ایک سال قبل جب میں نے لینکس آپریٹنگ سسٹم انسٹال کیا تو میرے ذہن میں بھی وہی خدشات تھے جو عام طور پر لوگوں کے ذہنوں میں ہوتے ہیں کہ (۱) کیا لینکس میرے لیپ ٹاپ کے ہارڈ ویئر مثلاً وائی فائی، ساؤنڈ، ڈسپلے وغیرہ کے ڈرائیورز مہیا کر سکے گا؟ (۲) کیا لینکس کے لیے روزمرہ استعمال کے ضروری سافٹ ویئرز دستیاب ہوں گے؟ مثلاً ویب براؤزر، آفس پروگرامز، گرافک ایڈیٹر، پی ڈی ایف یوٹیلیٹی، آڈیو ایڈیٹر، ویڈیو ایڈیٹر وغیرہ۔ لیکن اسے میری خوش قسمتی کہہ لیں یا لینکس کی اچھائی کہ مجھے نہ صرف اپنی مرضی کا ہر سافٹ ویئر اس پر مل گیا بلکہ میں نے جس کمپیوٹر پر بھی اسے انسٹال کیا ڈرائیورز کا مسئلہ نہیں بنا۔
آپ شاید یہ جان کر حیران ہوں گے کہ میں نے لینکس ابنٹو میں شامل لیبرے آفس رائٹر میں جمیل نوری نستعلیق فونٹ استعمال کرتے ہوئے تقریباً ۸۰۰ صفحات کی ایک اردو کتاب کمپوز کی ہے جو پریس سے چھپنے کے بعد تقریباً فروخت ہو چکی ہے۔ جمیل نوری نستعلیق فونٹ بڑی حد تک ان پیج سافٹ ویئر کے نستعلیق فونٹ کے مشابہ ہے، اس لیے اس کتاب کی کمپوزنگ کا تجربہ بڑی حد تک کامیاب رہا ہے۔
آپ جانتے ہوں گے کہ لینکس آپریٹنگ سسٹم کے مختلف فلیورز دستیاب ہیں جن میں ڈیسک ٹاپ کے حوالے سے شاید اوبنٹو سب سے زیادہ معروف ہے۔ اگر آپ لینکس اوبنٹو کو کسی الگ کمپیوٹر پر انسٹال کریں تو اس کی انسٹالیشن بہت آسان ہے، آئیں اس کا طریقہ دیکھتے ہیں:
- اوبنٹو کی ویب سائیٹ پر جا کر اس کی ISO فائل ڈاؤن لوڈ کر لیں۔ اس فائل میں amd کا نام دیکھ کر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، یہ فائل انٹل اور اے ایم ڈی دونوں کے 64bit پراسیسرز کے لیے ہے۔اس ٹٹوریل میں اوبنٹو کا ورژن 16 انسٹال کیا جا رہا ہے، اگر آپ بعد میں 17 ورژن حاصل کرنا چاہیں تو یہی اپ گریڈ ہو جائے گا، نئی انسٹالیشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
- البتہ 32bit کے لیے آپ کو نیچے موجود متبادل لنک پر کلک کرنا ہوگا اور پھر اگلے ویب پیج پر اپنی مرضی کی فائل ڈھونڈ کر ڈاؤن لوڈ کرنا ہوگی۔ آپ کا کمپیوٹر 32bit ہے یا 64bit ؟ یہ جاننے کے لیے کمپیوٹر کے آئیکان پر رائیٹ کلک کر کے پراپرٹیز والے سیکشن سے یہ معلومات حاصل کرلیں۔
- ممکن ہے آپ کے سامنے کوئی سروے پیش کیا جائے، تو اس سے بچنے کے لیے سروے سے پہلے موجود لنک پر کلک کر کے فائل ڈاؤن لوڈ کر لیں۔
جب ISO فائل ڈاؤن لوڈ ہو جائے تو اس پر رائیٹ کلک کر کے DVD برن کر لیں۔
DVD سے بوٹ کرنے پر آپ کے سامنے درج ذیل اسکرین آئے گی، اس پر انسٹال کا آپشن منتخب کریں۔
بالفرض آپ بوٹ کرنے کا طریقہ نہیں جانتے تو اپنے کمپیوٹر کی ڈرائیو میں برن کی ہوئی DVD رکھ کر کمپیوٹر ری اسٹارٹ کر دیں، اور پھر کی بورڈ پر بوٹ مینیو دکھانے والا بٹن وقفے وقفے سے دباتے رہیں۔ عام طور پر یہ F2 بٹن یا F12 بٹن یا پھر Esc بٹن ہوتا ہے۔ جب بوٹ مینیو ظاہر ہو جائے تو اس میں سے CD/DVD سے بوٹ کرنے والے آپشن کا انتخاب کریں۔
اپ ڈیٹس چونکہ بعد میں بھی انسٹال کی جا سکتی ہیں اس لیے درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق فی الوقت یہ آپشن غیر منتخب کر دیں تاکہ لینکس کی انسٹالیشن جلد از جلد ہو سکے۔ البتہ تھرڈ پارٹی والا آپشن منتخب کریں تاکہ آپ کے کمپیوٹر کے ہارڈویئر کے لیے زیادہ سے زیادہ ڈرائیورز دستیاب ہو سکیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ڈسک کا تمام مواد ختم کرنے والا آپشن منتخب کریں۔ اگر آپ ڈرائیو کی پارٹیشنز وغیرہ بنانا چاہتے ہیں تو پھر Something else والا آپشن منتخب کریں۔
درج ذیل ڈائیلاگ باکس پر انسٹالیشن جاری رکھنے کا آپشن منتخب کریں۔
ٹیکسٹ باکس میں اپنے ملک کا نام لکھیں تاکہ کمپیوٹر کا وقت اور تاریخ وغیرہ اس کے مطابق سیٹ ہو جائیں۔
کمپیوٹر کے لیے کی بورڈ لے آؤٹ منتخب کریں۔
یوزر نیم اور پاس ورڈ کی معلومات مہیا کریں جس سے آپ لینکس آپریٹنگ سسٹم میں لاگ ان ہوں گے۔
اس کے بعد انسٹالیشن کا عمل شروع ہوگا۔
انسٹالیشن کا عمل مکمل ہونے پر کمپیوٹر ری اسٹارٹ کریں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ لینکس اوبنٹو کی لاگ ان (Greeter) اسکرین دیکھ رہے ہیں۔
لینکس اوبنٹو کی ابتدائی اسکرین کے ذریعے لاگ ان ہونے کے بعد درج ذیل ڈیسک ٹاپ آپ کے سامنے ہوگا۔ ڈیفالٹ کے طور پر لینکس اوبنٹو کا لانچر (ٹاسک بار) بائیں طرف ہوتا ہے لیکن اسے نیچے بھی لایا جا سکتا ہے۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ لینکس اوبنٹو کا سافٹ ویئر سنٹر دیکھ رہے ہیں۔ اگر آپ کو مطلوبہ سافٹ ویئر کا نام معلوم ہے تو اوپر موجود سرچ باکس میں لکھیں اور سافٹ ویئر ظاہر ہونے پر اسے انسٹال کر لیں۔ یا پھر نیچے موجود کیٹیگیرز کے تحت دستیاب مختلف سافٹ ویئرز انسٹال کر کے آپ ان کی افادیت معلوم کر سکتے ہیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ لینکس کی سیٹنگز (کنٹرول پینل) دیکھ رہے ہیں۔
Modified: Thu, 03/08/2018 - 19:53