اپنا پرانا کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ کسی کو دیتے ہوئے یا دوکاندار کو بیچتے وقت ہم اپنا ڈیٹا اس میں سے ڈیلیٹ کر دیتے ہیں اور یہ تسلی کرتے ہیں کہ Recycle Bin بھی خالی ہو۔ مسئلہ یہ ہے کہ یہ ڈیٹا مستقل طور پر ڈیلیٹ نہیں ہوتا بلکہ ڈرائیو پر ہی موجود رہتا ہے لیکن آپریٹنگ سسٹم یہ ڈیٹا ہمیں دکھانا بند کر دیتا ہے۔ ایسا ڈیٹا ڈرائیو سے ہمیشہ کے لیے تب ختم ہوتا ہے جب آپریٹنگ سسٹم کو نیا ڈیٹا لکھنے کے لیے جگہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ چنانچہ ڈیٹا ریکوری کا کوئی بھی معقول سافٹ ویئر استعمال کر کے یہ ڈیٹا واپس حاصل کیا جا سکتا ہے۔ اس ٹٹوریل میں ہم CCleaner کی مدد سے ڈیلیٹ کیے ہوئے ڈیٹا کو مستقل طور پر ڈرائیو سے مٹانے کا عمل دیکھیں گے۔
- بائیں طرف موجود ٹیبز میں سے Tools ٹیب منتخب کریں۔
- اس اسکرین پر ذیلی ٹیبز میں سے Drive Wiper ٹیب پر کلک کریں۔
- Drive والے باکس میں سے وہ ڈرائیو منتخب کریں جس میں سے آپ نے اپنا ڈیٹا ڈیلیٹ کیا ہے۔
- Wipe والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے Free Space Only والا آپشن منتخب کریں۔
- Security والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے pass 1 والا آپشن منتخب کریں جو کہ عموماً کافی ہوتا ہے۔ اگر آپ زیادہ دفعہ اوور رائٹ کرنے والا آپشن منتخب کریں گے تو اس عمل میں بہت زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔
- آخر میں Wipe بٹن پر کلک کریں تاکہ ڈرائیو صاف ہونا شروع ہو جائے۔
اس عمل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے اس لیے آپ کمپیوٹر کو اس کے حال پر چھوڑ کر کوئی اور کام کر سکتے ہیں۔
Modified: Mon, 07/16/2018 - 13:21