اینڈرائیڈ پر آمدن اور اخراجات کا حساب رکھیں

مالی سرگرمیوں کو منظم کرنے کے لیے کوئی بھی ایپ استعمال کی جائے اس کے لیے عموماً یہ اقدامات کیے جاتے ہیں: (1) ہر آمدن کا اندراج کیا جاتا ہے (2) ہر خرچ کا اندراج کیا جاتا ہے (3) ہر ادھار کا اندراج کیا جاتا ہے۔ جبکہ آمدن یا خرچ کا اندراج کرتے وقت اس کی مناسب درجہ بندی کی جاتی ہے یعنی اس کے لیے کیٹیگری اور لیبل منتخب کیے جاتے ہیں تاکہ بعد میں ان کے مطابق رپورٹ حاصل کی جا سکے۔ مثلاً اگر کیٹیگری ’’کھانے پینے کی اشیا‘‘ ہے تو اس کا لیبل ’’دودھ‘‘ ہو سکتا ہے۔ یا اگر کیٹیگری ’’انرجی بلز‘‘ ہے تو اس کا لیبل ’’گیس کا بل‘‘ ہو سکتا ہے۔

اس ٹٹوریل میں ہم Wallet نام کی ایک ایپ انسٹال کر کے اس کے استعمال کا طریقہ دیکھیں گے لیکن آپ اس مقصد کے لیے مختلف ایپس انسٹال کر کے ٹیسٹ کر سکتے ہیں اور پھر ان میں سے کسی ایپ کو استعمال میں لا سکتے ہیں۔ پلے اسٹور پر ایسی ایپس تلاش کرنے کے لیے budget apps کے الفاظ استعمال کریں۔


پلے اسٹور سے Wallet ایپ ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دکھایا گیا ہے۔


انسٹالیشن کے بعد ایپ استعمال کرنے کے لیے اس کا اکاؤنٹ بنائیں، اور پہلی دفعہ ایپ کھولنے پر مطلوبہ کرنسی منتخب کریں۔


آمدن کا اندراج کریں

درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق (1) نئے ریکارڈ کا اندراج کرنے والے پلس بٹن پر کلک کریں۔ (2) نمبر پیڈ کی مدد سے رقم ٹائپ کریں۔ (3) ریکارڈ کے لیے کیٹیگری منتخب کریں۔ (4) ریکارڈ کے لیے لیبل (سب کیٹیگری) منتخب کریں۔ (5) اس ریکارڈ کو بطور آمدن درج کرنے کے لیے Income ٹیب منتخب کریں۔ (6) ٹک والے نشان پر کلک کر کے یہ ریکارڈ محفوظ کر لیں۔


خرچ کا اندراج کریں

جس طرح آپ نے آمدن کا اندراج کیا ہے اسی طرح خرچ کا بھی اندراج کریں البتہ (5) پر Expense ٹیب منتخب کرنا مت بھولیں۔


ادھار کا اندراج کریں

درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق (1) مین مینیو کھولیں۔ (2) مینیو میں سے Debts آپشن پر کلک کریں۔ (3) ادھار کا اندراج کرنے کے لیے پلس بٹن پر کلک کریں۔ (4) اس اسکرین پر ادھار کی رقم وغیرہ کی معلومات مہیا کریں۔ جبکہ ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے مطلوبہ ویلیو منتخب کر کے یہ بتائیں کہ یہ ادھار لیا گیا ہے یا کسی کو دیا گیا ہے۔ (5) ٹک والے نشان پر کلک کر کے یہ ریکارڈ محفوظ کر لیں۔


ادھار کی واپسی کا اندراج کرنے کے لیے (1) مینیو میں سے Debts والے آپشن پر کلک کریں۔ (2) درج ذیل اسکرین شاٹ میں دکھائے گئے آپشن پر کلک کر کے اس ادھار کی واپسی کا اندراج کر لیں۔ جب آپ اس بٹن پر کلک کریں گے تو اس میں یہ آپشن بھی موجود ہوگا کہ مکمل ادھار واپس ہوا ہے یا اس کا کچھ حصہ۔


رپورٹس حاصل کریں

درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق مینیو بٹن پر کلک کریں۔ سامنے آنے والے مینیو میں نیچے اسکرول کرنے پر آپ دیکھیں گے کہ مختلف چارٹس بھی موجود ہیں اور رپورٹ کے آپشنز بھی۔ ان میں سے حسب منشا کسی ایک آپشن کو منتخب کریں۔


مثال کے طور پر اگر آپ نے کیش فلو والا آپشن منتخب کیا ہے تو درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق (1) کیلنڈر والے آئیکان پر کلک کر کے اس رپورٹ کی مدت سیٹ کریں۔ (2) فلٹر والے آئیکان پر کلک کر کے ایک یا زیادہ لیبلز منتخب کریں تاکہ صرف اسی مد کی رپورٹ آپ کو دکھائی جائے۔ مثلاً آپ یہ دیکھنا چاہتے ہیں کہ ایک سال میں دودھ پر کتنا خرچ ہوا ہے تو دودھ والا لیبل منتخب کر لیں۔


کیٹیگریز اور لیبلز

بہتر یہ ہے کہ ایپ کا استعمال شروع کرنے سے پہلے ہی کیٹیگریز اور لیبلز اپنی مرضی کے مطابق سیٹ کر لیے جائیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق (1) آپ پہلے سے موجود کیٹیگریز کو آن یا آف کر سکتے ہیں اور ان کے نام بھی اپنی طرف سے مقرر کر سکتے ہیں۔ (2) مختلف نئے لیبلز شامل کر سکتے ہیں تاکہ کسی بھی ریکارڈ کے اندراج کے موقع پر انہیں استعمال کیا جا سکے۔