ویب سائیٹ کے Access logs یہ بتاتے ہیں کہ ایک مخصوص عرصے میں اس ویب سائیٹ کی کتنی فائلز حاصل کرنے کے لیے ویب سرور کی طرف درخواستیں بھیجی گئی ہیں۔ مثلاً کسی ویب پیج میں اگر ایک اسٹائل شیٹ فائل، ایک جاوا اسکرپٹ فائل، اور دو تصاویر شامل کی گئی ہیں تو براؤزر کی جانب سے ویب سرور کی طرف کل پانچ درخواستیں بھیجی جائیں گی۔ ایک درخواست ویب پیج کے لیے، اور باقی چار اس کے اندر استعمال کی گئی فائلز کے لیے۔ لاگز کی فائل میں ان تمام درخواستوں کا اندراج الگ الگ سطروں پر موجود ہوتا ہے۔ ہر سطر میں کسی بھی درخواست کے متعلق مکمل معلومات موجود ہوتی ہیں۔ یعنی کس IP ایڈریس سے درخواست بھیجی گئی، درخواست کی تاریخ اور وقت کیا تھا، درخواست کا طریقہ GET تھا یا POST، کس فائل کے لیے درخواست بھیجی گئی، صارف یا سرچ انجن اس فائل تک کیسے پہنچا، نیز کس آپریٹنگ سسٹم اور براؤزر کو استعمال کرتے ہوئے درخواست بھیجی گئی، وغیرہ۔
ویسے تو شماریات کے ٹولز مثلاً Google Analytics اور AWStats وغیرہ یہ سب معلومات بہت اچھے فارمیٹ میں مختلف گرافس کے ساتھ دکھا دیتے ہیں۔ لیکن ویب سائیٹ کی شماریات کی مدد سے عموماً یہ دیکھا جاتا ہے کہ لوگ آپ کی ویب سائیٹ کو کیسے استعمال کر رہے ہیں۔ جبکہ ویب سائیٹ کے لاگز کی مدد سے یہ دیکھا جاتا ہے کہ آپ کا ہوسٹنگ اکاؤنٹ آپ کی ویب سائیٹ کی کتنی ٹریفک سنبھال رہا ہے اور اس میں کس حد تک کامیاب ہو رہا ہے۔
اس ٹٹوریل میں ویب سائیٹ کے Raw access logs پڑھنے کے لیے تین مختلف ٹولز کے استعمالات دکھائے گئے ہیں:
پہلا ٹول ++Notepad ہے، اس میں مہیا کیے گئے Count فیچر کا استعمال بتایا گیا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کوئی بھی ویلیو اس فائل میں کتنی تعداد میں موجود ہے۔ یعنی اگر آپ یہ معلوم کرنا چاہیں کہ کسی خاص IP ایڈریس کی طرف سے ویب سائیٹ کی کتنی فائلز کے لیے درخواستیں بھیجی گئیں، تو اس کے لیے مطلوبہ IP ایڈریس کی تعداد اس فیچر کی مدد سے گنی جا سکتی ہے۔
دوسرا ٹول OpenOffice Calc ہے جو کہ ایک اسپریڈ شیٹ سافٹ ویئر ہے۔ اس کے DataPilot فیچر کی مدد سے ویب سائیٹ کے لاگز کا خلاصہ دیکھا جا سکتا ہے۔ مثلاً یہ معلوم کیا جا سکتا ہے کہ کن IP ایڈریسز کی طرف سے سب سے زیادہ درخواستیں بھیجی گئیں۔ اس مقصد کے لیے Excel میں موجود PivotTable فیچر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔
تیسرا ٹول Apache Logs Viewer ہے جو کہ ایک کمرشل سافٹ ویئر ہے، اس کے فری ورژن میں مہیا کیے گئے Sort فیچر کا استعمال بتایا گیا ہے۔ یعنی یہ دیکھا گیا ہے کہ لاگز فائل میں موجود ڈیٹا کو کن ویلیوز کے اعتبار سے ترتیب دیا جا سکتا ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوگا کہ آپ ایک طرح کی انٹریز، مثلاً 404 والی درخواستیں ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔
- لاگز کی فائل ڈاؤن لوڈ کر کے ان زپ کریں
- لاگز کی فائل ++Notepad کی مدد سے پڑھیں
- لاگز کی فائل OpenOffice Calc کی مدد سے پڑھیں
- لاگز کی فائل Apache Logs Viewer کی مدد سے پڑھیں
1- لاگز کی فائل ڈاؤن لوڈ کر کے ان زپ کریں
درج ذیل اسکرین شاٹ cPanel ہوسٹنگ کنٹرول پینل کا ہے۔ اس میں لاگ ان ہو کر Logs کے سیکشن میں موجود Raw Access Logs کے لنک پر کلک کریں۔ اگر آپ کے ہوسٹنگ اکاؤنٹ میں کوئی دوسرا کنٹرول پینل مہیا کیا گیا ہے تو اس میں سے آپ کو یہ فیچر با آسانی مل جانا چاہیے۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- پہلا چیک باکس ..Archive logs منتخب کرنے سے یہ ہوگا کہ ہر دن کے اختتام پر ہر ویب سائیٹ کے موجودہ دن کے لاگز، موجودہ مہینے کے لاگز والی فائل میں شامل کر دیے جائیں گے۔ جبکہ دوسرا چیک باکس ..Remove previous month منتخب کرنے سے یہ ہوگا کہ کسی بھی ویب سائیٹ کے ایک مکمل مہینے کے لاگز ہر وقت دستیاب ہوں گے، جبکہ اس سے پچھلی لاگز کی فائلز ڈیلیٹ کر دی جائیں گی۔
- اس حصے میں ان ویب سائیٹس کی فہرست موجود ہے جو اس ہوسٹنگ اکاؤنٹ کے تحت ہوسٹ کی گئی ہیں۔ ان میں سے کسی بھی ویب سائیٹ کے لنک پر کلک کر کے آج کے دن کے لاگز ڈاؤن لوڈ کیے جا سکتے ہیں۔
- سب سے نیچے پچھلے مہینوں کے لاگز پر مشتمل فائلز کی فہرست موجود ہے۔ اگر آپ نے اوپر دونوں چیک باکسز منتخب کیے ہوئے ہیں تو پھر ہر ویب سائیٹ کی پچھلے ایک مکمل مہینے کے لاگز کی فائل بھی دستیاب ہوگی، اور موجودہ مہینے کے اب تک گزرے دنوں کے لاگز کی فائل بھی۔
چنانچہ مطلوبہ ویب سائیٹ کے لاگز کی فائل پر کلک کر کے اسے ڈاؤن لوڈ کریں۔
یہ فائل GZIP فارمیٹ میں ہوتی ہے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق اس فائل کو ان زپ کرنے کے لیے آپ 7Zip سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کر سکتے ہیں، جو کہ مفت دستیاب ہے۔
2- لاگز کی فائل ++Notepad کی مدد سے پڑھیں
ان زپ کی گئی فائل پر ماؤس کے دائیں بٹن کی مدد سے کلک کر کے مینیو کھولیں، اور پھر درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق اسے ++Notepad میں کھولیں۔
نوٹ پیڈ میں Ctrl+A کی مدد سے مکمل مواد سلیکٹ کر لیں۔ اور پھر TextFX مینیو کے تحت موجود TextFX Tools مینیو میں سے Sort lines آپشن منتخب کریں۔ اس سے لاگز کی تمام سطریں آئی پی ایڈریس کے اعتبار سے ترتیب میں آجائیں گی۔ ایسا کرنے سے ہمارا مقصد یہ ہے کہ ایک جیسے آئی پی ایڈریسز ساتھ ساتھ نظر آئیں۔
نوٹ: ++Notepad کے مختلف فیچرز کا استعمال جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق:
- اگر لاگز کی فائل بہت بڑی ہے تو پھر اسکرول بار کے نیچے والے حصے میں ماؤس کی مدد سے کلک کریں اور ماؤس کا بٹن دبا کر رکھیں، اس سے فائل نیچے اسکرول ہونا شروع ہو جائے گی۔ لیپ ٹاپ کی صورت میں ڈبل ٹیپ کریں، اور دوسری ٹیپ کو دبا کر رکھیں۔ نیچے اسکرول ہوتے ہوئے آپ کو یہ آئی پی ایڈریسز بدلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ لیکن جیسے ہی آئی پی ایڈریس ایک جیسا نظر آنا شروع ہو جائے، وہاں رک جائیں۔
- مکمل آئی پی ایڈریس یا پھر اس کا مطلوبہ حصہ سلیکٹ کریں۔
- Ctrl+F یا پھر اوپر ٹول بار پر موجود آپشن کی مدد سے سے Find کا ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
- اس ڈائیلاگ باکس میں Count بٹن پر کلک کریں۔
- ڈائیلاگ باکس کے نیچے والے حصے میں منتخب شدہ ویلیو کی تعداد دیکھی جا سکتی ہے۔
لاگز کی فائل میں آپ کو ایک خاص رینج کے آئی پی ایڈریسز بھی مل سکتے ہیں۔ جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کہ IP کے پہلے دو حصے ایک جیسے ہیں، جبکہ تیسرا اور چوتھا حصہ بدل رہا ہے۔ چنانچہ ایسی صورت میں آپ آئی پی ایڈریس کے پہلے دو یا پھر پہلے تین حصے سلیکٹ کر کے فائل میں اس کی تعداد گن سکتے ہیں۔ یہاں نظر آنے والے آئی پی ایڈریسز در اصل فیس بک کے ہیں، جو اس وقت آپ کی ویب سائیٹ پر موجود ویب پیج پڑھتا ہے جب کوئی اس کا لنک فیس بک پر شیئر کرتا ہے۔ لیکن آپ سمجھ گئے ہوں گے کہ Crawlers مختلف آئی پی ایڈریسز سے آپ کی ویب سائیٹ وزٹ کر سکتے ہیں۔ اس کی تکنیکی وجہ جو بھی ہو، لیکن نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ ایسے مختلف آئی پی ایڈریسز استعمال کرنے والا کرالر نظروں سے اوجھل رہتا ہے۔
اس کے علاوہ آپ دیگر ویلیوز کی تعداد بھی معلوم کر سکتے ہیں۔ لیکن ایسا کرتے ہوئے آپ کو سطر میں سے ایسی ویلیو سلیکٹ کرنا ہوگی جو منفرد ہو۔ درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ سطر میں IPhone کی ویلیو ایک سے زیادہ مرتبہ موجود ہے۔ چنانچہ میں نے IPhone OS منتخب کیا ہے تاکہ کاؤنٹ ہونے والی تعداد ڈبل نہ ہو جائے۔
3- لاگز کی فائل OpenOffice Calc کی مدد سے پڑھیں
چونکہ لاگز کی فائل کی ایکسٹینشن ایک اسپریڈ شیٹ فائل کی نہیں ہے، اس لیے اگر آپ اوپن آفس کے فائل مینیو سے لاگز کی فائل کھولیں گے تو وہ Writer میں کھل جائے گی، جو کہ ورڈ پراسیسنگ کا سافٹ ویئر ہے۔ چنانچہ یوں کریں کہ پہلے Calcکھولیں، اور پھر لاگز کی فائل ماؤس کی مدد سے اس میں ڈریگ کر لیں۔ لیکن یاد رہے کہ اگر فائل بڑی ہے تو یہ کھلنے میں کچھ وقت لے سکتی ہے۔
جیسے ہی فائل کھلے گی درج ذیل ڈائیلاگ باکس سامنے آئے گا، جو یہ پوچھ رہا ہے کہ اس فائل کی ویلیو زکو اسپریڈ شیٹ کے خانوں میں کس طرح سے تقسیم کیا جائے۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق Space کا چیک باکس منتخب کریں، اور پھر OK بٹن پر کلک کر دیں۔
کالم A کے عنوان پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں، پھر کی بورڈ پر Shift بٹن دبا کر رکھیں، اور پھر کالم B کے عنوان پر کلک کر کے اسے سلیکٹ کریں۔ اس کے بعد ان دو منتخب شدہ کالمز کو Copy کر لیں۔ آخر میں ایک نئی شیٹ کھولیں، جس میں یہ کالمز پیسٹ کیے جائیں گے۔
یہ کالمز ہم اس لیے الگ کر رہے ہیں تاکہ DitaPilot کا ڈائیلاگ باکس استعمال کرنے میں آسانی رہے۔ اور دو کالمز اس لیے کہ DitaPilot فیچر کو کم از کم دو کالمز درکار ہوتے ہیں۔
نئی شیٹ میں یہ دونوں کالمز Paste کریں۔ پھر Data مینیو میں سے DataPilot کے لنک پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ دونوں کالمز دو بٹنوں کی صورت میں دکھائے گئے ہیں۔
- آئی پی ایڈریس والے بٹن کو ڈریگ کر کے پہلے Row Fields والے خانے میں رکھیں۔ پھر اسی بٹن کو ڈریگ کر کے Data Fields والے خانے میں رکھیں۔
- پھر Data Fields والے خانے میں موجود بٹن پر ڈبل کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔
- اس ڈائیلاگ باکس میں سے Count آپشن منتخب کر کے OK بٹن پر کلک کر دیں۔ اس کا مطلب واضح ہے کہ ہمیں آئی پی ایڈریسز کی تعداد چاہیے۔
- دائیں طرف نیچے موجود More بٹن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کے مزید آپشنز سامنے لائیں۔
- ڈائیلاگ باکس کے نیچے والے حصے میں موجود Results to والے ڈراپ ڈاؤن مینیو میں سے نئی شیٹ والا آپشن منتخب کریں، تاکہ اس ڈائیلاگ باکس کے نتیجے میں جو ڈیٹا سامنے آئے وہ نئی شیٹ میں کھلے۔
- آخر میں OK بٹن پر کلک کر کے DataPilot کا ڈائیلاگ باکس بند کر دیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ A کالم میں آئی پی ایڈریسز کی فہرست موجود ہے، جبکہ B کالم میں ان کی تعداد موجود ہے۔ اب ہم یہ چاہتے ہیں کہ ان آئی پی ایڈریسز کو ان کی تعداد کے اعتبار سے ترتیب دیں۔ اس کے لیے پہلا کام یہ کریں کہ B کالم کی پہلی ویلیو پر کرسر لے کر آئیں۔ اور پھر Data مینیو میں سے Sort ڈائیلاگ باکس کھولیں۔ اس ڈائیلاگ باکس میں تسلی کر لیں کہ Sort by کے ڈراپ ڈاؤن میں Column B ویلیو منتخب ہے۔ پھر Descending ریڈیو بٹن منتخب کریں۔ یعنی ہم زیادہ تعداد والے آئی پی ایڈریسز فہرست میں پہلے دیکھنا چاہتے ہیں۔ اور پھر OK بٹن پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس بند کر دیں۔
درج ذیل اسکرین شاٹ میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ جن آئی پی ایڈریسز سے ویب سائیٹ کی سب سے زیادہ فائلز حاصل کی گئی ہیں، وہ فہرست میں سب سے اوپر نظر آرہے ہیں۔ ان میں سے کوئی ایک آئی پی ایڈریس کاپی کریں، اور پھر آئی پی ایڈریس کی معلومات بتانے والی کسی ویب سائیٹ سے اس کے متعلق معلومات حاصل کریں، جیسا کہ درج ذیل اسکرین شاٹ میں دکھایا گیا ہے۔ آپ دیکھ رہے ہیں کہ لاگز کی فائل میں چار ہزار سے زیادہ انٹریز گوگل کے آئی پی ایڈریس کی ہیں۔
4- لاگز کی فائل Apache Logs Viewer کی مدد سے پڑھیں
Apache Log Viewer ایک کمرشل ایپلی کیشن ہے لیکن اس کے فری ورژن میں موجود چند ایک فیچرز کارآمد ہیں۔ درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق اس کی ویب سائیٹ سے یہ سافٹ ویئر ڈاؤن لوڈ کر کے انسٹال کریں۔
سافٹ ویئر کی انسٹالیشن مکمل ہونے کے بعد اسے کھولیں، اور پھر File مینیو سے یا پھر اوپر ٹول بار پر موجود آپشن کی مدد سے لاگز کی فائل کھولیں۔
فری ورژن میں شاید سب سے کارآمد فیچر Sort کا ہے۔ اس کی مدد سے آپ لاگز کو مختلف ترتیبوں کے ساتھ دیکھ سکتے ہیں۔ مثلاً Status Code کے اعتبار سے اگر آپ ترتیب دیں گے تو آپ کو 404 والی انٹریز ایک ساتھ نظر آجائیں گی۔ اور یوں آپ معلوم کر سکیں گے کہ کونسی فائلز ایسی تھیں جو صارفین حاصل نہیں کر سکے۔ اسی طرح Country کے اعتبار سے ترتیب دینے سے آپ کسی خاص ملک کی ٹریفک ایک ساتھ دیکھ سکیں گے۔
Modified: Wed, 01/28/2015 - 12:37