فوٹو شاپ میں تصویر کی حالت درست کریں

فوٹوشاپ کی مدد سے تصاویر کی حالت درست کرنے کے لیے غالباً‌ Clone Stamp ٹول سب سے زیادہ مؤثر ہے۔ یہ ٹول استعمال کرتے ہوئے تصویر کا صحیح حصہ حاصل کر کے اس کی مدد سے خراب حصہ ٹھیک کیا جاتا ہے۔ لیکن تصویر اگر بہت بڑی ہو یعنی اس کے خراب حصے کافی زیادہ ہوں تو کلون ٹول کی مدد سے تصویر درست کرنے میں کافی وقت لگ جاتا ہے۔ چنانچہ اس کے ساتھ اگر Transform Selection کا آپشن استعمال کر لیا جائے تو بہت مختصر وقت میں تصویر کے خراب حصے درست کیے جا سکتے ہیں۔ ٹرانسفارم سلیکشن کی تکنیک اس طرح سے استعمال کی جاتی ہے کہ تصویر کا صحیح حصہ سلیکٹ کر کے اسے خراب حصے پر پھیلا دیا جاتا ہے۔ آئیں کلون ٹول اور ٹرانسفارم سلیکشن کی مدد سے خراب تصویر کو درست کرنے کا عمل دیکھتے ہیں:


درج ذیل کتاب مجھے پرانی کتابوں میں سے ملی ہے جس کا ٹائٹل میں نے اس ٹٹوریل کے لیے اسکین کیا ہے۔ آپ دیکھ ہے ہیں کہ ٹائٹل پر سلائی اور پانی کے نشانات ہیں، اور اس کے کنارے بوسیدہ ہو چکے ہیں۔

فوٹو شاپ کی ٹول بار سے Zoom ٹول منتخب کریں، اور پھر تصویر کا خراب حصہ سلیکٹ کر کے اسے قریب لائیں۔

فوٹو شاپ کے زوم ٹول کی مدد سے تصویر کا خراب حصہ سلیکٹ کر کے قریب لائیں


ٹول بار سے Select ٹول منتخب کر کے تصویر کا صحیح حصہ سلیکٹ کریں۔ اب کی بورڈ پر Ctrl+t دبائیں، یا پھر Select مینیو میں سے Transform Selection آپشن منتخب کریں۔ ایسا کرنے سے آپ دیکھ رہے ہیں کہ سلیکشن کے چاروں طرف ہینڈلز ظاہر ہوگئے ہیں۔ اب ماؤس کی مدد سے مطلوبہ ہینڈل کو پکڑ کر کھینچیں اور تصویر کے خراب حصے پر پھیلا دیں۔

تصویر کا صحیح حصہ سلیکٹ کریں اور پھر سلیکٹ مینیو سے ٹرانسفارم سلیکشن منتخب کریں، پھر صحیح حصے کو خراب حصے پر پھیلا دیں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تصویر کا خراب حصہ اب ٹھیک ہو چکا ہے۔ اسی طرح تصویر کے بقیہ خراب حصے ٹھیک کرنے کے لیے کہیں آپ کو چھوٹے سائز کی سلیکشن بنانا پڑے گی اور کہیں بڑے سائز کی، تاکہ لکھائی یا ڈیزائن کا کوئی غیر متعلقہ حصہ سلیکشن میں نہ آجائے۔

فوٹو شاپ کی ٹرانسفارم سلیکشن کی مدد سے صحیح کیا گیا تصویر کا حصہ


درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ صحیح حصہ جسے ہم استعمال کرنا چاہتے ہیں،اس کی مقدار کم ہے۔ یہ مقدار بڑھانے کے لیے:

  1. ٹول بار سے Clone Stamp ٹول منتخب کریں۔
  2. اوپر پراپرٹی بار پر برش کا سائز منتخب کریں۔
  3. کی بورڈ پر Alt بٹن دبا کر اس جگہ پر کلک کریں جو آپ کے خیال میں ٹھیک ہے۔ ایسا کرنے کا مقصد در اصل کچھ حصہ حاصل کرنا ہے جسے خراب حصے پر استعمال کیا جائے گا۔
  4. اب خراب حصے پر تھوڑے تھوڑے وقفے کے ساتھ کلک کرتے جائیں۔ تصویر کی نوعیت کے مطابق آپ کو بار بار Undo کرنا پڑ سکتا ہے، اور مختلف صحیح جگہ سے Alt بٹن دبا کر نئے سرے سے نمونہ حاصل کرنا پڑ سکتا ہے۔
  5. کلون ٹول منتخب کریں، پھر کی بورڈ پر آلٹ بٹن دبا کر تصویر کا صحیح حصہ حاصل کر کے خراب حصے پر استعمال کریں


    درج ذیل اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صحیح حصے کی مقدار بڑھ چکی ہے۔ اب ٹرانسفارم سلیکشن کی مدد سے تصویر کے صحیح حصے کو خراب حصے پر پھیلا دیں۔

    کلون ٹول کی مدد سے صحیح کیے گئے حصے کو ٹرانسفارم سلیکشن کی مدد سے خراب حصے پر پھیلا دیں


    درج ذیل دائیں طرف والی تصویر اپنی اصل حالت میں ہے جیسا کہ وہ اسکین کی گئی تھی۔ جبکہ بائیں طرف والی تصویر میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ اس کے باقی حصے بھی درست کر لیے گئے ہیں۔ تصویر میں اگر کہیں لائن وغیرہ مدھم ہو تو آپ فوٹو شاپ کی ٹول بار پر موجود ڈرائنگ کے ٹولز استعمال کر سکتے ہیں۔

    تصویر اصل حالت میں، اور فوٹو شاپ میں درست کرنے کے بعد