پی ڈی ایف فائل کو سلائیڈ شو کے طور پر استعمال کریں

تعلیمی، کاروباری اور حکومتی اداروں میں سلائیڈ شوز کو معلومات کی فراہمی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ عموماً‌ میٹنگز یا کلاس وغیرہ میں کمپیوٹر پر موجود پریزینٹیشن فائل کو ایک پراجیکٹر کی مدد سے بڑی اسکرین پر دکھایا جاتا ہے، تاکہ کمرے میں موجود تمام افراد مہیا کی گئی معلومات کو با آسانی دیکھ سکیں۔ یہ پریزینٹیشن سلائیڈ شوز تیار کرنے اور انہیں دکھانے کے لیے عام طور پر مائیکروسافٹ کا PowerPoint سافٹ ویئر استعمال کیا جاتا ہے جو خاص طور پر اسی مقصد کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ لیکن اس کام کے لیے PDF فائل بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس صورت میں آپ اپنی مرضی کے سافٹ وئیر میں یہ پریزینٹیشن تیار کر کے اسے PDF فائل میں تبدیل کر سکتے ہیں، اور پھر اسے سلائیڈ شو کے طور پر دکھا سکتے ہیں۔


مطلوبہ پی ڈی ایف فائل کھولنے کے بعد View مینیو میں سے Full Screen Mode آپشن پر کلک کریں، یا کی بورڈ پر Ctrl+L شارٹ کٹ دبائیں۔ جب یہ پی ڈی ایف فائل پوری اسکرین پر پھیل جائے، تو پھر کی بورڈ پر اگلی سلائیڈز پر جانے کے لیے Right-Arrow، جبکہ پچھلی سلائیڈز پر جانے کے لیے Left-Arrow دبائیں۔

اڈوبی ریڈر کے ویو مینیو میں سے فل اسکرین موڈ پر کلک کریں


اگر آپ کسی خاص سلائیڈ کو براہ راست سامنے لانا چاہیں تو اس کے لیے:

  1. اس وقت اگر آپ فل اسکرین موڈ میں ہیں تو کی بورڈ پر Esc بٹن دبائیں۔ پھر Page Navigation والا پینل کھول کر اس میں مطلوبہ سلائیڈ پر کلک کریں۔
  2. آپ کو اگر مطلوبہ سلائیڈ کا نمبر یاد ہے تو پراپرٹی بار پر اس سلائیڈ کا نمبر مہیا کریں۔ اگر آپ فل اسکرین موڈ میں رہتے ہوئے مطلوبہ پیج پر جانا چاہیں تو پھر کی بورڈ پر Ctrl+Shift+N استعمال کریں۔ ایک چھوٹا سا ڈائیلاگ باکس سامنے آئے گا، اس میں مطلوبہ پیج نمبر مہیا کر دیں۔

کسی خاص نمبر کی سلائیڈ پر جانے کے لیے پیجز پینل کھول کر مطلوبہ پیج پر کلک کریں، یا اوپر پراپرٹی بار پر مطلوبہ پیج کا نمبر مہیا کریں


پریزینٹیشن تیار کرتے وقت بہتر یہ ہے کہ آپ سلائیڈز کی چوڑائی زیادہ اور اونچائی کم رکھیں۔ ایسا کر کے آپ اس پریزینٹیشن کو کمپیوٹر، لیپ ٹاپ اور پروجیکٹر کی اسکرین پر بہتر طور پر دکھا سکتے ہیں۔ جبکہ یہ پریزینٹیشن موبائل ڈیوائسز پر بھی چوڑائی (Horizontal) کے رخ پر دیکھی جا سکے گی۔

چنانچہ سلائیڈز کا سائز تیار کرتے وقت سافٹ ویئر کے Page Setup میں سے Landscape آپشن منتخب کریں۔ اگر آپ نے صفحے کی بیک گراؤنڈ کے لیے کوئی رنگ مقرر کیا ہوا ہے تو ایک مزید کام یہ کریں کہ Margins کے طور پر 0 ویلیو مقرر کریں، تاکہ جب یہ پریزینٹیشن دکھائی جائے تو سلائیڈز کے کناروں پر سفید رنگ نظر نہ آئے۔

پریزینٹیشن بناتے وقت سلائیڈز کی چوڑائی زیادہ اور اونچائی کم رکھیں

Categories: