مشاہدہ میں آیا ہے کہ آپریٹنگ سسٹم کے عام صارفین بڑا اور نمایاں انٹرفیس پسند کرتے ہیں تاکہ انہیں اپنے مطلب کے کنٹرولز واضح نظر آئیں، جبکہ ماہرین باریک اور مختصر انٹرفیس کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ انہیں کام کے لیے زیادہ سے زیادہ اسکرین کا حصہ میسر آسکے۔ چنانچہ آپریٹنگ سسٹمز کی طرف سے یہ سہولت دی جاتی ہے کہ یوزر اپنی مرضی کے مطابق آپریٹنگ سسٹم کے انٹرفیس کا سائز تبدیل کر سکے۔ اس ٹٹوریل میں ہم لینکس اوبنٹو کے تین طرح کے آپشنز دیکھیں گے جن کی مدد سے یہ مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔
لینکس اوبنٹو کے مجموعی انٹرفیس کا سائز تبدیل کریں
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق لانچر پر موجود سیٹنگز کے آئیکان پر کلک کریں۔ اور پھر سسٹم سیٹنگز کی ونڈو کے اندر موجود ڈسپلے والے آئیکان پر کلک کریں۔
درج ذیل پہلے اسکرین شاٹ میں اگرچہ مطلوبہ آپشن کا عنوان مینیو اور ٹائٹل بارز کے حوالے سے رکھا گیا ہے لیکن اس سے لینکس اوبنٹو کے تمام انٹرفیس کا سائز مجموعی طور پر تبدیل ہو جاتا ہے۔ جیسا کہ اس سے نیچے والے اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس آپشن کی ویلیو کم کرنے پر لانچر اور ونڈو سمیت سارے انٹرفیس کا سائز کم ہوگیا ہے۔ یہ اسکرین شاٹ اصل ریزولوشن میں ہے، اس کا سائز فوٹو ایڈیٹنگ سافٹ ویئر کی مدد سے کم نہیں کیا گیا۔
نوٹ: اگر آپ نے غلطی سے اسکرین کا سائز بہت بڑا کر دیا تو ونڈو پر سائز کی تبدیلی والا آپشن غائب ہو جائے گا اور پھر آپ یہ سائز کم نہیں کر سکیں گے۔ چنانچہ یہ سیٹنگ ڈیفالٹ پر لانے کے لیے ٹرمینل پر درج ذیل کمانڈ استعمال کریں:
dconf reset /com/ubuntu/user-interface/scale-factor
لانچر اور اس کے آئیکانز کا سائز تبدیل کریں
ڈیسک ٹاپ کے کسی خالی حصے پر رائیٹ کلک کر کے مینیو کھولیں اور اس میں موجود ڈیسک ٹاپ کی بیک گراؤنڈ تبدیل کرنے والے آپشن پر کلک کریں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق لانچر کا سائز تبدیل کرنے والے سلائیڈر پر اپنی مرضی کی ویلیو سیٹ کریں، اس سے آپ فورًا لانچر کا نیا سائز دیکھ سکیں گے۔
ڈیسک ٹاپ اور فائل لسٹ کے آئیکانز کا سائز تبدیل کریں
لانچر پر موجود فائلز والے آئیکان پر کلک کر کے فائلز کی ونڈو کھولیں۔ اور پھر Edit مینیو میں موجود Preferences والے آپشن پر کلک کر دیں۔
درج ذیل ڈائیلاگ باکس میں (1) اس آپشن کی مدد سے آپ یہ بتا سکتے ہیں کہ ڈیفالٹ کے طور پر فولڈر کی فائلیں آئیکان کی صورت میں نظر آئیں یا لسٹ کی صورت میں۔ (2) اس آپشن کی مدد سے ڈیسک ٹاپ کے آئیکانز کا سائز سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ (3) اس آپشن کی مدد سے فولڈر کی فائل لسٹ کے آئیکانز کا سائز سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ یہ آپشنز سیٹ کرنے کے بعد فائلز کی ونڈو بند کر کے دوبارہ کھولنے پر آپ سائز کی تبدیلی دیکھ سکیں گے۔
دیکھا گیا ہے کہ درج بالا آپشنز استعمال کرتے ہوئے اگر ڈیسک ٹاپ کے آئیکانز کا سائز چھوٹا کیا جائے تو ڈیسک ٹاپ پر ان کی الائنمنٹ متاثر ہو جاتی ہے۔ یہ الائنمنٹ درست کرنے کے لیے درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ڈیسک ٹاپ کے کسی خالی حصے پر کلک کر کے مینیو کھولیں اور پھر اس میں موجود آئیکانز کو آرگنائز کرنے والے آپشن پر کلک کر دیں۔
Modified: Tue, 04/24/2018 - 01:12