ونڈوز کے پروگرامز میں اردو لکھنے کیلئے شارٹ کٹس استعمال کریں

Windows پر اردو زبان فعال کرنے کے لیے آپ درج ذیل میں سے کسی ٹٹوریل سے مدد لے سکتے ہیں:

Windows XP کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں
Windows 7 کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں
Windows 8 کو اردو لکھنے کے قابل بنائیں

اگر آپ نے ونڈوز میں اردو زبان فعال کی ہے تو ونڈوز کی ٹاسک بار پر دائیں جانب زبانوں کی فہرست کا مینیو موجود ہوتا ہے جس میں سے اردو زبان منتخب کر کے کسی بھی پروگرام میں اردو لکھی جا سکتی ہے۔ لیکن ونڈوز پر چلنے والے پروگرامز میں اردو لکھنے کے لیے صرف دائیں سے بائیں الائنمنٹ (Alignment) کافی نہیں ہے، بلکہ اس کے لیے لکھائی کی سمت (Direction) بھی تبدیل کرنا ضروری ہے۔ بہت کم سافٹ ویئر ایسے دیکھنے میں آئے ہیں جن میں لکھائی کی سمت تبدیل کرنے کا آپشن واضح طور پر دیا گیا ہو۔ لیکن خوش قسمتی سے اس کے لیے کی بورڈ پر Shortcuts میسر ہیں جن کی مدد سے تحریر کی دائیں سے بائیں اور بائیں سے دائیں سمت تبدیل کی جا سکتی ہے۔ بنیادی طور پر اردو لکھنے کے لیے تین کام ضروری ہوتے ہیں:

  1. ونڈوز پر فعال زبانوں میں سے اردو زبان منتخب کرنا۔
  2. لکھائی کی سمت (Direction) دائیں سے بائیں مقرر کرنا۔
  3. لکھائی کی الائنمنٹ (Alignment) دائیں سے بائیں مقرر کرنا۔

1- فعال زبانوں میں سے مطلوبہ زبان منتخب کرنے کا شارٹ کٹ

کی بورڈ پر Left Alt + Right Shift شارٹ کٹ استعمال کر کے آپ دوسری زبان منتخب کر سکتے ہیں۔ اگر اس وقت اردو زبان منتخب ہے تو یہ شارٹ کٹ استعمال کرنے سے انگلش زبان سلیکٹ ہو جائے گی۔ اسی طرح اگر اس وقت انگلش زبان منتخب ہے تو یہ شارٹ کٹ استعمال کرنے سے اردو زبان سلیکٹ ہو جائے گی۔ شارٹ کٹ کی وضاحت کے لیے درج ذیل تصویر دیکھیں۔

ونڈوز کی فعال زبانوں میں سے مطلوبہ زبان منتخب کرنے کے لیے Left Alt + Right Shift دبائیں

2- دائیں سے بائیں اور بائیں سے دائیں سمت مقرر کرنے کا شارٹ کٹ

مجھے بعض اوقات اردو عبارت پر مشتمل ایسی ای میلز وصول ہوتی ہیں جن کے الفاظ گڈمڈ ہوتے ہیں اور کوشش کے باوجود یہ پتہ نہیں چلتا کہ جملوں کا آغاز کہاں سے ہو رہا ہے۔ ایسا تب ہوتا ہے جب اردو تحریر میں انگلش الفاظ موجود ہوں اور لکھائی کی سمت بائیں سے دائیں (Left to Right) سیٹ ہو، جو کہ ڈیفالٹ سیٹنگ ہے۔ اس لیے اگر آپ کو کبھی اردو زبان میں ای میل بھیجنے کی ضرورت پیش آئے تو تحریر کی دائیں سے بائیں (Right to Left) سمت مقرر کرنے کے لیے درج ذیل شارٹ کٹ استعمال کریں۔

  • دائیں سے بائیں سمت منتخب کرنے کے لیے Right Ctrl + Right Shift شارٹ کٹ استعمال کریں۔
  • بائیں سے دائیں سمت منتخب کرنے کے لیے Left Ctrl + Left Shift شارٹ کٹ استعمال کریں۔

دائیں سے بائیں سمت کے لیے Right Ctrl + Right Shift جبکہ بائیں سے دائیں سمت کے لیے Left Ctrl + Left Shift دبائیں

3- عبارت کی الائنمنٹ مقرر کرنے کا شارٹ کٹ

عام طور پر کسی بھی سافٹ ویئر میں جب عبارت کی سمت (Direction) تبدیل کی جاتی ہے تو سافٹ ویئر اس عبارت کی الائنمنٹ خود بخود تبدیل کر دیتا ہے۔ اگر سافٹ ویئر خود بخود ایسا نہ کرے تو آپ ٹول بار پر موجود آپشن کی مدد سے عبارت کے لیے الائنمنٹ سیٹ کر سکتے ہیں۔ یا پھر درج ذیل تصویر کے مطابق شارٹ کٹس استعمال کر سکتے ہیں۔

Ctrl + J سے دونوں طرف سے برابر، Ctrl + R سے دائیں، Ctrl + C سے درمیان اور Ctrl + L سے بائیں الائنمنٹ


اردو میں ای میل لکھیں

درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ دونوں سطروں کی الائنمنٹ دائیں طرف ہے، لیکن اس کے باوجود پہلی سطر کے الفاظ گڈمڈ ہیں، جبکہ دوسری سطر کے الفاظ بالکل ٹھیک ہیں۔ ایسا اس لیے ہے کہ پہلی سطر کی سمت Left to Right ہے، جبکہ دوسری سطر کی سمت Right to Left ہے۔

اردو میں ای میل لکھنے کے لیے لکھائی کی ڈائریکشن تبدیل کرنا


مائیکرو سافٹ ای میل کی جانب سے HTML کوڈ استعمال کرتے ہوئے ای میل بھیجنے کی سہولت دی گئی ہے۔ اگر آپ یہ جاننا چاہیں کہ آؤٹ لک دائیں سے بائیں سمت مقرر کرنے کے لیے پس منظر میں کیا کوڈ استعمال کرتا ہے تو اس کے لیے درج ذیل تصویر دیکھیں۔ تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ جب مطلوبہ آپشن سلیکٹ کیا گیا ہے تو لکھی ہوئی اردو سطریں کوڈ سمیت نظر آرہی ہیں۔ اس HTML کوڈ میں پہلی اردو سطر کے لیے صرف الائنمنٹ کا CSS رول مقرر کیا گیا ہے۔ جبکہ دوسری اردو سطر کے لیے الائنمنٹ اور ڈائریکشن دونوں کے اسٹائل رولز مقرر کیے گئے ہیں۔ دوسری سطر کے اسٹائل رولز میں rtl کا مطلب Right to Left ہے۔

ہاٹ میل میں ایچ ٹی ایم ایل کی مدد سے ای میل لکھنے کی سہولت


نوٹ: دیکھنے میں آیا ہے کہ ای میل کی سہولت مہیا کرنے والی تقریباً‌ تمام سروسز ای میل بھیجتے وقت Subject لائن میں موجود کسی بھی قسم کا کوڈ ختم کر دیتی ہیں، جس کے نتیجے میں صرف سادہ عبارت ہی منزل تک پہنچتی ہے۔ چنانچہ سبجیکٹ کے خانے میں لکھی گئی اردو عبارت کے اندر اگر انگلش الفاظ استعمال کیے جائیں گے تو ایسی عبارت کی ترتیب خراب ہو جائے گی۔