اداروں میں عموماً تقسیم کار کے اصول پر کام کیا جاتا ہے۔ یعنی ایک پراجیکٹ پر ایک سے زیادہ افراد منظم طریقے سے کام کرتے ہیں جس سے یہ پراجیکٹ جلد پایۂ تکمیل تک پہنچ جاتا ہے۔ مثال کے طور پر کسی کتاب کی طباعت کے منصوبے میں کچھ افراد ٹائپنگ کا کام کرتے ہیں، کچھ پروف ریڈنگ کا، اور کچھ ایڈیٹنگ و چھانٹی کا کام کرتے ہیں۔ یہ مختصر ٹٹوریل ایسے ہی منصوبہ میں پیش آنے والے ایک مسئلہ کے متعلق ہے۔
مثلاً اگر ان پیج کی ایک فائل چند سو صفحات پر مشتمل ہے جس میں بہت سے مضامین ہیں، تو ان مضامین کو پرنٹ کر کے مختلف پروف ریڈرز میں تقسیم کر دیا جاتا ہے۔ لیکن کچھ عرصہ کے بعد جب پروف ریڈرز اپنے اپنے مضامین غلطیوں کی نشاندہی کے ساتھ واپس کرتے ہیں تو یہ معلوم کرنے کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے کہ کونسا مضمون ان پیج کی کس فائل میں موجود ہے۔ اور صورت حال اس وقت مزید پیچیدہ ہو جاتی ہے جب بیک وقت متعدد کتابوں پر کام جاری ہو، یا پھر ایک کتاب کے ایک سے زیادہ ورژنز موجود ہوں۔
اس مسئلہ کا ایک حل یہ ہے کہ ہر مضمون کے پہلے صفحہ پر فائل کا نام لکھ دیا جائے۔ جبکہ دوسرا اور بہتر حل یہ ہے کہ ان پیج کے ماسٹر پیج میں اس فائل کا نام لکھا جائے۔ ان پیج کے ماسٹر پیج پر جو بھی چیزیں مثلاً لکھائیاں اور ڈرائنگز وغیرہ رکھی جاتی ہیں، وہ اس فائل کے ہر صفحہ پر نظر آتی ہیں۔ چنانچہ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ مضامین کے کسی بھی صفحہ سے معلوم ہو جائے گا کہ اس کا تعلق کس فائل سے ہے۔ آئیں اس مقصد کے لیے دوسرا طریقہ اسکرین شاٹس کی مدد سے دیکھتے ہیں:
ان پیج کی مطلوبہ فائل کھولیں۔ پھر اسکرین پر بائیں طرف نیچے موجود M بٹن پر کلک کر کے ماسٹر پیج سامنے لائیں۔
- ان پیج کی ٹول بار سے ٹیکسٹ باکس والا آپشن منتخب کریں۔
- اس منتخب آپشن کی مدد سے صفحہ کی کسی خالی اور مناسب جگہ پر ٹیکسٹ باکس بنائیں۔
- اگر ٹول باکس پر ہینڈ ٹول منتخب نہیں ہے تو اسے منتخب کریں، تاکہ اس باکس کے اندر لکھا جا سکے۔
- باکس کے اندر ان پیج فائل کا نام لکھیں۔ کوشش کریں کہ اس کا فونٍٹ سائز کم رکھیں تاکہ یہ کتاب کی اصل عبارت سے الگ نظر آئے۔
- آپ دیکھ رہے ہیں کہ شروع میں اس فائل کا مکمل پاتھ بھی شامل کیا گیا ہے۔ ایسا کرنے کا فائدہ یہ ہوگا کہ اس نام سے ان پیج کی کوئی اور فائل ڈسک پر موجود ہونے کی صورت میں آپ کنفیوژن سے بچ جائیں گے۔ یہ پاتھ کہاں سے حاصل کیا جا سکتا ہے، اس کے لیے اگلا اسکرین شاٹ دیکھیں۔
- اوپر پراپرٹی بار پر موجود Left to Right والا آپشن منتخب کریں تاکہ انگلش لکھائی میں Arrow keys بائیں سے دائیں کام کریں۔
- اب بائیں طرف نیچے ماسٹر پیج کے M بٹن پر کلک کر کے ان پیج کی فائل میں واپس آجائیں۔
- فائل کا ڈسک پاتھ حاصل کرنے کے لیے مطلوبہ ان پیج فائل پر رائٹ کلک کر کے مینیو کھولیں۔
- پھر Properties آپشن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
- اب اس ڈائیلاگ باکس میں Location کے سامنے موجود فائل کا مکمل پاتھ سلیکٹ کریں، اور پھرCtrl+c شارٹ کی مدد سے کاپی کر لیں۔
اس ٹٹوریل میں ذکر کیا گیا طریقہ عملی طور پر ویب پیج کی طرح کام کرتا ہے۔ یعنی جب براؤزر کی مدد سے کوئی ویب پیج پرنٹ کیا جاتا ہے تو اس کے صفحات پر صفحہ نمبر کے علاوہ اس ویب پیج کا ایڈریس بھی موجود ہوتا ہے۔ صفحہ نمبر کا مقصد تو یہ ہوتا ہے کہ مضمون کے صفحات گڈمڈ نہ ہو جائیں، جبکہ ایڈریس کی مدد سے یہ معلوم ہو جاتا ہے کہ اس مضمون کا تعلق کس فائل سے ہے۔
Modified: Tue, 05/08/2018 - 18:59