Desktop Publishing

ان پیج میں کی بورڈ کے بٹنوں کی ترتیب تبدیل کریں

ان پیج میں کی بورڈ کے بٹنوں کی ترتیب تبدیل کریں

ان پیج سافٹ ویئر میں کام کرتے ہوئے بعض اوقات آپ چاہتے ہیں کہ کی بورڈ کے کچھ بٹن تبدیل کیے جائیں، مثلاً یہ کہ ش کا حرف Shift+c دبانے سے نہیں بلکہ Shift+s دبانے سے لکھا جائے۔ اردو حروف کو انگلش بٹنوں کے ساتھ ٹائپ کرنے کے لیے ان پیج کے اندر کی بورڈ تبدیل کرنے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ یعنی کونسا اردو حرف کس انگلش بٹن دبانے سے لکھا جائے، یہ آپ اپنی مرضی سے سیٹ کر سکتے ہیں۔ آئیں تصاویر کی مدد سے اس کا طریقہ دیکھتے ہیں۔ مکمل تحریر

ان پیج اور کورل ڈرا کی مدد اخباری سرخی تیار کریں

ان پیج کی مدد سے کورل ڈرا میں اخباری سرخی تیار کریں

اخباری سرخی کیسے تیار کی جاتی ہے؟ اس کا خلاصہ کچھ اس طرح سے ہے کہ ہم ان پیج میں عبارت لکھ کر اسے Copy کرتے ہیں اور کورل ڈرا کے اندر اسے Paste کر دیتے ہیں۔ اس کے بعد اس لکھائی کو Curves میں تبدیل کیا جاتا ہے تاکہ لکھائی فونٹ کی شکل میں نہ رہے بلکہ ویکٹر آبجیکٹس میں بدل جائے۔ پھر اس لکھائی کو Ungroup کیا جاتا ہے تاکہ تمام حروف ایک دوسرے سے الگ ہو جائیں اور ہر حرف کو اٹھا کر اپنی مرضی کے مطابق جہاں چاہے رکھا جا سکے۔ اگلے مرحلے میں ہم عبارت کی تین یا چار نقلیں بناتے ہیں اور ہر نقل پر مختلف رنگ اور موٹائی کی Outline لگاتے ہیں۔ پھر ان تمام لکھائیوں کو ایک دوسرے کے اوپر رکھ دیا جاتا ہے جس سے عبارت ایک اخباری سرخی کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ مکمل تحریر

ان پیج میں مہیا کیے گئے خطاطی کے نمونے استعمال کریں

ان پیج میں مہیا کیے گئے خطاطی کے نمونے استعمال کریں

Inpage میں Zakharif کے نام سے ایک فونٹ مہیا کیا گیا ہے جس میں خطاطی کے بہت سے مفید نمونے موجود ہیں۔ مثلاً‌ ان میں درج ذیل الفاظ یا جملوں کی خطاطی شامل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم۔ اللہ اکبر۔ جل جلالہ۔ عز و جل۔ سبحانہ وتعالی۔ قرآن کریم۔ صلی اللہ علیہ وسلم۔ رضی اللہ عنہم۔ صدق اللہ العظیم۔ کل عام وانتم بخیر۔ عید مبارک۔ اسلامی مہینوں کے نام۔ مقدمہ۔ تمہید۔ تمت۔ فہرس۔ کل الحقوق محفوظۃ، وغیرہ کے علاوہ دستاویزات کی سجاوٹ کے لیے کچھ علامات (Symbols) بھی شامل ہیں۔ مکمل تحریر

اوپن آفس رائٹر میں نمازوں کا ٹائم ٹیبل بنائیں

اوپن آفس رائٹر میں نمازوں کا ٹائم ٹیبل بنائیں

بعض مساجد میں یہ رواج ہے کہ ہر مہینے کے آخری جمعۃ المبارک کے موقع پر اگلے مہینے کی نمازوں کا ٹائم ٹیبل نمازیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ نمازوں کے اس ٹائم ٹیبل سے یہ پتہ چلتا ہے کہ کسی بھی نماز کا وقت کب داخل ہوتا ہے۔ لوگ یہ ٹائم ٹیبل اپنے ساتھ گھروں کو لے جاتے ہیں جسے خواتین گھر میں کسی نمایاں جگہ مثلاً‌ فریج وغیرہ پر چسپاں کر دیتی ہیں، تاکہ گھریلو کاموں کے دوران نماز کے وقت کی یاد دہانی ہوتی رہے اور جب بھی موقع ملے وہ نماز ادا کر سکیں۔ یا پھر اس ٹائم ٹیبل سے وہ حضرات فائدہ اٹھاتے ہیں جو کسی وجہ سے نماز کے لیے مسجد نہیں جا سکتے بلکہ دفتر وغیرہ میں ہی حسب موقع نماز پڑھتے ہیں۔ مکمل تحریر

اوپن آفس رائٹر کی بنی بنائی ٹمپلیٹس استعمال کریں

اوپن آفس رائیٹر کی ریڈی میڈ ٹیمپلیٹ استعمال کریں

کسی بھی دستاویز (Document) کی تیاری بھرپور توجہ چاہتی ہے۔ ڈاکومنٹ کے مواد (Content) کی تیاری کے لیے تو وقت درکار ہوتا ہی ہے، لیکن ڈاکومنٹ کی سجاوٹ (Formatting) پر بھی اچھا خاصا وقت صرف ہوجاتا ہے۔ لیکن اگر آپ کو اپنی ڈاکومنٹ کے لیے ایک بنا بنایا سانچہ (Template) مل جائے تو ڈاکومنٹ کی فارمیٹنگ پر صرف ہونے والا وقت کافی حد تک بچایا جا سکتا ہے۔ ڈاکومنٹ کا مواد ٹیمپلیٹ میں بھریں، مواد کی نوک پلک سیدھی کریں، بس آپ کی ڈاکومنٹ تیار ہے۔ مکمل تحریر

ان پیج میں نظم تیار کریں

ان پیج میں نظم تیار کریں

نظم عام طور پر درج ذیل طریقوں پر لکھی جاتی ہے (۱) ہر مصرعہ الگ سطر پر لکھا جاتا ہے اور مکمل نظم صفحہ کے درمیان میں لکھی جاتی ہے۔ (۲) ہر مصرعہ الگ سطر پر لکھا جاتا ہے لیکن کچھ اشعار یا مصرعے صفحہ کی دائیں جانب اور کچھ بائیں جانب لکھے جاتے ہیں، مثلاً‌ طاق (Odd) اشعار صفحہ کی دائیں جانب جبکہ جفت (Even) اشعار صفحہ کی بائیں جانب لکھے جاتے ہیں۔ (۳) ہر مصرعہ الگ سطر پر لکھا جاتا ہے لیکن پہلا مصرعہ صفحہ کی دائیں طرف جبکہ دوسرا مصرعہ صفحہ کی بائیں طرف لکھا جاتا ہے۔ ایک نظم میں نے ایسی بھی دیکھی ہے جس کے تین مصرعے دائیں جانب جبکہ چوتھا مصرعہ بائیں جانب لکھا گیا تھا۔ (۴) شعر کے دونوں مصرعے آمنے سامنے لا کر ایک سطر میں ایک ہی شعر لکھا جاتا ہے، جبکہ کچھ اشعار کے بعد یا آخری شعر دو سطروں پر صفحہ کے بالکل درمیان میں لکھا جاتا ہے۔ مکمل تحریر

ان پیج میں کتاب کی تیاری کیلئے اسٹائلز استعمال کریں

ان پیج میں کتاب کی تیاری کیلئے سٹائل شیٹ استعمال کریں

کیا آپ بھی ایسے اردو کمپوزر ہیں جو کتاب کی فارمیٹنگ Inpage کی ٹول بار کی مدد سے کرتے ہیں؟ یعنی جب کسی عنوان کا فونٹ سائز مقرر کرنا ہو، عربی عبارت کا فونٹ منتخب کرنا ہو، یا پیرا گراف کی سطروں کے درمیان فاصلہ سیٹ کرنا ہو، تو ان کاموں کے لیے آپ ان پیج میں اوپر موجود ٹول بار کے آپشنز استعمال کرتے ہیں۔ چند ایک صفحات کی تیاری کے لیے ایسا کرنا الگ بات ہے، لیکن ایک کتاب کی فارمیٹنگ کیلئے یہ طریقہ ٹھیک نہیں ہے۔ فرض کریں آپ نے 400 صفحات کی ایک کتاب تیار کی ہے جس میں 200 کے قریب عنوانات موجود ہیں۔ کمپوزنگ کے دوران ان عنوانات کا فونٹ سائز آپ نے ٹول بار کی مدد سے 18pt مقرر کیا ہے، لیکن اب آپ چاہتے ہیں کہ عنوانات کا سائز 20pt ہونا چاہیے۔ کتاب میں موجود سب عنوانات کا سائز تبدیل کرنے کیلئے آپ کیا طریقہ اختیار کریں گے؟ مکمل تحریر

ان پیج میں لیٹرہیڈ تیار کریں

ان پیج میں لیٹرہیڈ تیار کریں

شخصیات، تعلیمی مراکز اور کاروباری اداروں کو خط و کتابت کے لیے لیٹرہیڈ استعمال کرنے کی ضرورت پیش آتی رہتی ہے۔ عام طور پر لیٹرہیڈ کسی ماہر ڈیزائنر سے تیار کروا کر پرنٹنگ پریس سے پرنٹ کروایا جاتا ہے، اور جب ضرورت پیش آتی ہے اس لیٹرہیڈ کے صفحہ پر خط وغیرہ لکھا جاتا ہے، یا کمپیوٹر میں خط ٹائپ کر کے اس کاغذ پر پرنٹ کیا جاتا ہے۔ اگر آپ طباعت کی ضروریات کے لیے Inpage سافٹ ویئر استعمال کرتے ہیں تو آپ یوں کر سکتے ہیں کہ ان پیج میں ہی ایک لیٹرہیڈ تیار کر لیں، اور جب ضرورت پیش آئے اس فائل میں خط لکھ کر لیٹرہیڈ سمیت پرنٹ کر لیں۔ آئیں ان پیج میں لیٹرہیڈ کی تیاری کا یہ عمل مرحلہ وار دیکھتے ہیں۔ مکمل تحریر

ان پیج ڈاکومنٹ میں تصاویر شامل کریں

ان پیج ڈاکومنٹ میں تصاویر شامل کریں

Inpage کی دستاویز کو جاذب نظر بنانے کے لیے ان میں تصاویر بھی شامل کی جا سکتی ہیں۔ ڈاکومنٹ میں تصویر شامل کرنے کے لیے Insert مینیو کے اندر بھی آپشن موجود ہے اور سائیڈ پر ٹول بار پر بھی اس مقصد کے لیے ایک ٹول مہیا کیا گیا ہے۔ ان پیج میں نہ صرف تصاویر کے گرد مختلف اسٹائلز کے بارڈر لگائے جا سکتے ہیں بلکہ امیج ایڈیٹنگ کے کچھ آپشنز بھی مہیا کیے گئے ہیں۔

نوٹ: اگر آپ ان پیج میں ایسا مونوگرام استعمال کرنا چاہتے ہیں جو کورل ڈرا میں بنایا گیا ہے، تو پھر بہتر نتیجہ حاصل کرنے کے لیے کورل ڈرا سے اس مونو گرام کو EPS فارمیٹ میں ایکسپورٹ کریں۔ مکمل تحریر

ان پیج ڈاکومنٹ میں صفحہ نمبر شامل کریں

ان پیج ڈاکومنٹ میں صفحہ نمبر شامل کریں

ان پیج سافٹ ویئر میں جو چیزیں ہر صفحہ پر لانا مقصود ہوں انہیں Master page پر بنایا جاتا ہے۔ صفحہ نمبر بھی چونکہ ہر صفحہ پر موجود ہوتا ہے اس لیے اسے بھی ماسٹر پیج پر رکھا جاتا ہے۔ ان پیج میں اردو اعداد میں صفحہ نمبر لکھنے کی سہولت بھی موجود ہے۔ اس کے علاوہ صفحہ نمبر کے ساتھ کوئی بھی عبارت مثلاً‌ مضمون کا یا کتاب کا نام بھی لکھا جا سکتا ہے۔ نیز ڈرائنگ کے ٹولز کی مدد سے لائن، باکس اور دائرہ وغیرہ بھی ماسٹر پیج پر استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ مختصرً‌ا یہ کہ ان پیج کے ماسٹر پیج میں آپ جو کچھ بھی شامل کریں گے وہ ڈاکومنٹ کے ہر صفحہ پر موجود ہوگا۔ مکمل تحریر

ان پیج میں عربی عبارتوں پر اعراب لگائیں

ان پیج میں عربی عبارتوں پر اعراب لگائیں

ان پیج سافٹ ویئر کی بہت زیادہ مقبولیت کی ایک وجہ یہ ہے کہ اردو پبلشنگ کے لیے اس جیسا کوئی دوسرا سافٹ ویئر ابھی تک نہیں بن سکا۔ دوسری وجہ یہ ہے کہ اس کے بنانے والوں نے عربی اور اردو طباعت کے بہت سے پیچیدہ مسائل حل کیے ہیں۔ ان پیج میں اعراب لگانے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ اعراب کو حسب ضرورت مختلف انگلش بٹنوں پر سیٹ کیا جا سکتا ہے۔ اور ان پیج میں تطویل کا نشان بھی مہیا کیا گیا ہے جس کی مدد سے کسی بھی نسخ رسم الخط کے حروف کو لمبا کیا جا سکتا ہے، حروف کی یہ لمبائی اعراب واضح کرنے میں بہت مدد گار ثابت ہوتی ہے۔ آئیں ان پیج میں یہ سہولیات استعمال کرتے ہوئے قرآنی آیات پر اعراب لگانے کا طریقہ دیکھتے ہیں۔ مکمل تحریر

ان پیج میں اردو عبارت گولائی میں لکھیں

ان پیج میں اردو عبارت گولائی میں لکھیں

ان پیج ۲۰۰۰ میں عبارت گولائی میں لکھنے کا براہ راست آپشن مجھے کہیں نظر نہیں آیا۔ لیکن ٹیکسٹ باکس ٹول استعمال کرتے ہوئے ان پیج میں عبارت گولائی میں لکھی جا سکتی ہے۔ اس کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے رہنمائی کے لیے ایک گول دائرہ بنائیں۔ پھر عبارت میں جتنے الفاظ ہوں اتنی ہی تعداد میں ٹیکسٹ باکسز بنائیں۔ پھر ہر باکس میں عبارت کا ایک ایک لفظ لکھیں۔ ان تمام ٹیکسٹ باکسز کو دائرے کے گرد گولائی کے انداز میں رکھ دیں۔ آخر میں ہر ٹیکسٹ باکس کا زاویہ اس طرح سے تبدیل کریں کہ تمام ٹیکسٹ باکسز مل کر گولائی میں لکھی ہوئی عبارت کی شکل اختیار کر لیں۔ آئیں یہ عمل مرحلہ وار دیکھتے ہیں۔ مکمل تحریر

ان پیج میں سند تیار کریں

ان پیج میں سند تیار کریں

دینی اداروں میں طلبہ و طالبات کو امتحانات میں کامیابی کے نتیجے میں جو اسناد دی جاتی ہیں وہ بہت خوبصورت ہوتی ہیں۔ خطاط حضرات نے بڑی مہارت سے مختلف عربی رسم الخط استعمال کرتے ہوئے ان سندوں کے عنوانات اور عبارتیں لکھی ہوتی ہیں۔ خاص طور پر عنوانات کے خم دار جسامت کے حامل الفاظ دیکھنے میں بہت بھلے معلوم ہوتے ہیں۔ آج کے دور میں ایسے خطاط حضرات کی تعداد کچھ زیادہ نہیں ہے کہ وہ تمام اداروں کی ضروریات پوری کر سکیں۔ لیکن خوش قسمتی سے خطاطی کے بہت سے رسم الخط کمپیوٹر فونٹس کی شکل میں سامنے آچکے ہیں۔ چنانچہ اس ٹٹوریل کا مقصد یہ ہے کہ وہ ادارے جنہیں ایسے عرق ریز خطاط کی خدمات میسر نہیں ہیں، کم از کم وہ اپنی ضرورت پوری کر سکیں۔ اس ٹٹوریل میں Inpage استعمال کرتے ہوئے ایک سادہ لیکن با مقصد سند تیار کی گئی ہے۔ مکمل تحریر

ان پیج میں بلٹس اور نمبرز والی فہرست بنائیں

ان پیج میں بلٹس اور نمبرز والی فہرست بنائیں

میرے پاس Inpage 2000 ہے اور میرے خیال میں اس وقت بھی ان پیج کا یہی ورژن زیادہ تر لوگوں کے زیر استعمال ہے۔ ان پیج کے تمام مینیوز بار بار دیکھنے کے باوجود مجھے کہیں بھی Bullets and Numbering والا آپشن نظر نہیں آیا جو کہ ورڈ پراسیسنگ کے ہر سافٹ ویئر میں موجود ہوتا ہے۔ چنانچہ میں نے Indentation استعمال کرتے ہوئے ایسی فہرست تیار کی ہے جس کے لیے بلٹس یا نمبرز خود مہیا کرنا پڑتے ہیں۔ لیکن عبارت کے دائیں طرف موجود فاصلے کی وجہ سے یہ فہرست دیکھنے میں ویسے ہی نظر آتی ہے جیسا کہ اس کے لیے بلٹس اینڈ نمبرنگ والا آپشن استعمال کیا گیا ہو۔ مکمل تحریر

ان پیج میں اخباری سرخی بنائیں

ان پیج میں اخباری سرخی بنائیں

اخبارات میں سرخیوں کے الفاظ کی ترتیب خاص طور پر سیٹ کی جاتی ہے تاکہ کم جگہ پر زیادہ الفاظ کھپائے جا سکیں۔ الفاظ کا آپس میں فاصلہ بہت کم ہوتا ہے، اور حروف کو ایک دوسرے کے اوپر اس طرح سیٹ کیا جاتا ہے کہ کوئی جگہ خالی نہ رہے۔ اخبارات کی بہت سی چھوٹی سرخیاں ایسی ہوتی ہیں جن کی عبارت پر آؤٹ لائن کا ایفیکٹ نہیں لگایا جاتا، بلکہ انہیں صرف ریورس کرنے پر ہی اکتفا کیا جاتا ہے۔ یعنی سیاہ یا سرمئی بیک گراؤنڈ پر سفید الفاظ لکھے جاتے ہیں۔

Inpage میں ایسی اخباری سرخیاں بنانے کی سہولت موجود ہے۔ ان پیج میں اخباری سرخی کی طرح عبارت کی ترتیب بھی سیٹ کی جا سکتی ہے، اور عبارت کے الفاظ کو ریورس میں بھی دکھایا جا سکتا ہے۔ آئیں ان پیج میں اخباری سرخی کی تیاری کا یہ عمل دیکھتے ہیں: مکمل تحریر

فونٹس کے سیمبلز استعمال کریں

فونٹس کے سیمبلز استعمال کریں

Symbols یعنی مختلف علامات اور نشانات، دیکھنے والے کی توجہ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سیمبلز نہ صرف لکھائی کی بہ نسبت کم جگہ لیتے ہیں بلکہ کم وقت میں وہ تصور واضح کر دیتے ہیں جس کے لیے لکھائی کے بہت سے الفاظ درکار ہوتے ہیں۔ اسی لیے ٹریفک سائنز سے لے کر سافٹ ویئر ٹول بارز تک ایسے سیمبلز استعمال کیے جاتے ہیں جنہیں دیکھنے والا فورً‌ا سمجھ جاتا ہے کہ فلاں علامت کا مقصد کیا ہے۔

ڈیسک ٹاپ پبلشنگ اور گرافک ڈیزائن میں اکثر سیمبلز اور ڈنگ بیٹس وغیرہ استعمال کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ایسے فونٹس دستیاب ہیں جو مختلف علامات اور نشانات پر مشتمل ہوتے ہیں۔ یعنی جب ایسا فونٹ منتخب کیا جاتا ہے تو کی بورڈ پر کوئی بھی حرف، ہندسہ یا نشان ٹائپ کرنے پر ایک مختلف سیمبل ظاہر ہوتا ہے۔ مکمل تحریر

کونسا مضمون کس فائل کا ہے؟

اداروں میں عموماً‌ تقسیم کار کے اصول پر کام کیا جاتا ہے۔ یعنی ایک پراجیکٹ پر ایک سے زیادہ افراد منظم طریقے سے کام کرتے ہیں جس سے یہ پراجیکٹ جلد پایۂ تکمیل تک پہنچ جاتا ہے۔ مثال کے طور پر کسی کتاب کی طباعت کے منصوبے میں کچھ افراد ٹائپنگ کا کام کرتے ہیں، کچھ پروف ریڈنگ کا، اور کچھ ایڈیٹنگ و چھانٹی کا کام کرتے ہیں۔ یہ مختصر ٹٹوریل ایسے ہی منصوبہ میں پیش آنے والے ایک مسئلہ کے متعلق ہے۔ مثلاً‌ اگر ان پیج کی ایک فائل چند سو صفحات پر مشتمل ہے جس میں بہت سے مضامین ہیں، تو ان مضامین کو مختلف پروف ریڈرز میں تقسیم کر دیا جاتا ہے۔ لیکن کچھ عرصہ کے بعد جب پروف ریڈرز اپنے اپنے مضامین غلطیوں کی نشاندہی کے ساتھ واپس کرتے ہیں تو یہ معلوم کرنے کے لیے محنت کرنا پڑتی ہے کہ کونسا مضمون ان پیج کی کس فائل میں موجود ہے۔ مکمل تحریر

ان پیج میں سطروں کے درمیان خودکار فاصلہ کی مقدار متعین کریں

ان پیج میں سطروں کے درمیان آٹو فاصلہ کی مقدار متعین کریں

ایک تجربہ یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ ان پیج میں سطروں کے درمیان ہمیشہ Auto فاصلہ مقرر کیا جائے تو بہتر ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر آپ سطروں کے فاصلہ کے لیے مقدار متعین کر دیں گے تو یہ عام عبارت کے اعتبار سے تو ٹھیک ہوگا، لیکن عنوانات کے لیے یہ فاصلہ کم ہوگا۔ یوں آپ کو عنوانات کی سطروں کے لیے الگ فاصلہ مقرر کرنا پڑے گا اور عبارتوں کی سطروں کے لیے الگ۔ جبکہ Auto فاصلہ مقرر کرنے سے عنوانات اور عبارتوں کی سطروں کا فاصلہ ان کے فونٹ سائز کے اعتبار سے ہوتا ہے۔ اس Auto فاصلہ کو کم یا زیادہ کرنے کی سہولت ان پیج میں دی گئی ہے۔ آئیں اس آپشن کے استعمال کا طریقہ دیکھتے ہیں: مکمل تحریر

ان پیج میں لکھا گیا مواد امیج فائل میں تبدیل کریں

ان پیج میں لکھا گیا مواد امیج فائل میں تبدیل کریں

بعض دفعہ آپ ان پیج میں کوئی دعوت نامہ یا اشتہار وغیرہ ڈیزائن کرتے ہیں اور پھر چاہتے ہیں کہ اسے بذریعہ انٹرنیٹ دوسروں کے ساتھ شیئر کر دیا جائے۔ مثلاً‌ ای میل کے ذریعے بھیج دیا جائے، کسی ویب سائیٹ پر اپ لوڈ کر دیا جائے، یا پھر سوشل میڈیا پر ڈال دیا جائے۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ان پیج فائل شیئر کرنے کا کچھ خاص فائدہ نہیں ہے اس لیے کہ سب کے پاس ان پیج سافٹ ویئر نہیں ہوتا۔ اس کا ایک حل یہ ہے کہ ان پیج کی عبارت کو یونی کوڈ میں تبدیل کر دیا جائے لیکن ایسا کرنے سے یہ ہوگا کہ ان پیج میں جو آپ نے سیٹنگ اور ڈیزائننگ کی ہے وہ سب غائب ہو جائے گی۔ دوسرا حل یہ ہے کہ ان پیج میں مہیا کیا گیا وہ آپشن استعمال کر لیا جائے جس کی مدد سے ان پیج کے مواد کو ایکسپورٹ کر کے اس کی امیج فائل تیار کی جا سکتی ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ امیج فائل کمپیوٹر، ٹیب اور سمارٹ فون سب پر دیکھی جا سکتی ہے۔ مکمل تحریر

اوپن آفس رائٹر میں سی وی تیار کریں

اوپن آفس رائٹر میں سی وی تیار کریں

ویسے تو کمپیوٹر کے عام صارفین تھوڑی بہت ورڈ پروسیسنگ جانتے ہیں، لیکن بالفرض اگر آپ ان صارفین میں سے نہیں ہیں تو پھر یہ ٹٹوریل آپ کے لیے ہے۔ Writer ایک ورڈ پروسیسنگ کا سافٹ ویئر ہے جو کہ مفت دستیاب ہے۔ یہ سافٹ ویئر Word کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ٹٹوریل میں اوپن آفس رائٹر استعمال کرتے ہوئے ایک سادہ سی CV بنانے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ اس میں فارمیٹنگ کے بنیادی فیچرز استعمال کیے گئے ہیں مثلاً‌ ہیڈنگز، الائنمنٹ، بلٹس، ٹیبز اور انڈینٹیشن وغیرہ۔ اس کے علاوہ ڈاکومنٹ میں تصویر شامل کرنے کا طریقہ بھی دکھایا گیا ہے۔ عموماً‌ ورڈ پروسیسنگ کے سافٹ ویئرز کا انٹرفیس ایک جیسا ہی ہوتا ہے، چنانچہ یہ ٹٹوریل آپ کو دوسرے سافٹ ویئرز میں بھی فائدہ دے سکتا ہے۔ مکمل تحریر

اوپن آفس کیلک میں چارٹ تیار کریں

اوپن آفس کیلک میں چارٹ تیار کریں

کچھ ڈیٹا ایسا ہوتا ہے جسے اگر چارٹ یا گراف کی شکل میں دیکھا جائے تو اسے بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔ مثلاً‌ یہ دیکھنا ہو کہ پچیس سالوں میں مختلف ملکوں کی آبادی کس انداز سے بڑھی ہے۔ اس کا ڈیٹا پڑھ کر بھی آپ اسے سمجھ سکتے ہیں، لیکن اس کے لیے ذہن پر کچھ زور دینا پڑے گا۔ اس کے برعکس یہی ڈیٹا اگر چارٹ کی شکل میں ہو تو ایک ہی نظر میں صورت حال کا اندازہ ہو جائے گا۔ اس ٹٹوریل میں Calc سافٹ ویئر کی مدد سے چارٹ بنانے کا، اسے پرنٹ کرنے کا، نیز چارٹ کو پی ڈی ایف اور امیج کی صورت میں محفوظ کرنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ Calc سافٹ ویئر مفت دستیاب ہے اور اسے Excel کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ مکمل تحریر

ان پیج میں عبارت اور انڈر لائن کے درمیان فاصلہ مقرر کریں

ان پیج میں عبارت اور انڈر لائن کے درمیان فاصلہ مقرر کریں

ان پیج پروگرام میں لکھی گئی ایسی عبارتیں وقتاً‌ فوقتاً‌ دیکھنے کو ملتی رہتی ہیں جن میں کچھ الفاظ کے نیچے انڈر لائن کا ایفیکٹ استعمال کیا گیا ہوتا ہے۔ زیادہ تر یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ انڈر لائن نے الفاظ کے نقطوں کو چھپایا ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ان پیج میں عبارت اور انڈر لائن کے درمیان ڈیفالٹ فاصلہ کم ہے، جس کے نتیجے میں یہ انڈر لائن بعض اوقات عبارت کے نچلے حصے کو کاٹتی ہوئی نظر آتی ہے۔ لیکن خوش قسمتی سے ان پیج میں حسب ضرورت یہ فاصلہ بڑھانے کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔ عبارت اور انڈر لائن کے درمیان فاصلہ صرف ایک فائل کے لیے بھی مقرر کیا جا سکتا ہے، اور اس فاصلے کو ان پیج کی ڈیفالٹ سیٹنگ کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مکمل تحریر

ونڈوز پر کسی بھی ڈاکومنٹ کو پی ڈی ایف فائل میں تبدیل کریں

کسی بھی ڈاکومنٹ کو پی ڈی ایف فائل میں تبدیل کریں

PDF ایک مقبول فائل فارمیٹ ہے جسے عموماً‌ فائل شیئر کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ چونکہ تقریباً‌ ہر کمپیوٹر (ڈیسک ٹاپ، سمارٹ فون وغیرہ) پر پی ڈی ایف فائل پڑھنے کے لیے ریڈر سافٹ ویئر پہلے سے موجود ہوتا ہے، اس لیے کسی کو اصل سافٹ ویئر کی فائل بھیجنے کی بجائے پی ڈی ایف فائل بھیجی جائے تو اس بات کا زیادہ امکان ہوتا ہے کہ مطلوبہ شخص اس فائل سے استفادہ کر سکے گا۔ اس مقصد کے لیے بہت سے PDF Converters دستیاب ہیں جو کمپیوٹر پر ایک Printer ڈرائیور کے طور پر انسٹال ہوتے ہیں۔ یعنی آپ کسی بھی سافٹ ویئر سے اس پرنٹر پر پرنٹ کر کے مطلوبہ فائل کو پی ڈی ایف میں تبدیل کر سکتے ہیں۔ مکمل تحریر

ان پیج میں کالمز بنائیں

Inpage میں کالمز بنانا بہت آسان ہے، اس کے لیے صرف تھوڑے سے حساب کتاب کی ضرورت پیش آتی ہے۔ عموماً‌ دیکھا گیا ہے کہ چھوٹے سائز کی کتاب کا مواد جب پروف ریڈنگ کے لیے پرنٹ کیا جاتا ہے تو صفحہ کے اردگرد بہت سی خالی جگہ کے باعث کافی صفحات ضائع ہو جاتے ہیں۔ اور اگر کتاب کا مواد عارضی طور پر پورے صفحہ پر پھیلا دیا جائے تو پھر کتاب کی حقیقی شکل مصنف کے سامنے نہیں آتی۔ جبکہ صفحات کو درمیان سے کاٹ کر پرنٹر میں ڈالنا بھی ایک اضافی کام محسوس ہوتا ہے۔ چنانچہ ایسی صورت حال میں ان پیج کی کالمز بنانے کی سہولت استعمال کی جا سکتی ہے، یعنی کاغذ کے ایک صفحہ پر کتاب کے دو صفحات پرنٹ کیے جا سکتے ہیں۔ مکمل تحریر

اسکین شدہ صفحات کو ٹیکسٹ میں تبدیل کریں

مغربی ممالک میں بہت سے ادارے پرانی انگلش کتابوں کو کمپیوٹر پر منتقل کرنے کے لیے OCR (آپٹیکل کریکٹر ریکگنیشن) سافٹ ویئرز استعمال کرتے ہیں۔ یہ سافٹ ویئر امیج فائل میں موجود انگلش عبارت کو ٹیکسٹ میں تبدیل کر دیتا ہے۔ امیج فائل کے مقابلے میں یہ ٹیکسٹ بہت کارآمد ہوتا ہے۔ مثلاً‌ (1) ٹیکسٹ کو نئے سرے سے فارمیٹ کر کے کتابی شکل میں شائع کیا جا سکتا ہے۔ (2) ٹیکسٹ کی مدد سے ویب پیجز تیار کر کے اس کتاب کو انٹرنیٹ پر ڈالا جا سکتا ہے۔ (3) کتاب کے ٹیکسٹ کی مدد سے چھوٹے سائز کی PDF فائل تیار کر کے ڈاؤن لوڈ کے لیے مہیا کی جا سکتی ہے وغیرہ۔ مکمل تحریر

اوپن آفس میں مارک شیٹس تیار کریں

اوپن آفس میں مارک شیٹس تیار کریں

اگر آپ نے ایک ہی خط دو سو لوگوں کو بھیجنا ہو تو اس کے لیے آپ کیا کریں گے؟ بظاہر اس کا طریقہ یہ ہے کہ کاپی پیسٹ کر کے خط کی دو سو نقلیں بنائیں اور پھر ہر نقل میں بندے کا نام اور اس کی دیگر معلومات تبدیل کریں۔ لیکن تمام معروف آفس سافٹ ویئرز میں Mail Merge کا ایک فیچر مہیا کیا جاتا ہے جس کی مدد سے اس نوعیت کا کام آسان ہو جاتا ہے۔ اس کا طریقہ کچھ یوں ہے: (1) پہلے ہم ایک اسپریڈ شیٹ فائل میں تمام لوگوں کے نام اور متعلقہ معلومات لکھ لیتے ہیں۔ (2) پھر ایک ورڈ پراسیسر کی فائل میں مطلوبہ خط تیار کر لیتے ہیں۔ (3) اس کے بعد آفس میں مہیا کیے گئے فیچر کو استعمال کرتے ہوئے ان دونوں فائلز کی مدد سے مطلوبہ خطوط تیار کر لیتے ہیں۔ مکمل تحریر

ان پیج میں شادی کا دعوت نامہ تیار کریں

ان پیج میں شادی کا دعوت نامہ تیار کریں

ان پیج نہ صرف ورڈ پراسیسنگ کا سافٹ ویئر ہے بلکہ یہ ایک لے آؤٹ ڈیزائن کا سافٹ ویئر بھی ہے۔ ان پیج استعمال کرتے ہوئے مختلف نوعیتوں کے لے آؤٹ ڈیزائنز با آسانی تیار کیے جا سکتے ہیں۔ اس ٹٹوریل میں شادی کا ایک دعوت نامہ تیار کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے جو ٹولز استعمال کیے گئے ہیں ان میں Text Box ٹول نمایاں ہے جس کی مدد سے پہلے صفحہ پر حسب ضرورت مختلف ڈبے بنا کر ایک لے آؤٹ تیار کیا گیا ہے۔ اور پھر ان ڈبوں میں عنوانات اور دیگر عبارتیں لکھ کر شادی کارڈ تیار کیا گیا ہے۔ البتہ شادی کارڈ میں لوگوں اور جگہ کے فرضی نام استعمال کیے گئے ہیں۔ مکمل تحریر