اسپریڈ شیٹ سافٹ ویئر میں ڈیٹابیس کے ریکارڈز کھولنا مختلف حوالوں سے فائدہ مند ہو سکتا ہے، مثلاً: (1) جب ڈیٹابیس ٹیبل کے تمام ریکارڈز کی بجائے SQL کیوئری کی بنیاد پر مخصوص ریکارڈز کی ضرورت ہو۔ (2) حاصل کردہ ڈیٹا کی مدد سے اسپریڈ شیٹ سافٹ ویئر میں کوئی خاص کام سر انجام دیا جانا ہو: مثلاً چارٹ بنانا، میل مرج کی مدد سے بہت سے خطوط ایک ہی بار تیار کرنا، یا پھر کوئی مخصوص کیلکولیشن کرنا وغیرہ۔ (3) یا ایک ڈیٹابیس کے ریکارڈز کسی دوسری ڈیٹابیس میں منتقل کیے جانے کی ضرورت ہو، ایسی صورت میں حاصل کردہ ڈیٹا کے کالمز کو از سر نو ترتیب دے کر نئی ڈیٹابیس کے لیے تیار کیا جا سکتا ہے۔
اس ٹٹوریل میں ہم مختصرًا یہ دیکھیں گے کہ MySQL ڈیٹابیس کے ریکارڈز کو اسپریڈ شیٹ سافٹ ویئر میں کھولنے کے لیے کیسے ایکسپورٹ کیا جا سکتا ہے۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- پہلے Apache ویب سرور چلائیں۔
- پھر phpMyAdmin ایپلی کیشن کھولیں۔
- اسکرین پر بائیں کالم میں سے مطلوبہ ڈیٹابیس سلیکٹ کریں۔
- دائیں طرف والے کالم میں ڈیٹابیس کے مطلوبہ ٹیبل کے سامنے موجود Browse لنک پر کلک کریں۔
اگر آپ کو ڈیٹابیس ٹیبل میں موجود تمام ریکارڈز کی ضرورت ہے تو پھر اس مرحلہ میں کچھ کرنے کی ضرورت نہیں۔ لیکن اگر آپ کو ٹیبل میں سے مخصوص ریکارڈز چاہئیں، یا ٹیبل کی صرف چند فیلڈز (کالمز) کا ڈیٹا چاہیے تو پھر درج ذیل کام کریں:
- Inline لنک پر کلک کریں تاکہ SQL کیوئری لکھی جا سکے۔
- ٹیکسٹ باکس میں حسب ضرورت SQL کیوئری لکھیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ میں جو کیوئری دکھائی جا رہی ہے اس کا مطلب یہ ہے کہ:
ایسے لوگوں کے پہلے نام، آخری نام، کمپنی کے نام، اور ای میل کی فیلڈز
contacts ٹیبل میں سے حاصل کی جائیں
جو VA ریاست کے شہری ہوں
ان ریکارڈز کو پہلے نام پر حروف تہجی کے اعتبار سے ترتیب دیا جائے۔
کیوئری کے نتیجے میں جب ریکارڈز ظاہر ہو جائیں تو پھر اسکرین پر اسکرول کر کے نیچے آئیں اور Export آپشن پر کلک کر دیں۔
اس اسکرین پر موجود Format ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے حسب ضرورت Excel یا کوئی دوسرا آپشن منتخب کریں۔ میرے کمپیوٹر پر چونکہ OpenOffice Calc سافٹ ویئر ہے اس لیے میں نے وہ آپشن منتخب کیا ہے۔ پھر Go بٹن پر کلک کر دیں جس سے یہ ریکارڈز ایک فائل کی شکل میں محفوظ ہو جائیں گے۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈیٹابیس سے حاصل کیے گئے یہ ریکارڈز اسپریڈ شیٹ فائل میں موجود ہیں۔
نوٹ: اس ٹٹوریل میں نمونے کا ڈیٹا دکھایا گیا ہے۔ اگر اس میں کسی شخص کا نام اور ای میل وغیرہ اتفاق سے حقیقی ہوں تو اسے نظر انداز کر دیں۔
Modified: Sat, 02/10/2018 - 20:35