ونڈوز کمپیوٹر کی کارکردگی بہتر کرنے کے لیے ڈیفریگمنٹیشن کریں

کمپیوٹر پر جب کوئی نئی فائل بنائی جاتی ہے تو آپریٹنگ سسٹم کو ڈسک پر جہاں جگہ ملتی ہے وہاں اس فائل کو محفوظ کر دیتا ہے۔ اس فائل میں کچھ عرصے کے بعد جب نئی معلومات کا اضافہ کیا جاتا ہے تو آپریٹنگ سسٹم فائل کا یہ نیا حصہ ڈسک پر کسی نئی دستیاب جگہ پر محفوظ کرتا ہے۔ چنانچہ ایک خاص عرصے کے دوران جب ایک فائل میں بار بار تبدیلیاں ہوتی ہیں تو فائل کے حصے ڈسک کی مختلف جگہوں پر بکھر جاتے ہیں۔ اور یہ فائل جب کھولی جاتی ہے تو آپریٹنگ سسٹم کو ڈسک کے مختلف حصوں سے اس فائل کے حصے اکٹھے کرنا پڑتے ہیں۔ آپ سمجھ سکتے ہیں کہ ڈسک پر ایک جگہ موجود ہو تو یہ فائل کم وقت میں کھل جائے گی، لیکن بہت سی جگہوں سے اکٹھی کرنے پر اس فائل کو پڑھنے میں وقت لگ جاتا ہے۔

چنانچہ Windows میں اس مسئلے (Fragmentation) کے حل کے لیے ایک ٹول مہیا کیا گیا ہے۔ یہ ٹول ڈسک پر ڈیٹا کو اس طرح سے ترتیب دیتا ہے کہ ایک قسم کا ڈیٹا ایک ہی جگہ سے دستیاب ہو سکے۔ یوں ڈسک سے ڈیٹا کم وقت میں پڑھا جا سکتا ہے جس کے نتیجے میں کمپیوٹر کے کام کرنے کی رفتار تیز ہو جاتی ہے۔ ونڈوز 8 میں یہ ٹول Optimize Drives کے نام سے، جبکہ ونڈوز 7 میں یہ ٹول Disk Defragmenter کے نام سے موجود ہے۔

ونڈوز 8 میں چارم بار میں موجود سرچ آپشن کی مدد سے Optimize Drives تلاش کریں۔

ونڈوز 8 میں ڈیفریگمنٹ ڈائیلاگ باکس کھولیں


ونڈوز 7 میں سٹارٹ بٹن پر کلک کر کے سرچ باکس کی مدد سے Defragmenter تلاش کریں۔

ونڈوز 7 میں ڈیفریگمنٹ ڈائیلاگ باکس کھولیں


Defragmentation ڈائیلاگ باکس کھلنے پر:

  1. اگر آپ چاہیں تو پہلے Analyze disk کی مدد سے یہ معلوم کرلیں کہ مطلوبہ ڈسک کو ڈیفریگ کرنے کی ضرورت ہے یا نہیں۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ ڈسک پر اس وقت 43 فیصد ڈیٹا بکھرا پڑا ہے۔
  2. اگر اس وقت آپ ڈیفریگ نہیں کرنا چاہتے ہیں تو اوپر Schedule آپشن کی مدد سے اس کام کے لیے مستقبل کا وقت مقرر کر سکتے ہیں۔
  3. اسی وقت ڈسک کو ڈیفریگ کرنے کے لیے Defragment disk بٹن پر کلک کریں۔

ونڈوز کا ڈیفریگمنٹ ڈائیلاگ باکس


ڈسک کے سائز اور اس کے ڈیٹا کی نوعیت کے اعتبار سے ڈیفریگ منٹیشن کافی وقت لے سکتی ہے۔ اس لیے کمپیوٹر کو اس کام پر لگا دیں اور پھر بعد میں اس کا نتیجہ دیکھیں۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ ڈسک کو ڈیفریگ کرنے کا عمل جاری ہے۔

ونڈوز میں ڈسک کی ڈیفریگمنٹیشن کا عمل جاری ہے


درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ڈیفریگ منٹیشن کے نتیجے میں ڈسک کے تمام ڈیٹا کی ترتیب لگ چکی ہے۔ اور اب ڈسک پر ڈیٹا بکھری ہوئی شکل میں نہیں بلکہ یکجا حالت میں موجود ہے۔

ونڈوز میں ڈسک کی ڈیفریگمنٹیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے