ہاٹ لنک پروٹیکشن کی مدد سے ہوسٹنگ اکاؤنٹ کی بینڈوتھ بچائیں

Hot linking کا مطلب یہ ہے کہ کوئی دوسری ویب سائیٹ آپ کی ویب سائیٹ کی کسی فائل یا تصویر کو بذریعہ لنک اپنے ویب پیجز میں استعمال کرے۔ ہاٹ لنکنگ کا دہرا نقصان ہوتا ہے۔ ایک یہ کہ آپ کی تصویر یا فائل دوسری ویب سائیٹ پر استعمال کی جا رہی ہے، دوسرا یہ کہ اس ویب سائیٹ پر یہ فائل ڈاؤن لوڈ بھی آپ کے ہوسٹنگ سرور سے ہو رہی ہے، جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کے ہوسٹنگ اکاؤنٹ کی بینڈوتھ کا استعمال زیادہ ہو جاتا ہے۔ مثلاً‌ آپ کے ہوسٹنگ سرور پر موجود یہ فائل اگر کسی نے اپنی ویب سائیٹ کے ایسے ویب پیج میں شامل کی ہے جسے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں وزٹ کیا جا رہا ہے، تو اس سے آپ کے ہوسٹنگ سرور پر اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس کے نتیجے میں آپ کی اپنی ویب سائیٹ کی رفتار بھی سست ہو سکتی ہے۔ خوش قسمتی سے مختلف ہوسٹنگ کنٹرول پینلز اس سے بچنے کے لیے HotLink Protection کے نام سے ایک فیچر مہیا کرتے ہیں۔ اس فیچر کو استعمال کرتے ہوئے آپ دیگر ویب سائیٹس کو بذریعہ لنک اپنے ہوسٹنگ اکاؤنٹ پر موجود فائلز یا تصاویر کے استعمال سے روک سکتے ہیں۔


ہاٹ لنکنگ کیسے کی جاتی ہے، اس کے لیے درج ذیل دو اسکرین شاٹس دیکھیں۔ دائیں طرف موجود اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ فیس بک پر ہوسٹ کی گئی ایک تصویر کا لنک حاصل کیا جا رہا ہے۔ جبکہ بائیں طرف موجود اسکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ لنک استعمال کرتے ہوئے یہ تصویر ایک ویب پیج میں شامل کی جا رہی ہے۔ جب صارفین یہ ویب پیج وزٹ کریں گے تو اس میں شامل یہ تصویر در اصل فیس بک کے ویب سرور سے ڈاؤن لوڈ ہوگی۔

ہاٹ لنکنگ کی ایک مثال


چنانچہ ہوسٹنگ کنٹرول پینل کی طرف سے مہیا کیا گیا ہاٹ لنک پروٹیکشن فیچر استعمال کرتے ہوئے دیگر ویب سائٹس کو ایسا کرنے سے روکا جا سکتا ہے۔ اپنے ویب ہوسٹنگ کنٹرول پینل میں لاگ ان ہو کر Hotlink Protection کے نام سے موجود لنک پر کلک کریں۔ اس ٹٹوریل میں cPanel میں موجود ہاٹ لنک فیچر کا استعمال دکھایا گیا ہے۔ دیگر کنٹرول پینلز مثلاً‌ Plesk وغیرہ میں بھی یہ فیچر موجود ہوتا ہے۔

سی پینل کے ہوسٹنگ کنٹرول پینل میں ہاٹ لنک پروٹیکشن لنک پر کلک کریں


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:

  1. URLs to allow access والے باکس میں اپنی ویب سائیٹ کا ایڈریس مہیا کریں۔ اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ ویب سائیٹ کا ایڈریس دو مرتبہ فراہم کیا گیا ہے۔ ان میں سے ایک ایڈریس www کے بغیر ہے۔ اگر آپ نے اپنی ویب سائیٹ کی کنفیگریشن فائل (اپاچی ویب سرور کی htaccess. یا ونڈوز ویب سرور کی web.config) میں مناسب سیٹنگ کی ہوئی ہے تو پھر ان دونوں میں سے ایک ایڈریس کافی ہے۔
    نوٹ: اگر اس ہوسٹنگ اکاؤنٹ پر ایک سے زیادہ ڈومینز ہوسٹ کیے گئے ہیں تو پھر ان تمام ویب سائیٹس کے ایڈریسز اس باکس میں لکھیں۔
  2. Extensions والے باکس میں ان تمام فائلز کی ایکسٹینشنز فراہم کریں جن کے بارے میں آپ چاہتے ہیں کہ دیگر ویب سائیٹس والے ان فائلز کے لنکس اپنے ویب پیجز میں استعمال نہ کریں۔
  3. Allow direct requests والا چیک باکس منتخب کرنے سے یہ ہوگا کہ براہ راست براؤزر کی ایڈریس بار میں لنک مہیا کر کے آپ کے ہوسٹنگ سرور سے ڈاکومنٹس یا تصاویر وغیرہ ڈاؤن لوڈ کی جا سکیں گی۔
  4. اگر آپ اپنی ہوسٹنگ سے فائل یا تصویر استعمال کرنے والے کو کوئی پیغام دکھانا چاہتے ہیں، تو پھر ایسے پیغام پر مشتمل ایک ویب پیج تیار کریں، اور پھر اس ویب پیج کا پاتھ اس باکس میں مہیا کریں۔
  5. اگر ہاٹ لنک کا فیچر پہلے سے غیر فعال ہےتو اس اسکرین کے اوپر والے حصے میں دیے گئے Enable بٹن پر کلک کر کے اس فیچر کو فعال کرلیں۔

ہاٹ لنک پروٹیکشن اسکرین پر مطلوبہ سیٹنگز تبدیل کریں


Hotlink فیچر فعال کرنے کے بعد اگر کوئی آپ کی ویب ہوسٹنگ سے تصویر یا فائل براہ راست حاصل کرنا چاہے گا تو اسے درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق Forbidden کا پیغام دکھایا جائے گا۔ اور اگر کوئی ویب سائیٹ آپ کی ہوسٹنگ پر موجود فائل یا تصویر بذریعہ لنک اپنے ویب پیجز پر استعمال کرنا چاہے گی، تو آپ کی ہوسٹنگ کا ویب سرور اسے مطلوبہ تصویر یا فائل مہیا نہیں کرے گا۔

ہاٹ لنک پروٹیکشن کا فعال کیا گیا فیچر ٹیسٹ کریں