اگرچہ یہ ای میل اور ٹیکسٹ میسجنگ کا زمانہ ہے، لیکن طباعت کا دور قریب قریب ختم ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا۔ بلکہ اس بارے میں ریسرچ موجود ہے کہ لوگ لمبی عبارتیں پڑھنے کے لیے اسکرین کی بجائے کاغذ کو ترجیح دیتے ہیں۔ چنانچہ Kindle اور اس جیسی دیگر ڈیوائسز اسی حقیقت کے پیش نظر متعارف کرائی گئی ہیں اور ترقی یافتہ ممالک میں بہت مقبول ہیں۔
شخصیات، تعلیمی مراکز اور کاروباری اداروں کو خط و کتابت کے لیے لیٹرہیڈ استعمال کرنے کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔ عام طور پر لیٹرہیڈ کسی ماہر ڈیزائنر سے تیار کروا کر پرنٹنگ پریس سے پرنٹ کروایا جاتا ہے، اور جب ضرورت پیش آتی ہے اس لیٹرہیڈ کے صفحہ پر خط وغیرہ لکھا جاتا ہے، یا کمپیوٹر میں خط ٹائپ کر کے اس کاغذ پر پرنٹ کیا جاتا ہے۔ اگر آپ طباعت کی ضروریات کے لیے Inpage سافٹ ویئر استعمال کرتے ہیں تو آپ یوں کر سکتے ہیں کہ ان پیج میں ہی ایک لیٹرہیڈ تیار کر لیں، اور جب ضرورت پیش آئے اس فائل میں خط لکھ کر لیٹرہیڈ سمیت پرنٹ کر لیں۔ آئیں ان پیج میں لیٹرہیڈ کی تیاری کا یہ عمل مرحلہ وار دیکھتے ہیں۔
ان پیج کے File مینیو میں New آپشن پر کلک کر کے نئی فائل کھولیں۔
درج ذیل تصویر میں دکھایا گیا ڈائیلاگ باکس ان پیج میں نئی فائل کھولنے پر سامنے آتا ہے۔ اس ڈائیلاگ باکس کی مدد سے ان پیج ڈاکومنٹ کے صفحے کا سائز حسب ضرورت سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ میں نے صفحہ کے اردگرد خالی جگہ کے لیے ویلیوز مہیا کی ہیں۔ یعنی صفحہ کی عبارت کے دائیں اور بائیں 25 ملی میٹر فاصلہ مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ صفحہ کے اوپر 55 میٹر اور نیچے 35 ملی میٹر فیصلہ مقرر کیا گیا ہے۔ اوپر اور نیچے اس لیے زیادہ فاصلہ دیا گیا ہے تاکہ صفحہ کے اوپر لیٹرہیڈ کا عنوان اور نیچے ایڈریس لکھا جا سکے۔
بہت سے سافٹ ویئرز میں کام کرتے ہوئے اسکرین کا کوئی حصہ قریب سے یا دور سے دیکھنے کی ضرورت پیش آتی ہے جس کے لیے Zoom کے آپشنز استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان پیج کے View مینیو میں یہ آپشنز موجود ہیں جن کے شارٹ کٹس آپ درج ذیل تصویر میں دیکھ رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آپ صفحہ کے نیچے والے حصے میں بھی اپنی مرضی کی ویلیو مہیا کر سکتے ہیں۔
ضروری نہیں کہ جو خط لکھا جائے وہ ایک ہی صفحہ میں پورا آجائے، بعض خط ایک سے زیادہ صفحہ پر پھیلے ہوتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ لیٹرہیڈ صرف پہلے صفحہ پر نہیں بلکہ خط کے ہر صفحہ پر موجود ہو، تو اس کے لیے ان پیج کا Master page استعمال کرنا ہوگا۔ ان پیج میں جو چیزیں ہر صفحہ پر لانا مقصود ہوں انہیں ماسٹر پیج پر بنایا جاتا ہے۔ اس لیے درج ذیل تصویر کے مطابق نیچے والے حصے میں بائیں طرف M بٹن پر کلک کریں۔ جب یہ بٹن دبا ہوا ہو تو سمجھ لیں کہ اس وقت آپ ماسٹر پیج پر ہیں۔
لیٹرہیڈ کی عبارتیں درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق سیٹ کرنے کے لیے:
- بائیں طرف موجود ٹول بار میں سے Text ٹول منتخب کریں۔ اب ماؤس کی مدد سے صفحہ پر لکھائی کے تین ڈبے بنائیں۔
- جب تینوں ڈبے بن جائیں تو ٹول بار میں سے Pick ٹول منتخب کریں۔ اب ہر ڈبے کا سائز ماؤس کی مدد سے بہتر کریں۔ اس مقصد کے لیے اوپر آپشن بار پر موجود آپشنز بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔
- آپشن بار پر موجود اس باکس کی مدد سے سلیکٹ کیے گئے آبجیکٹ کی چوڑائی مقرر کی جا سکتی ہے۔
- اس باکس کی ویلیو یہ بتاتی ہے کہ صفحہ کے اوپر والے کنارے سے آبجیکٹ کا کتنا فاصلہ ہے۔ باری باری تینوں باکس سلیکٹ کر کے اس باکس میں موجود ویلیو دیکھیں۔ ایسا کرنے سے آپ کو یہ معلوم ہو جائے گا کہ ان تینوں باکسز کے اوپر والے کنارے ایک دوسرے کے برابر ہیں یا نہیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- ٹول بار سے Hand ٹول منتخب کر کے تینوں باکسز میں عبارتیں لکھیں۔
- آپشن بار پر موجود اس ڈراپ ڈاؤن مینیو کی مدد سے اردو اور عربی عبارتوں کے لیے فونٹ مقرر کیا جا سکتا ہے۔
- اس باکس کی مدد سے یہ بتایا جا سکتا ہے کہ کرسر والی لائن کا اوپر والی لائن سے کتنا فاصلہ ہونا چاہیے۔
- اس ڈراپ ڈاؤن مینیو کی مدد سے انگلش عبارت کا فونٹ منتخب کیا جا سکتا ہے۔
- اس باکس میں فونٹ کا سائز مقرر کیا جا سکتا ہے۔
- ان پیج میں انگلش عبارت لکھنے کے لیے Status bar پر دائیں جانب موجود آپشن پر کلک کریں۔ اسی طرح اردو لکھنے کے لیے دوبارہ اس آپشن پر کلک کریں۔ اس مقصد کے لیے Ctrl+Space شارٹ کٹ بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
- اب ٹول بار پر نیچے والے حصے میں موجود Rectangle ٹول کی مدد سے انگلش عبارت کے گرد باکس بنائیں۔
- ٹول بار سے گول کناروں والا Rectangle ٹول منتخب کر کے لیٹرہیڈ کے دائیں اور بائیں جانب موجود لکھائی کے ڈبوں کے گرد باکس بنائیں۔
- اوپر آپشن بار پر موجود اس آپشن کی مدد سے یہ بتایا جا سکتا ہے کہ ڈبے کے کناروں کی گولائی کتنی ہونی چاہیے۔
اب تک جو لیٹرہیڈ تیار کیا گیا ہے، اگر آپ اس کے تمام آبجیکٹس کی جگہ تبدیل کرنا چاہیں، یعنی تھوڑا اوپر یا نیچے کرنا چاہیں تو اس کے لیے ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں۔ اب ماؤس کی مدد سے تمام آبجیکٹس سلیکٹ کر کے ان کی جگہ تبدیل کریں۔ سلیکٹ کیے گئے آبجیکٹس کی جگہ تبدیل کرنے کے لیے کی بورڈ پر Arrow keys بھی استعمال کی جا سکتی ہیں۔
- صفحہ کے نیچے والے حصے میں Text ٹول کی مدد سے عبارت لکھیں۔
- ٹول بار میں سے Line ٹول منتخب کر کے اس عبارت کے اوپر ایک لائن کھینچیں۔
- اب ماسٹر پیج بند کر کے ان پیج کے عام صفحہ میں آجائیں۔
- ٹول بار سے Hand ٹول منتخب کر کے خط کی عبارت لکھیں۔
Modified: Sun, 01/11/2015 - 17:35