ونڈوز میں چیک باکس کی مدد سے فولڈر اور فائلیں منتخب کریں

ونڈوز میں اس سے پہلے فائلوں کے انتخاب کے لیے ہم جو طریقہ اختیار کرتے آرہے ہیں وہ اتنا باسہولت نہیں ہے اور اس کے استعمال میں احتیاط برتنا پڑتی ہے۔ مثلاً‌ فولڈر میں ایک تسلسل کے ساتھ موجود فائلوں کو منتخب کرنے کے لیے ہم کی بورڈ پر Shift کا بٹن دبا کر ماؤس کے ساتھ پہلی اور آخری فائل پر کلک کرتے ہیں، یوں پہلی اور آخری فائل اور ان کے درمیان موجود تمام فائلیں سلیکٹ ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح جو فائلیں ہمیں چاہئیں اگر وہ ایک تسلسل کے ساتھ فولڈر میں موجود نہیں ہیں تو پھر ہم کی بورڈ پر Ctrl کا بٹن دباتے ہیں اور اپنی مطلوبہ فائلوں پر ماؤس کے ساتھ کلک کرتے جاتے ہیں۔ یہ طریقہ کارآمد تو ہے لیکن اس میں کی بورڈ کا استعمال ایک اضافی کام محسوس ہوتا ہے جو صارف کی توجہ تقسیم کر دیتا ہے۔

جیسا کہ درج ذیل تصویر میں آپ دیکھ رہے ہیں کہ کی بورڈ پر Ctrl بٹن دبا کر رکھتے ہوئے ماؤس کی مدد سے تین فائلیں منتخب کی گئی ہیں:

Windows میں فائلیں سلیکٹ کرنے کا پرانا طریقہ


ونڈوز سیون میں چیک باکس کی مدد سے فائلیں منتخب کرنے کا آپشن مہیا کیا گیا ہے لیکن یہ آپشن پہلے سے فعال نہیں کیا گیا۔ اس آپشن کو درج ذیل تصاویر کی مدد سے فعال بنایا جا سکتا ہے۔

اگر آپ کھلی ہوئی ونڈو میں مینیو بار نہیں دیکھ رہے تو کی بورڈ پر Alt+t دبا کر Tools مینیو کھولیں اور پھر Folder options پر کلک کر کے ڈائیلاگ باکس کھولیں۔

Folder Options کا ڈائیلاگ باکس کھولیں


ڈائیلاگ باکس کے View والے حصے میں سے Use check boxes to select items آپشن منتخب کر کے OK بٹن پر کلک کر دیں۔

Check boxes استعمال کرنے کا آپشن منتخب کریں


اب جس فائل کے اوپر آپ ماؤس کا پوائنٹر لے کر آئیں گے اس کی سائیڈ پر ایک چیک باکس نمودار ہوگا جس پر آپ کلک کر کے فائل منتخب کر سکتے ہیں۔

چیک باکس کی مدد سے فائلیں اور فولڈر منتخب کریں