات ہو سکتی ہیں۔ گوگل پر تلاش کی مدد سے میرا مسئلہ یوں حل ہوا کہ پہلے میں نے درج ذیل تصویر کے مطابق Install Service آپشن کے ذریعے Apache کی سروس انسٹال کی۔ پھر Start/Resume Service آپشن کے ذریعے یہ سروس چلائی۔ یوں ویمپ سرور کا آئیکان سبز رنگ میں تبدیل ہوگیا۔
اب لوکل ہوسٹ چلا کر ویمپ سرور کی انسٹالیشن ٹیسٹ کریں۔ لوکل ہوسٹ کا مطلب یہ ہے کہ ہم بذریعہ نیٹ ورک اپنے ہی کمپیوٹر تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ آپ براؤزر میں Localhost لکھنے کی بجائے 127.0.0.1 بھی لکھ سکتے ہیں جو کہ زیادہ تر کمپیوٹرز کا Loopback ایڈریس ہوتا ہے۔
درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ لوکل ہوسٹ کے صفحے پر بہت سے لنکس نظر آرہے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ Apache ویب سرور نے PHP کی مدد سے بنایا گیا ویب پیج براؤزر کی طرف بھیج دیا ہے۔ اس کے علاوہ اسکرین پر آپ کو MySQL کا ورژن نمبر بھی نظر آرہا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ڈیٹابیسز بنانے اور ان پر کام کرنے کے لیے MySQL سافٹ ویئر بھی انسٹال ہوگیا ہے۔ مزید تسلی کے لیے phpMyAdmin کے لنک پر کلک کریں۔
درج ذیل تصویر میں phpMyAdmin کی اسکرین نظر آرہی ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اب ہم با آسانی MySQL کی ڈیٹابیسز بنا کر ان پر کام کر سکتے ہیں۔
اب ایک کام اور کریں۔ اپاچی ویب سرور کا وہ آپشن فعال کریں جس کی مدد سے Localhost پر ویب پیجز کے Clean-URLs فعال کیے جا سکتے ہیں۔ ورنہ یہ ہوگا کہ ورڈ پریس یا ڈروپل وغیرہ کے سب پیجز ٹھیک طریقے سے کام نہیں کریں گے۔ درج ذیل تصویر کے مطابق اپاچی ویب سرور کی کنفیگریشن فائل کھولیں۔
اپاچی کی کنفیگریشن فائل میں سے درج ذیل تصویر میں دکھائی گئی mode_rewrite کی لائن تلاش کریں۔ اور پھر اس لائن کے شروع سے # نشان ختم کر کے فائل محفوظ کریں۔ اب W نشان پر کلک کر کے Restart All Services آپشن پر کلک کر دیں۔
Modified: Sun, 02/11/2018 - 11:50