ان پیج ڈاکومنٹ میں صفحہ نمبر شامل کریں

ان پیج سافٹ ویئر میں جو چیزیں ہر صفحہ پر لانا مقصود ہوں انہیں Master page پر بنایا جاتا ہے۔ صفحہ نمبر بھی چونکہ ہر صفحہ پر موجود ہوتا ہے اس لیے اسے بھی ماسٹر پیج پر رکھا جاتا ہے۔ ان پیج میں اردو اعداد میں صفحہ نمبر لکھنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ صفحہ نمبر کے ساتھ کوئی بھی عبارت مثلاً‌ مضمون کا یا کتاب کا نام بھی لکھا جا سکتا ہے۔ نیز ڈرائنگ کے ٹولز کی مدد سے لائن، باکس اور دائرہ وغیرہ بھی ماسٹر پیج پر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ مختصرً‌ا یہ کہ ان پیج کے ماسٹر پیج میں آپ جو کچھ بھی شامل کریں گے وہ ڈاکومنٹ کے ہر صفحہ پر موجود ہوگا۔


درج ذیل تصویر کے مطابق اسکرین پر بائیں طرف نیچے M بٹن پر کلک کریں جس سے ماسٹر پیج سامنے آجائے گا۔ جب یہ M بٹن دبا ہوا ہو تو سمجھ لیں کہ آپ اس وقت ماسٹر پیج پر موجود ہیں۔

ان پیج میں ماسٹر پیج کھولیں


  1. ٹول بار سے Text Box ٹول منتخب کر کے صفحہ کے نیچے ایک باکس بنائیں۔
  2. باکس کا سائز بہتر کرنے کے لیے ٹول بار پر Pick ٹول منتخب کریں۔ ماؤس کے ساتھ باکس کے دونوں کناروں پر موجود نشانات کی مدد سے باکس کا سائز بہتر کر لیں۔

ٹیکسٹ باکس کی مدد سے ایک ڈبہ بنائیں اور پھر پک ٹول کی مدد سے اس کا سائز ٹھیک کریں


  1. ٹول بار سے Hand ٹول منتخب کر کے باکس کے اندر کلک کریں۔
  2. اوپر آپشن بار پر لکھائی کو درمیان میں لانے والا آپشن منتخب کریں۔
  3. Insert مینیو میں سے Page number آپشن منتخب کریں۔ آپ دیکھیں گے کہ باکس میں # کا نشان موجود ہوگا جو کہ صفحہ نمبر کو ظاہر کرتا ہے۔ جب آپ ماسٹر پیج بند کریں گے تو یہ صفحہ نمبر اصل ہندسوں میں نظر آئے گا۔

ہینڈ ٹول منتخب کر کے باکس میں کلک کریں اور انسرٹ مینیو کی مدد سے پیج نمبر شامل کریں


اب M بٹن پر کلک کر کے ماسٹر پیج بند کریں۔ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ صفحہ کے نیچے والے حصے میں صفحہ نمبر موجود ہے۔ لیکن یہ صفحہ نمبر انگلش عدد میں ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ یہ نمبر اردو عدد میں ہو تو اس کے لیے اس سے اگلی تصویر دیکھیں۔

ان پیج کا ماسٹر پیج بند کر کے صفحہ نمبر دیکھیں


  1. M بٹن پر کلک کر کے ماسٹر پیج کھولیں اور # کا نشان سلیکٹ کریں۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ میں نے صفحہ نمبر کے ساتھ مضمون کا نام بھی لکھا ہے۔
  2. Edit مینیو میں موجود Preferences مینیو کھولیں، پھر اس میں سے Document آپشن منتخب کریں۔

اردو میں صفحہ نمبر لکھنے کے لیے ڈائیلاگ باکس کھولیں


درج ذیل تصویر کے مطابق ڈائیلاگ باکس میں سے اردو نمبر کا آپشن منتخب کریں۔ آپ یہ بھی بتا سکتے ہیں کہ کس نمبر سے صفحہ نمبر شروع ہوں۔ مثلاً‌ اگر کتاب کے پہلے تین صفحے ٹائٹل اور جملہ حقوق وغیرہ کے لیے مخصوص ہیں تو صفحہ نمبر 4 سے شروع کیا جا سکتا ہے۔

ڈائیلاگ باکس کے ڈراپ ڈاؤن سے اردو نمبر منتخب کریں


درج ذیل تصویر میں اردو صفحہ نمبر دیکھا جا سکتا ہے۔ اگر آپ چاہیں تو ٹول بار سے Line ٹول منتخب کر کے صفحہ نمبر کے اوپر ایک لائن بھی لگا سکتے ہیں۔ بہرحال صفحہ نمبر کی فارمیٹنگ آپ کی مرضی پر منحصر ہے۔ جب صفحہ نمبر سیٹ کرنے کا کام مکمل ہو جائے تو M بٹن پر کلک کر کے ماسٹر پیج بند کریں۔

ان پیج کا ماسٹر پیج بند کر کے اردو صفحہ نمبر دیکھیں