بسا اوقات کسی ویب پیج کے مخصوص حصے کی ضرورت پیش آتی ہے جس کے لیے مکمل ویب پیج پرنٹ کرنا صفحات اور سیاہی کا ضیاع ہوتا ہے۔ میں کافی عرصہ تک ونڈوز کے Print ڈائیلاگ باکس کے اس فیچر سے بے خبر رہا جس کی مدد سے کسی بھی ڈاکومنٹ کا سلیکٹ کیا ہوا حصہ پرنٹ کیا جا سکتا ہے۔ یا تو میں اشتہارات اور تصاویر سمیت مکمل ویب پیج پرنٹ کر لیتا، اور یا پھر مطلوبہ حصہ سلیکٹ کر کے ورڈ پراسیسر میں پیسٹ کرتا، اور پھر وہاں سے پرنٹ کرتا۔ چنانچہ یہ مختصر ٹٹوریل میری طرح کے ایسے افراد کے لیے ہے جو ان آپشنز پر توجہ نہیں دیتے جو روزانہ ان کی نظروں کے سامنے سے گزرتے ہیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ویب پیج کا مطلوبہ حصہ سلیکٹ کریں۔ ایک طریقہ سلیکٹ کرنے کا یہ ہے کہ ماؤس کا بایاں بٹن دبا کر رکھتے ہوئے ڈریگ کر کے سلیکشن بنائیں۔ اگر ویب پیج کا مطلوبہ حصہ بہت طویل ہو تو آپ یہ بھی کر سکتے ہیں کہ پہلے مطلوبہ ٹیکسٹ کے شروع میں کلک کریں، پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر ٹیکسٹ کے آخر میں کلک کریں، ایسا کرنے سے ویب پیج کا یہ حصہ سلیکٹ ہو جائے گا۔ اگرچہ ویب پیج میں کرسر نظر نہیں آتا، لیکن جہاں کلک کیا جاتا ہے وہاں یہ کرسر موجود ہوتا ہے۔
مطلوبہ ٹیکسٹ سلیکٹ کرنے کے بعد پرنٹ ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
پرنٹ ڈائیلاگ باکس میں Selection کے نام سے موجود آپشن منتخب کر کے Print بٹن دبا دیں۔
جبکہ گوگل کروم کے پرنٹ ڈائیلاگ باکس کے اندر ہی آپ سلیکٹ کیے ہوئے حصے کا Print Preview بھی دیکھ سکتے ہیں کہ منتخب کیا ہوا یہ حصہ پرنٹ ہونے پر کیسا نظر آئے گا۔ لیکن اگر آپ گوگل کروم کی بجائے ونڈوز کا پرنٹ ڈائیلاگ باکس استعمال کرنا چاہیں تو اس کا آپشن بھی دیا گیا ہے۔
Modified: Sat, 01/17/2015 - 14:23