ونڈوز پر تصاویر بہتر انداز میں پرنٹ کریں

ونڈوز پر تصویریں پرنٹ کرنے کے لیے جو چھوٹا سا پروگرام مہیا کیا گیا ہے وہ زیادہ تر صورتوں میں کافی ہوتا ہے۔ اس کا طریقہ بھی آسان ہے کہ مطلوبہ تصویریں سلیکٹ کرنے کے بعد رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور پھر Print آپشن پر کلک کر کے Print Pictures پروگرام کھول لیں، اس میں بنی بنائی ٹیمپلیٹس مہیا کی گئی ہیں جن کی مدد سے آپ یہ بتا سکتے ہیں کہ ایک صفحہ پر کس سائز میں اور کتنی تصویریں پرنٹ ہوں۔ لیکن بعض اوقات آپ مطلوبہ تصویر کو کسی مخصوص سائز میں صفحہ کی کسی خاص جگہ پر پرنٹ کرنا چاہتے ہیں، ایسی صورت میں ونڈوز کا Paint پروگرام استعمال کیا جا سکتا ہے۔ اس ٹٹوریل میں دونوں طریقے دکھائے گئے ہیں۔


1- ونڈوز کا تصویریں پرنٹ کرنے والا پروگرام استعمال کریں

اگر آپ صرف ایک تصویر پرنٹ کرنا چاہتے ہیں تو پھر اس تصویر پر ماؤس کے ساتھ رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں۔ زیادہ تصاویر کی صورت میں تمام مطلوبہ تصاویر سلیکٹ کریں، پھر کسی ایک تصویر پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں۔ اور پھر اس مینیو میں موجود Print آپشن پر کلک کر دیں۔

مطلوبہ تصاویر سلیکٹ کر کے ان پر رائیٹ کلک کریں، پھر مینیو میں موجود پرنٹ آپشن پر کلک کر دیں


درج ذیل آپ ونڈوز کا تصویریں پرنٹ کرنے والا پروگرام دیکھ رہے ہیں۔

  1. اس اسکرین پر اوپر موجود آپشنز کا مقصد واضح ہے۔ Printer ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے وہ پرنٹر سلیکٹ کریں جس پر آپ یہ تصویریں پرنٹ کرنا چاہ رہے ہیں۔ Paper size ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے صفحہ کا وہ سائز منتخب کریں جو اس وقت پرنٹر میں موجود ہے۔ Quality ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے تصویر کے لیے طباعت کا مطلوبہ معیار منتخب کریں۔ کوالٹی کا مطلب یہ ہے کہ ایک انچ میں سیاہی کے جتنے زیادہ نقطے پرنٹ ہوں گے تصویر کا معیار اتنا ہی بہتر ہوگا۔ پھر Paper type ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے وہ پیپر منتخب کریں جو اس وقت پرنٹر میں موجود ہے۔ مثلاً‌ اگر یہ Inkjet پرنٹر ہے اور اس میں آپ نے کوئی چمکدار اور موٹا کاغذ رکھا ہوا ہے تو ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے کاغذ کی وہ قسم منتخب کریں، اس سے پرنٹنگ کا معیار بہتر ہوگا۔
  2. دائیں طرف موجود پینل میں سے وہ ٹیمپلیٹ منتخب کریں جس کے مطابق آپ تصویر پرنٹ کرنا چاہتے ہیں۔ مثلاً‌ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق وہ ٹیمپلیٹ منتخب کی گئی ہے جس کی مدد سے ایک صفحہ پر پانچ انچ اونچی اور سات انچ چوڑی دو تصویریں پرنٹ کی جا سکتی ہیں۔
  3. اسکرین پر نیچے دو آپشنز موجود ہیں۔ بائیں طرف والے آپشن کی مدد سے یہ بتایا جا سکتا ہے کہ آپ کو ان تصویروں کے کتنے پرنٹ چاہئیں۔ دائیں طرف والا آپشن ایک چیک باکس ہے، اگر آپ اسے سلیکٹ کریں گے تو تصویریں چاہے چھوٹی ہوں یا بڑی، صفحہ کے پرنٹ کے لیے دستیاب حصہ میں فٹ آجائیں گی۔

ونڈوز کا تصاویر پرنٹ کرنے والا ڈائیلاگ باکس


2- تصویر پرنٹ کرنے کے لیے Paint پروگرام استعمال کریں

اگر آپ کسی تصویر کو ایک مخصوص سائز میں پرنٹ کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ونڈوز کا پینٹ پروگرام استعمال کریں۔ مطلوبہ تصویر پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور پھر Edit آپشن پر کلک کر دیں۔

مطلوبہ تصویر پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں، پھر اس میں سے ایڈٹ آپشن منتخب کریں


پینٹ کے مرکزی مینیو میں سے Print preview آپشن منتخب کریں۔

پینٹ میں تصویر کھلنے پر مین مینیو میں سے پرنٹ پری ویو آپشن منتخب کریں


پرنٹ پری ویو اسکرین پر آپ یہ دیکھ سکتے ہیں کہ یہ تصویر صفحہ پر پرنٹ ہونے کے بعد کیسے نظر آئے گی۔ تصویر کا مخصوص سائز مقرر کرنے کے لیے اوپر موجود Page setup آپشن پر کلک کریں۔

پرنٹ پری ویو اسکرین پر موجود پیج سیٹ اپ آپشن پر کلک کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. Size ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے صفحہ کا وہ سائز منتخب کریں جو اس وقت پرنٹر میں موجود ہے۔
  2. Orientation آپشن کی مدد سے بتائیں کہ صفحہ پر یہ تصویر اونچائی کے رخ پر پرنٹ ہو یا چوڑائی کے رخ پر۔
  3. Margins والے آپشن کی مدد سے تصویر کا مخصوص سائز مقرر کیا جا سکتا ہے۔ مثلاً‌ آپ جانتے ہیں کہ A4 صفحہ کی چوڑائی 8.27 انچ ہوتی ہے۔ اگر ہم دائیں طرف 2 انچ اور بائیں طرف 2.27 انچ خالی جگہ چھوڑیں گے تو تصویر کے لیے 4 انچ جگہ بچے گی، اور یوں تصویر اسی سائز میں پرنٹ ہوگی۔
  4. Centering آپشن کی مدد سے تصویر کو مقرر کردہ مارجنز کے درمیان پرنٹ کیا جا سکتا ہے۔ یعنی اگر صفحہ کے چاروں طرف ایک جیسے مارجنز مقرر کیے گئے ہیں تو پھر یہ تصویر صفحہ کے بالکل درمیان میں پرنٹ ہو جائے گی۔
  5. Fit to والا آپشن اس وقت کار آمد ہوتا ہے جب تصویر کا سائز صفحہ کے سائز سے بڑا ہو۔ یہ آپشن منتخب کر کے ایسی تصویر کو صفحہ کے اندر فٹ کیا جا سکتا ہے۔

ونڈوز کے پینٹ پروگرام کا پیج سیٹ اپ ڈائیلاگ باکس


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تصویر کا چار انچ سائز مقرر ہوگیا ہے اور اب یہ طباعت کے لیے تیار ہے۔ اوپر موجود Print آپشن پر کلک کر کے یہ تصویر پرنٹ کی جا سکتی ہے۔

پرنٹ پری ویو اسکرین پر موجود پرنٹ آپشن کی مدد سے تصاویر پرنٹ کر لیں

Categories: