اپنی ویب سائیٹ پر صارفین کی تعداد دکھائیں

نوے کی دہائی میں جب ویب متعارف ہوا تو بہت سی ویب سائیٹس پر کاؤنٹرز دیکھنے میں آتے تھے۔ کاؤنٹر یہ بتاتا ہے کہ ویب سائیٹ یا اس کے صفحات کتنی تعداد میں وزٹ کیے گئے ہیں۔ لیکن آہستہ آہستہ ایسے کاؤنٹرز کا رواج بہت کم ہوگیا اور ان کی جگہ شماریات مہیا کرنے والی ایپلی کیشنز نے لے لی۔ ویب ماسٹرز ایسی کوئی ایپلی کیشن استعمال کر کے صارفین کی تعداد کے علاوہ دیگر بہت سی معلومات حاصل کر لیتے ہیں۔ لیکن گزشتہ دنوں ایک دل چسپ کاؤنٹر سروس مجھے نظر آئی جو نہ صرف مختلف ملکوں سے وزٹ کرنے والے صارفین کی تعداد بتاتی ہے بلکہ ان ملکوں کے جھنڈے بھی دکھاتی ہے۔ چنانچہ اس ٹٹوریل میں یہ دکھایا گیا ہے کہ آپ اپنی ویب سائیٹ یا بلاگ پر یہ فلیگ کاؤنٹر کیسے دکھا سکتے ہیں۔


سرچ انجن کی مدد سے کاؤنٹر کی سہولت مہیا کرنے والی سروس تلاش کریں۔ ممکن ہے جب آپ یہ ٹٹوریل دیکھیں تو کوئی اور اچھے فیچرز والی سروس متعارف ہو چکی ہو۔

سرچ انجن پر کاؤنٹر ایپلی کیشن کی سہولت دینے والی سروس تلاش کریں


Flag Counter پر چار مختلف قسم کے کاؤنٹرز

اس ٹٹوریل میں flagcounter.com کی سروس استعمال کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ آپ کس قسم کا کاؤنٹر اپنی ویب سائیٹ پر دکھانا چاہتے ہیں، اس کے لیے فلیگ کاؤنٹر چار مختلف آپشنز دیتا ہے:

1- ملکوں کے نام، جھنڈے اور صارفین کی تعداد

  1. پہلے Top Countries کے ریڈیو بٹن پر کلک کر کے اسے منتخب کریں۔
  2. بائیں طرف والے کالم میں جو ڈراپ ڈاؤن مینیوز دیے گئے ہیں ان کی مدد سے آپ بتا سکتے ہیں کہ (1) کتنے جھنڈے نظر آنے چاہئیں۔ (2) یہ جھنڈے کتنے کالمز میں نظر آنے چاہئیں۔ (3) کاؤنٹر کا عنوان کیا ہونا چاہیے، جو کہ صرف انگریزی زبان میں لکھا جا سکتا ہے۔
  3. درمیان والے کالم میں یہ بتایا جا سکتا ہے کہ کاؤنٹر کی بیک گراؤنڈ، لکھائی اور بارڈر کا رنگ کیا ہونا چاہیے۔ یہ آپ اپنی ویب سائیٹ کے تھیم کے اعتبار سے سیٹ کریں گے۔
  4. دائیں طرف والے کالم میں یہ بتایا جا سکتا ہے کہ (1) جھنڈوں کے ساتھ ملکوں کے ناموں کے حروف نظر آئیں یا نہیں۔ (2) ویب سائیٹ کے وزٹ کیے گئے صفحات کی تعداد نظر آئے یا نہیں۔ (3) ویب سائیٹ کے صارفین کی تعداد نمبروں میں ہو یا فیصد میں۔ (4) فونٹ کا سائز کیا ہونا چاہیے۔
  5. جب کاؤنٹر کی تمام سیٹنگز مکمل ہو جائیں تو آپ Get Your Counter بٹن پر کلک کر کے اپنی ویب سائیٹ کے لیے اس کا کوڈ جنریٹ کر سکتے ہیں۔

فلیگ کاؤنٹر کی نمایاں ملکوں کے نام دکھانے والی سیٹنگز


2- دنیا کے نقشے پر صارفین کے ملکوں کے جھنڈے

دوسرا آپشن Flag Map کا ہے جس کی مدد سے آپ اپنی ویب سائیٹ پر ایک نقشے میں صارفین کے ملکوں کے جھنڈے دکھا سکتے ہیں۔ اس ڈسپلے میں نقشے کے نیچے صرف وزٹ کیے گئے صفحات کی تعداد دکھائی جا سکتی ہے۔

فلیگ کاؤنٹر کی صارفین کے ملکوں کے جھنڈے دکھانے والی سیٹنگز


3- امریکہ یا کینیڈا کی ریاستوں کے جھنڈے

تیسرا آپشن صرف امریکہ اور کینیڈا سے متعلق ہے۔ اس میں آپ ملکوں کے جھنڈوں کی بجائے امریکہ یا کینیڈا کی ریاستوں کے جھنڈے دکھا سکتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ یہ صرف ان ویب سائیٹس کے لیے ہے جن کے زیادہ تر صارفین کا تعلق امریکہ یا کینیڈا سے ہے۔

فلیگ کاؤنٹر کی امریکہ کی ریاستوں کے نام دکھانے والی سیٹنگز


4- مختصر کاؤنٹر

چوتھا آپشن Mini Counter کا ہے جس کی مدد سے ویب سائیٹ پر صرف وزٹ کیے گئے صفحات کی تعداد دکھائی جا سکتی ہے۔ یہ آپشن نامکمل دکھائی دیتا ہے، اس لیے کہ اس میں صارفین کی تعداد کا آپشن مہیا نہیں کیا گیا۔ یعنی یہ تو بتایا گیا ہے کہ کتنے صفحات وزٹ کیے گئے ہیں لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ کتنے صارفین نے یہ صفحات وزٹ کیے ہیں۔

فلیگ کاؤنٹر کی صرف صارفین کی تعداد دکھانے والی سیٹنگز


کاؤنٹر کا کوڈ اپنی ویب سائیٹ پر استعمال کریں

جب کاؤنٹر تیار ہو جائے تو مہیا کیے گئے بٹن پر کلک کر کے اس کا کوڈ جنریٹ کریں۔ یہ کوڈ ایک ٹیکسٹ فیلڈ میں مہیا کیا گیا ہے۔ اس کوڈ پر ماؤس کے ساتھ ٹرپل کلک کریں جس سے یہ تمام کوڈ سلیکٹ ہو جائے گا۔ اب اس کوڈ کو کاپی کر لیں۔

فلیگ کاؤنٹر کی طرف سے جنریٹ ہونے والا کوڈ کاپی کریں


اگر آپ کی ویب سائیٹ ویب پیجز کی فائلز پر مشتمل ہے تو پھر یہ کوڈ ایسی فائل میں پیسٹ کریں جو ویب سائیٹ کے تمام ویب پیجز میں شامل ہو۔ عموماً‌ ویب پیجز میں footer کے نام سے ایک فائل شامل کی جاتی ہے جس کا مواد ویب سائیٹ کے تمام ویب پیجز کے لیے ایک جیسا ہوتا ہے۔

اور اگر آپ کی ویب سائیٹ کسی ایپلی کیشن کی مدد سے تیار کی گئی ہے جیسا کہ Wordpress تو پھر اس کے ڈیش بورڈ میں لاگ ان ہو کر درج ذیل کام کریں:

ڈیش بورڈ کے مینیو میں Appearance کے تحت موجود Widgets آپشن پر کلک کریں۔ اس اسکرین پر نیچے اسکرول کریں۔ اور پھر Text والے باکس پر کلک کرنے سے ویب پیج کے مختلف حصوں کے جو نام سامنے آئیں، ان میں وہ حصہ منتخب کریں جس میں آپ یہ کاؤنٹر دکھانا چاہتے ہیں۔ آخر میں Add Widget بٹن پر کلک کر دیں۔

اپنی ورڈ پریس ویب سائیٹ پر ایک ٹیکسٹ وجٹ بنائیں


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق نئے وجٹ کا عنوان مہیا کریں۔ اور پھر اس کے ٹیکسٹ باکس میں فلیگ کاؤنٹر کا کوڈ پیسٹ کر کے یہ وجٹ محفوظ کر لیں۔

ٹیکسٹ وجٹ میں فلیگ کاؤنٹر کا کوڈ پیسٹ کر کے محفوظ کریں


کاؤنٹر پر صرف وہی ملک شامل کیے جاتے ہیں جن سے صارفین نے ویب سائیٹ وزٹ کی ہو۔ ویب سائیٹ پر کاؤنٹر کا کوڈ شامل کرنے کے کچھ عرصہ بعد یہ درج ذیل اسکرین شاٹ کی طرح نظر آسکتا ہے۔

ویب سائیٹ پر استعمال ہونے والا فلیگ کاؤنٹر


کاؤنٹر کی سیٹنگز تبدیل کریں

کاؤنٹر استعمال کرنے کے بعد آپ کو اس کی سیٹنگز تبدیل کرنے کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔ اس کے لیے کاؤنٹر کے کوڈ میں موجود پیرامیٹرز تبدیل کیے جا سکتے ہیں:

http://s09.flagcounter.com/count/cntrcde/bg_FFFFFF/txt_000000/border_CCCCCC/columns_4/maxflags_12/viewers_3/labels_1/pageviews_1/flags_1/percent_0/

bg_FFFFFF پیرامیٹر کی مدد سے ہیکسا ڈیسیمل ویلیو استعمال کرتے ہوئے کاؤنٹر کی بیک گراؤنڈ کا رنگ مقرر کیا جا سکتا ہے۔
txt_000000 پیرامیٹر کی مدد سے کاؤنٹر کی لکھائی کا رنگ مقرر کیا جا سکتا ہے۔
border_CCCCCC پیرامیٹر کی مدد سے کاؤنٹر کے بارڈر کا رنگ مقرر کیا جا سکتا ہے۔
columns_4 پیرامیٹر ملکوں کے ناموں کی تعداد 4 کالمز میں دکھائے گا۔
maxflags_12 پیرامیٹر کاؤنٹر پر 12 ملکوں کے جھنڈے دکھائے گا۔
viewers_1 پیرامیٹر استعمال کیا جائے تو کاؤنٹر کے اوپر Visitors کا ڈیفالٹ عنوان دکھایا جاتا ہے۔
viewers_3 پیرامیٹر استعمال کرنے سے کاؤنٹر کا عنوان غائب ہو جاتا ہے۔
viewers_My+Flag+Counter استعمال کرنے پر کاؤنٹر کا عنوان My Flag Counter مقرر ہو جائے گا۔
pageviews_1 پیرامیٹر کاؤنٹر پر وزٹ کیے گئے صفحات کی تعداد دکھائے گا۔
pageviews_0 پیرامیٹر کا مطلب ہے کہ کاؤنٹر پر وزٹ کیے گئے صفحات کی تعداد نہیں بتائی جائے گی۔
flags_1 پیرامیٹر استعمال کرنے سے کاؤنٹر پر یہ دکھایا جاتا ہے کہ کل کتنے ممالک سے ویب سائیٹ وزٹ کی گئی ہے۔
flags_0 پیرامیٹر استعمال کرنے سے کاؤنٹر پر ان ممالک کی تعداد نہیں بتائی جاتی جن سے ویب سائیٹ وزٹ کی گئی ہے۔
percent_1 پیرامیٹر ملکوں کے ناموں کے ساتھ صارفین کی تعداد فیصد میں دکھائے گا۔
percent_0 پیرامیٹر ملکوں کے ناموں کے ساتھ صارفین کی تعداد نمبر میں دکھائے گا۔

Categories: