فوٹو شاپ میں Distort آپشن کی مدد سے تصویروں کی ہیئت (Shape) اس طریقے سے بدلی جا سکتی ہے کہ وہ مل کر ایک سہ جہتی (3D) ڈبے کی شکل اختیار کر لیں۔ مختلف سائزوں کی تصاویر استعمال کر کے مختلف مصنوعات کے ڈبے تیار کیے جا سکتے ہیں۔ مثلاً سافٹ ویئر کا ڈبہ، پرنٹر کا ڈبہ اور برتنوں کے ڈبے وغیرہ۔ آئیں فوٹو شاپ میں ایک سہ جہتی ڈبہ بنانے کا عمل دیکھتے ہیں۔
فوٹو شاپ میں تین تصویریں لے کر آئیں اور سب سے پہلا کام یہ کریں کہ ان تصاویر کا سائز ایک جیسا کر لیں۔ اس کے لیے Image مینیو میں موجود Image Size آپشن استعمال کریں۔
درج ذیل ڈائیلاگ باکس میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ میں نے تصویر کی چوڑائی 300 پکسلز مقرر کی ہے۔ آپ اپنی ضرورت کے مطابق یہ چوڑائی سیٹ کر سکتے ہیں۔ اس بات کی تسلی کر لیں کہ ڈائیلاگ باکس کے نیچے والے حصے میں Constrain Proportions آپشن فعال ہو۔ اس آپشن کا فائدہ یہ ہے کہ چوڑائی یا اونچائی دونوں میں سے کوئی ایک ویلیو مہیا کی جائے تو متناسب سائز کے لیے دوسری ویلیو فوٹو شاپ خود بخود مقرر کر دیتا ہے۔
فوٹو شاپ میں کسی بڑی تصویر کا سائز چھوٹا کیا جائے تو اسکرین پر وہ بہت چھوٹی ہو جاتی ہے۔ ٹول باکس پر Zoom Tool منتخب کریں اور پھر پراپرٹی بار پر Actual Pixels بٹن پر کلک کر دیں۔ اس سے مطلوبہ تصویر اسکرین پر اپنے اصل سائز میں آجائے گی۔
اب پہلی تصویر کی طرح باقی دو تصویروں کی چوڑائی بھی 300 پکسلز سیٹ کریں۔
اب ہم نے تمام تصویروں کو ایک فائل میں مختلف Layers پر لے کر آنا ہے۔ اس کے لیے آپ کسی ایک تصویر کو بنیاد بنا لیں اور باقی دو تصویروں کو کاپی کر کے اس پر پیسٹ کر لیں۔ یعنی درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- Marquee Tool منتخب کریں۔
- تصویر نمبر 2 پر کلک کریں۔ پھر کی بورڈ پر Ctrl+A دبا کر مکمل تصویر سلیکٹ کریں۔ اس کے بعد Ctrl+C دبا کر یہ تصویر کاپی کر لیں۔
- پہلی تصویر پر کلک کریں اور کی بورڈ پر Ctrl+V دبا کر کاپی کی گئی تصویر یہاں پیسٹ کر دیں۔ اب تصویر نمبر 2 بند کر دیں۔
اسی طرح آپ تصویر نمبر 3 بھی پہلی تصویر پر پیسٹ کریں۔ یوں تینوں تصاویر ایک فائل میں مختلف Layers پر آجائیں گی۔ اس سے اگلے اسکرین شاٹ میں Layers پینل پر آپ یہ تینوں لیئرز دیکھ سکتے ہیں۔
View مینیو میں سے Rulers فعال کر لیں۔ اور پھر ماؤس کی مدد سے رولر سے دو گائیڈ لائنز تصویر پر لگائیں۔ یہ گائیڈ لائنز ہمیں اگلے مرحلے میں ڈبہ بنانے کے لیے درکار ہوں گی۔
درج ذیل تصویر کے مطابق:
- پہلے دو لیئرز چھپا دیں۔ لیئر کے نام کے بائیں جانب موجود آنکھ کے آئیکان پر کلک کرنے سے لیئر کو چھپایا اور ظاہر کیا جا سکتا ہے۔
- آخری لیئر سلیکٹ کر لیں۔
- ٹول بار سے Marquee Tool منتخب کریں۔ اور پھر کی بورڈ پر Ctrl+A دبا کر مکمل تصویر سلیکٹ کر لیں۔
Edit مینیو کھولیں، پھر اس میں سے Transform مینیو کھولیں، اور پھر اس کے اندر سے Distort آپشن منتخب کریں۔
درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ تصویر کے چاروں طرف ہینڈلز موجود ہیں۔ ماؤس استعمال کرتے ہوئے ان ہینڈلز کی مدد سے تصویر کی شکل تبدیل کریں۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ تصویر کے دائیں کنارے گائیڈ لائنز کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔
اب Layers پینل پر دوسرے لیئر کو ظاہر کر کے سلیکٹ کریں۔ پھر Marquee Tool منتخب کر کے Ctrl+A کی مدد سے مکمل تصویر سلیکٹ کریں۔ اب پہلی تصویر کی طرح دوسری تصویر کی شکل بھی Distort آپشن کی مدد سے درج ذیل تصویر کے مطابق بنائیں۔
اب تیسری تصویر کا لیئر ظاہر کر کے Distort آپشن کی مدد سے تصویر کی شکل اس طرح سے بنائیں کہ وہ ڈبے کی چھت کی شکل اختیار کر لے۔
ڈبے کو بہتر کرنے کے لیے آپ ٹول بار سے Line Tool منتخب کر کے ہر تصویر کے کناروں پر لائن لگا سکتے ہیں۔ لائن کی موٹائی اوپر پراپرٹی بار میں مقرر کی جا سکتی ہے۔
سہ جہتی یعنی 3D ڈبہ تیار ہے۔ ڈبے کے چھت والی تصویر اتنی واضح نہیں ہے۔ لیکن اگر آپ زیادہ اونچائی والی تصاویر کی مدد سے یہ ڈبہ بنائیں گے تو چھت کچھ بڑا ہوگا اور اس کی تصویر بھی زیادہ واضح نظر آئے گی۔
Modified: Fri, 04/27/2018 - 10:17