مائیکروسافٹ کمپنی والے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کے نئے آنے والے ورژن کےمعیار کو بہتر بنانے کی غرض سے اس کا ٹیکنیکل پری ویو ورژن ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے دستیاب کر دیتے ہیں۔ اور وہ چاہتے ہیں کہ ونڈوز کا یہ ٹیکنیکل پری ویو عام صارفین کی بجائے ماہرین ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں اور پھر مائیکروسافٹ کو اس میں دریافت ہونے والی خرابیوں کے متعلق آگاہ کریں، تاکہ مارکیٹ میں ونڈوز کے نئے ورژن کو متعارف کرانے سے پہلے ان خرابیوں کو دور کیا جا سکے۔ اس ٹٹوریل میں ونڈوز کے اس ٹیکنیکل پری ویو ورژن کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد ڈسک پر برن کرنے کا عمل دکھایا گیا ہے۔ مائیکرو سافٹ کی اس بارے میں ہدایت ہے کہ اسے آپ اپنے کام والے کمپیوٹر پر انسٹال نہ کریں، جس کی وجوہات یہ ہیں: (1) اس میں ابھی خرابیاں دریافت ہونے کا خدشہ ہے۔ (2) اس میں تمام ہارڈ ویئرز کے ڈرائیورز موجود نہیں ہیں۔ (3) ونڈوز کا یہ ورژن کچھ عرصہ بعد ایکسپائر ہو جائے گا۔
ونڈوز کے ٹیکنیکل پری ویو کا ہوم پیج کھولیں۔ پھر ونڈوز انسائیڈر پروگرام کی رجسٹریشن حاصل کریں۔ پھر یہ تسلی کریں کہ جس کمپیوٹر پر آپ ونڈوز کے اس ورژن کی انسٹالیشن کرنا چاہتے ہیں، اس کا ہارڈ ویئر اسے سپورٹ کرتا ہے۔ آخر میں ونڈوز ٹیکنیکل پری ویو کی ڈسک امیج فائل ڈاؤن لوڈ کریں۔
نوٹ: ڈاؤن لوڈ کے لیے 32bit ورژن بھی مہیا کیا گیا ہے اور 64bit بھی۔ آپ کے کمپیوٹر کے لیے کس ورژن کی ضرورت ہے، یہ جاننے کے لیے اگر کمپیوٹر پر پہلے سے ونڈوز موجود ہے تو کی بورڈ پر Win+Pause شارٹ کٹ کی مدد سے سسٹم اسکرین کھولیں۔ اس اسکرین پر System type کے تحت یہ معلومات دیکھی جا سکتی ہیں۔
درج ذیل فائرفاکس براؤزر کے اسکرین شاٹ میں ڈاؤن لوڈ ہونے والی فائل دیکھی جا سکتی ہے۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ اس ISO ڈسک امیج فائل کا سائز بہت بڑا ہے۔ اگر کسی وجہ سے ڈاؤن لوڈ کا عمل معطل ہو جائے تو فائر فاکس براؤزر کی ڈاؤن لوڈ والی ونڈو میں مطلوبہ فائل پر رائیٹ کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر Resume آپشن پر کلک کر کے ڈاؤن لوڈ کا عمل وہیں سے شروع کرلیں جہاں پر یہ معطل ہوا تھا۔ جب فائل مکمل طور پر ڈاؤن لوڈ ہو جائے تو فولڈر کے آئیکان پر کلک کر کے یہ ڈسک امیج فائل سامنے لائیں۔
ڈسک امیج فائل پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر Burn disk image آپشن پر کلک کریں۔
کھلنے والے والے ڈائیلاگ باکس میں Burn بٹن پر کلک کریں۔ جب یہ ڈسک برن ہو جائے تو اس کی مدد سے آپ اپنے کمپیوٹر کو Boot کر کے انسٹالیشن کا عمل شروع کر سکتے ہیں۔
اگر آپ نے اس سے پہلے کسی ڈسک کی مدد سے ونڈوز کی انسٹالیشن نہیں کی تو اس کا طریقہ یہ ہےکہ ڈسک کو ڈرائیو میں ڈال کر کمپیوٹر کو ری اسٹارٹ کریں۔ پھر اسکرین پر دیکھتے رہیں کہ اس کمپیوٹر پر Boot مینیو سامنے لانے کے لیے شارٹ کٹ کونسا ہے، عموماً یہ بوٹ اسکرین پر دکھایا جاتا ہے۔ میرے DELL لیپ ٹاپ پر یہ شارٹ کٹ F12 ہے۔ کمپیوٹر ری اسٹارٹ ہونے کے بعد یہ شارٹ کٹ دباتے رہیں جس سے ایک مینیو ظاہر ہوگا۔ اس میں سے وہ آپشن منتخب کریں جو CD/DVD کے ذریعے کمپیوٹر کو بوٹ کرے۔ اس کے بعد ونڈوز کی انسٹالیشن کا عمل شروع ہو جائے گا، سامنے آنے والی مختلف اسکرینز پر حسب ضرورت آپشنز منتخب کر کے انسٹالیشن کا یہ عمل مکمل کریں۔
Modified: Thu, 01/29/2015 - 19:04