لینکس اوبنٹو کی صفائی کے لیے بلیچ بٹ استعمال کریں

پرسنل کمپیوٹر ہو یا سمارٹ فون، اس میں عارضی فائلوں کا بننا لازمی بات ہے۔ آپریٹنگ سسٹم خود بھی اپنے معمول کے آپریشنز کے لیے ایسی فائلز بناتا ہے اور مختلف پروگرامز بھی اپنے مختلف نوعیت کے کاموں کے لیے ایسی فائلز دھڑا دھڑ بنا رہے ہوتے ہیں۔ بعض پروگرامز اپنی بنائی ہوئی عارضی فائلیں وقتاً فوقتاً خود ختم کرتے رہتے ہیں لیکن بہت سے پروگرامز ایسے ہیں جو ان عارضی فائلوں کو خود ختم نہیں کرتے بلکہ انہیں سسٹم پر کباڑ کے طور پر چھوڑ دیتے ہیں۔ چنانچہ دیگر آپریٹنگ سسٹمز کے کلیننگ سافٹ ویئرز کی طرح لینکس اوبنٹو پر بھی بلیچ بٹ کے نام سے ایک یوٹیلٹی دستیاب ہے جس کی مدد سے سسٹم کی صفائی کا یہ مقصد سرانجام دیا جا سکتا ہے۔


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق لینکس اوبنٹو کے سافٹ ویئر سنٹر سے بلیچ بٹ یوٹیلیٹی انسٹال کریں۔


انسٹالیشن کے بعد بلیچ بٹ کا آئیکان لینکس کے لانچر پر موجود ہوگا، اس پر کلک کر کے بلیچ بٹ کھولیں۔

درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق (1) پہلے ایکٹو کالم میں سے مطلوبہ آپشنز منتخب کریں، اس کا محفوظ طریقہ یہ ہے کہ جس آپشن کے متعلق بلیچ بٹ وارننگ دے اسے غیر منتخب رہنے دیں۔ (2) آپریٹنگ سسٹم کے جن حصوں کی صفائی ہوگی ان کی فہرست دیکھنے کے لیے پری ویو بٹن پر کلک کریں۔ (3) آپ دیکھ رہے ہیں کہ فہرست کے آخر میں بتایا گیا ہے کہ صفائی کے بعد ڈسک کی کتنی جگہ خالی ہو جائے گی۔


صفائی کے لیے کلین بٹن پر کلک کریں اور پھر تصدیق کا ڈائیلاگ باکس سامنے آنے پر ڈیلیٹ بٹن پر کلک کر دیں۔


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق Edit مینیو میں موجود Preferences آپشن پر کلک کریں اور پھر سامنے آنے والی ونڈو کی Whitelist والی ٹیب میں آجائیں۔ اگر ڈسک پر عارضی فائلوں کا کوئی فولڈر یا کوئی عارضی فائل ایسی ہے جسے آپ بلیچ بٹ کی صفائی سے بچانا چاہتے ہیں تو اس کا پاتھ یہاں شامل کر دیں۔

Categories: