اردو زبان کے لیے ویب سائیٹ بناتے ہوئے ایک اضافی تکنیکی مرحلے سے گزرنا پڑتا ہے جس میں ویب سائیٹ کی دائیں سے بائیں سمت مقرر کی جاتی ہے۔ نئی ویب سائیٹ بنانے کے ابتدائی تکنیکی مراحل کچھ اس طرح ہوتے ہیں:
- سب سے پہلے تو کسی کانٹینٹ مینجمنٹ سافٹ ویئر کا انتخاب کیا جاتا ہے جیسے Joomla , Drupal , WordPress وغیرہ۔ ان سسٹمز میں ویب سائیٹ ڈویلپمنٹ کے حوالے سے کئی طرح کے فیچرز موجود ہوتے ہیں، نیز پلگ اِنز کی صورت میں اضافی فیچرز بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔ اس کا انتخاب عموماً یہ دیکھ کر کیا جاتا ہے کہ ویب سائیٹ پر کام کرنے والوں کی سہولت کس سسٹم میں ہے۔
- جو کانٹینٹ مینجمنٹ سسٹم منتخب کیا جائے، اس کے لیے بنائی گئی ٹیمپلیٹس (ڈیزائنز) میں سے ایک کا انتخاب کیا جاتا ہے جو مطلوبہ ویب سائیٹ کے تقاضے پورے کرتی ہو۔ ایسی ٹیمپلیٹس خود اس سسٹم کی طرف سے بھی دستیاب ہوتی ہیں، نیز مختلف ڈیولپرز اور کمپنیز کی طرف سے اضافی اور فینسی فیچرز والی ٹیمپلیٹس بھی مل جاتی ہیں۔
- جو ٹیمپلیٹ منتخب کی جائے، اسے اس طرح سے تبدیل کیا جاتا ہے کہ ڈیزائن میں انفرادیت آجائے یعنی ویب سائیٹ کو ایک نئی برانڈنگ مل سکے، اس لیے کہ وہ ٹیمپلیٹ اس سسٹم کی مدد سے بنائی گئی دیگر کئی ویب سائیٹس پر استعمال کی گئی ہو گی۔ یہی وہ مرحلہ ہے کہ جس میں باقی تبدیلیوں کے ساتھ ساتھ ویب سائیٹ کی سمت کا تعین بھی کیا جاتا ہے تاکہ وہ دائیں سے بائیں مواد کو درست طور پر دکھا سکے۔
عبارتوں میں سمت دو طرح کی ہوتی ہے: ایک کو Alignment اور دوسری کو Direction کہتے ہیں۔ ان دونوں میں ایک خاص فرق ہے جس کا خیال رکھنا ضروری ہوتا ہے:
- الائنمنٹ کا مطلب ہوتا ہے کہ عبارت کی برابری Right یا Center یا Left میں سے کس طرف ہو گی؟ یعنی ایک چھوٹا جملہ سطر کے دائیں، درمیان، یا بائیں طرف نظر آئے گا۔ جبکہ بڑی عبارت دائیں، درمیان، یا بائیں طرف سے برابر ہو گی۔
- ڈائریکشن کا مطلب ہوتا ہے کہ عبارت کے لکھنے اور دکھانے کا رُخ کس طرف سے ہو گا؟ اردو، فارسی، عربی وغیرہ، یا یوں کہہ لیں کہ دائیں سے بائیں لکھی جانے والی زبانوں کے لیے اگر ڈائریکشن کا تعین نہ کیا جائے، تو پھر انگریزی یا اس جیسی بائیں سے دائیں لکھی جانے والی زبان کے الفاظ یا ہندسے درمیان میں آجانے سے عبارت کی ہیئت بدل جاتی ہے اور الفاظ گڈمڈ ہو جاتے ہیں۔ بائیں سے دائیں یعنی Left to Right سمت کو LTR کہتے ہیں، جبکہ دائیں سے بائیں یعنی Right to Left سمت کو RTL کہتے ہیں۔
عام دستیاب کانٹینٹ مینجمنٹ سسٹمز کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان کی تقریباً تمام دستیاب ٹیمپلیٹس LTR ہوتی ہیں، یعنی انگلش زبان یا بائیں سے دائیں لکھی جانے والی زبانوں کے مطابق بنی ہوتی ہیں۔ اور ٹیمپلیٹ کے انتخاب کے بعد اسے حسبِ منشا RTL بنانے کے لیے HTML اور CSS کے ساتھ کافی دماغ کھپانا پڑتا ہے۔ بلکہ بسا اوقات سپیشل ایفیکٹس والے مواد کی سمت درست کرنے کے لیے JavaScript کے ساتھ بھی مغز کھپائی کرنا پڑ جاتی ہے۔ اور کبھی تو یوں ہوتا ہے کہ ڈویلپر نے کچھ اس انداز سے ٹیمپلیٹ بنائی ہوتی ہے کہ اسے اردو ٹیمپلیٹ میں ڈھالنے کا کام کافی پیچیدہ ہو جاتا ہے اور اسے درمیان میں چھوڑ کر بالآخر کسی نئی ٹیمپلیٹ کی تلاش میں نکلنا پڑتا ہے۔
یہ پس منظر بتانے کا مقصد یہ ہے کہ CopilotCMS میں یہ مسئلہ اس طرح سے حل کیا گیا ہے کہ اس کی ڈیفالٹ ٹیمپلیٹ دونوں سمتوں میں استعمال کی جا سکتی ہے۔ دائیں سے بائیں بھی، او ربائیں سے دائیں بھی۔ یعنی یہ ٹیمپلیٹ عربی، اردو، فارسی، ہیبرو وغیرہ کے ساتھ ساتھ انگریزی اور لاطینی زبانوں کے لیے بھی یکساں طور پر کارآمد ہے۔ اس کے لیے صرف ایک سیٹنگ مہیا کی گئی ہے جس کی مدد سے پوری ویب سائیٹ کو LTR کیا جا سکتا ہے یا RTL ۔ اس کا سکرین شاٹ یہ ہے:

اردو یا دائیں سے بائیں زبانوں کی ویب سائیٹ بناتے وقت ایک اور مسئلہ عبارت کے خط یعنی فونٹ کے حوالے سے بھی پیش آتا ہے، اس کے متعلق ہم اگلی تحریر میں بات کریں گے۔
Modified: Sat, 01/03/2026 - 21:47


