بہت سے لوگوز اور مونوگرامز ایسے دیکھنے میں آتے ہیں جن میں ستاروں کو گولائی میں دکھایا گیا ہوتا ہے۔ کورل ڈرا میں Fit Text To Path کے نام سے ایک آپشن مہیا کیا گیا ہے۔ اس آپشن کی مدد سے فونٹ کے حروف یا نشانات کو دائرے کی شکل میں دکھایا جا سکتا ہے۔ اس سے پہلے ایک ٹٹوریل شائع کیا گیا تھا جس میں سیمبلز پر مشتمل فونٹس استعمال کرنے کا طریقہ بتایا گیا تھا۔ اس ٹٹوریل میں ایسے ہی ایک فونٹ میں مہیا کیے گئے ستارے کا نشان استعمال کرتے ہوئے اس کی مدد سے ایک دائرہ بنانے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ ستاروں کا یہ دائرہ آپ حسب ضرورت مونوگرام یا کسی بھی تشہیری علامت میں استعمال کر سکتے ہیں۔
ٹول بار سے Text ٹول منتخب کر کے مناسب تعداد میں انگلش حرف i لکھیں، پھر ان کے لیے فونٹ کے ڈراپ ڈاؤن مینیو سے WP IconicSymbolsA فونٹ منتخب کریں۔ یہ فونٹ مختلف سیمبلز پر مشتمل ہے جس میں i کی جگہ پر ستارے کا نشان ہے۔ اگر آپ کے پاس یہ فونٹ موجود نہیں ہے تو سرچ انجن کی مدد سے تلاش کر کے انسٹال کر لیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- ٹول بار سے Circle ٹول منتخب کریں۔ اب کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھتے ہوئے ماؤس کے ساتھ ایک دائرہ بنائیں۔ Shift بٹن کے استعمال سے دائرہ بالکل گول بنے گا، یعنی اس کی چوڑائی اور اونچائی ایک جیسی ہوگی۔
- ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کر کے صفحہ کی کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ کوئی بھی چیز سلیکشن میں نہ رہے۔
- پہلے ماؤس کے ساتھ ستاروں کو سلیکٹ کریں، پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھتے ہوئے دائرہ سلیکٹ کریں۔
- اب Text مینیو میں سے Fit Text To Path آپشن پر کلک کر دیں، ایسا کرنے پر ستارے دائرے کے گرد آجائیں گے۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ستارے دائرے کے گرد آگئے ہیں، لیکن دائرے کے اعتبار سے ستاروں کی تعداد کم ہے۔ اس کے لیے Text ٹول منتخب کر کے ستاروں کے درمیان کسی جگہ کلک کریں، اور پھر کی بورڈ پر i بٹن کی مدد سے مزید ستاروں کا اضافہ کر لیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ پہلے اور آخری ستارے کے درمیان فاصلہ دوسرے ستاروں کی بہ نسبت کم ہے۔ اسے بہتر کرنے کے لیے پہلے کی بورڈ پر Ctrl+A کی مدد سے تمام ستاروں کو سلیکٹ کریں، پھر فونٹ سائز میں کمی یا اضافہ کر کے یہ فاصلہ بہتر کر لیں۔
اب ہم نے گائیڈ کے طور پر استعمال کیے گئے دائرے کو ستاروں سے الگ کرنا ہے:
- ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کر کے صفحہ کی کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ کوئی چیز سلیکشن میں نہ رہے۔
- اب دائرے پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔
- پھر Arrange مینیو میں Break Text Apart آپشن پر کلک کردیں۔ اس کے بعد پھر صفحہ کی کسی خالی جگہ پر کلک کریں تاکہ کوئی چیز سلیکشن میں نہ رہے۔ پھر دائرے کو الگ سے سلیکٹ کر کے Delete کر دیں۔
اب ہم نے ستاروں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کر کے انہیں ویکٹر آبجیکٹس میں تبدیل کرنا ہے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کےمطابق:
- ستاروں کو سلیکٹ کر کے Arrange مینیو میں سے پہلے Break Artistic Text آپشن پر کلک کریں۔
- پھر دوبارہ یہی مینیو کھول کر Convert To Curves آپشن پر کلک کر دیں۔
آپ دیکھ رہے ہیں کہ ستاروں کا رخ سیدھا نہیں ہے، بلکہ دائرے کے گرد گھومنے کی وجہ سے ہر ستارے کا رخ گولائی میں مڑ رہا ہے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- پہلے View مینیو میں سے Wireframe آپشن پر کلک کریں تاکہ ستاروں کو آؤٹ لائن کی صورت میں دیکھا جا سکے۔ ستاروں کو آؤٹ لائن کے طور پر دیکھنے سے انہیں سیدھا کرنے میں اضافی مدد مل جائے گی۔
- پھر Zoom ٹول کی مدد سے چند ستاروں کو قریب لائیں تاکہ انہیں سیدھا کیا جا سکے۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- ٹول بار سے Pick ٹول منتخب کریں۔
- مطلوبہ ستارے پر دو مرتبہ ماؤس کے ساتھ کلک کریں جس سے سلیکشن کے مختلف ہینڈلز ظاہر ہوں گے۔ اب کنارے والے ہینڈل کو پکڑ کر گھمائیں تاکہ ستارہ سیدھا ہو جائے۔
- اگر ضرورت ہو تو پراپرٹی بار پر موجود Rotate والے خانے میں نمبر مہیا کر کے مزید بہتر طریقے سے ستارے کو سیدھا کیا جا سکتا ہے۔
ستاروں کو سیدھا کرنے میں کچھ وقت صرف ہوگا۔ جب یہ کام مکمل ہو جائے تو تمام ستارے سلیکٹ کر کے Arrange مینیو میں موجود Combine آپشن کی مدد سے ستاروں کو یکجا کر لیں۔ اور پھر View مینیو میں موجود Enhanced آپشن کی مدد سے ستاروں کو آؤٹ لائن کی بجائے اصلی حالت میں دیکھیں۔
ستاروں کا یہ دائرہ آپ حسب ضرورت کہیں بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ان ستاروں کو ایک عارضی لوگو میں استعمال کیا گیا ہے۔
Modified: Wed, 02/14/2018 - 14:46