کیا آپ کی ویب سائیٹ موبائل ڈیوائسز پر دیکھے جانے کے قابل ہے؟

تقریباً دس سال پہلے تک کوئی ویب سائیٹ بناتے وقت صرف پرسنل کمپیوٹرز کا خیال رکھا جاتا تھا۔ پھر موبائل ڈیوائسز کے متعارف ہونے کے بعد ویب سائیٹ کی تیاری کے وقت پہلی ترجیح تو پرسنل کمپیوٹرز ہی ہوتے تھے لیکن دوسری ترجیح کے طور پر موبائل ڈیوائسز کا بھی خیال رکھا جاتا تھا کہ صارفین ان پر بھی ویب سائیٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔ لیکن اب صورتحال الٹ ہوگئی ہے کہ موبائل ڈیوائسز کے صارفین پہلے نمبر پر ہیں جبکہ پرسنل کمپیوٹرز دوسری ترجیح پر چلے گئے ہیں۔ یعنی اب اگر کوئی ویب سائیٹ موبائل ڈیوائسز پر بہتر طور پر نہیں دیکھی جا سکتی تو اس کی افادیت محدود ہے۔

اس ٹٹوریل میں ہم گوگل کی ایک مختصر مگر مفید سروس کا استعمال دیکھیں گے جو یہ بتاتی ہے کہ کوئی ویب سائیٹ موبائل ڈیوائسز پر دیکھے جانے کے قابل ہے یا نہیں۔ یہ سروس درج ذیل لنک پر دستیاب ہے۔

https://search.google.com/test/mobile-friendly


سرچ باکس میں ویب سائیٹ کا ایڈریس مہیا کر کے ٹیسٹ کرنے والے بٹن پر کلک کریں۔


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ (1) یہ ویب سائیٹ موبائل ڈیوائسز پر دیکھے جانے کے قابل ہے۔ (2) اگر ویب سائیٹ کے متعلق کوئی ایشوز ہوں گے تو اس جگہ پر دکھائے جائیں گے۔ (3) اگر آپ یہ رزلٹ کسی کے ساتھ شیئر کرنا چاہیں تو شیئر بٹن پر کلک کر کے اس کا لنک حاصل کر سکتے ہیں۔


آپ دیکھ سکتے ہیں کہ ایک دوسری ویب سائیٹ موبائل فرینڈلی نہیں ہے اور اس بارے میں گوگل کے اس ٹول نے کچھ مسائل بھی نیچے بتائے ہیں۔


گزشتہ چند سالوں سے ویب سائیٹس بنانے کے لیے مختلف ایپلی کیشنز استعمال کی جا رہی ہیں مثلاً ورڈ پریس، ڈروپل اور جوملا وغیرہ۔ ان ایپلی کیشنز کی مدد سے بنائی گئی ویب سائیٹس کے لیے بہت سی ٹمپلیٹس اور تھیمز دستیاب ہیں جو موبائل فرینڈلی ہوتے ہیں۔ لیکن انٹرنیٹ پر بہت سی ایسی ویب سائیٹس اب بھی موجود ہیں جو اس وقت بنائی گئی تھیں جب موبائل ڈیوائسز عام نہیں تھیں اس لیے ان کی تیاری کے وقت انہیں موبائل فرینڈلی بنانے کی طرف توجہ نہیں دی گئی۔ بہتر تو یہ ہے کہ ہر ایسی ویب سائیٹ کسی ایپلی کیشن پر منتقل کر دی جائے تاکہ اس کے متعلقہ کام ڈیش بورڈ سے سر انجام دیے جا سکیں، کیونکہ اس کے برعکس جو ویب سائیٹ ویب پیج فائلز پر مشتمل ہوتی ہے اسے سنبھالنا اور اس کے متعلقہ کام سر انجام دینا بہت مشکل ہوتا ہے۔البتہ اگر ویب سائیٹ ایسی ہے جو بہت بڑی نہیں ہے اور اس میں کمی بیشی کا امکان کم ہے تو اسے موبائل فرینڈلی بنانے کے لیے درج ذیل ٹٹوریل سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

http://techurdu.org/18