اوپن آفس رائٹر میں سی وی تیار کریں

ویسے تو کمپیوٹر کے عام صارفین تھوڑی بہت ورڈ پروسیسنگ جانتے ہیں، لیکن بالفرض اگر آپ ان صارفین میں سے نہیں ہیں تو پھر یہ ٹٹوریل آپ کے لیے ہے۔ Writer ایک ورڈ پروسیسنگ کا سافٹ ویئر ہے جو کہ مفت دستیاب ہے۔ یہ سافٹ ویئر Word کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ اس ٹٹوریل میں اوپن آفس رائٹر استعمال کرتے ہوئے ایک سادہ سی CV بنانے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ اس میں فارمیٹنگ کے بنیادی فیچرز استعمال کیے گئے ہیں مثلاً‌ ہیڈنگز، الائنمنٹ، بلٹس، ٹیبز اور انڈینٹیشن وغیرہ۔ اس کے علاوہ ڈاکومنٹ میں تصویر شامل کرنے کا طریقہ بھی دکھایا گیا ہے۔ عموماً‌ ورڈ پروسیسنگ کے سافٹ ویئرز کا انٹرفیس ایک جیسا ہی ہوتا ہے، چنانچہ یہ ٹٹوریل آپ کو دوسرے سافٹ ویئرز میں بھی فائدہ دے سکتا ہے۔


اوپن آفس رائٹر کھولیں۔

اوپن آفس رائٹر کھولیں


پہلا کام یہ کریں کہ سی وی کا سارا مواد لکھ لیں۔ ماہرین کی رائے یہ ہے کہ مواد لکھتے وقت ساتھ ساتھ فارمیٹنگ نہیں کرنی چاہیے، بلکہ سارا مواد لکھ کر پھر فارمیٹنگ کرنی چاہیے۔ ایسا کرنے سے وقت کی بچت ہوتی ہے۔

اوپن آفس رائٹر میں سی وی کا مواد لکھیں


درج ذیل اسکرین شاٹ کچھ پیچیدہ ہوگیا ہے، لیکن تھوڑا غور کرنے پر واضح ہو جائے گا۔

  1. فارمیٹنگ کے لیے اوپر ٹول بار پر موجود Style ڈراپ ڈاؤن استعمال کیا گیا ہے۔ اس میں سے بندے کے نام کے لیے Heading 1 استعمال کی گئی ہے۔ نام اور پتے کے نیچے لائن کے لیے Horizontal Line استعمال کی گئی ہے۔ اور سی وی کے باقی عنوانات کے لیے Heading 2 استعمال کی گئی ہے۔
  2. ٹول بار پر موجود کچھ دوسرے آپشنز بھی استعمال کیے گئے ہیں۔ بندے کے نام کو درمیان میں لانے کے لیے Center-align آپشن استعمال کیا گیا ہے۔ ذیلی نکات کے شروع میں نشان کے لیے Bullets آپشن استعمال کیا گیا ہے۔ اور ذیلی عبارت کے لیے بائیں طرف فاصلہ مقرر کرنے کے لیے Indent آپشن استعمال کیا گیا ہے۔
  3. جگہ اور تاریخ کا فاصلہ مقرر کرنے کے لیے کی بورڈ پر Tab بٹن ایک سے زائد مرتبہ استعمال کیا گیا ہے۔

سی وی کے مواد کی فارمیٹنگ کریں


سی وی کی فارمیٹنگ مکمل ہونے پر آپ شاید دیکھنا چاہیں گے کہ پرنٹ ہونے کے بعد یہ کیسے نظر آئے گی۔ یہ دیکھنے کے لیے اوپر ٹول بار پر Page Preview آپشن پر کلک کردیں۔ یہ آپشن File مینیو کے اندر بھی موجود ہے۔

تیار کی گئی سی وی کو پرنٹ پری ویو کی مدد سے دیکھیں


درج ذیل اسکرین شاٹ میں مکمل سی وی ایسے ہی نظر آرہی ہے جیسے یہ پرنٹر سے پرنٹ ہوگی۔ اوپر ٹول بار پر موجود Zoom آپشنز کی مدد سے اسے قریب یا دور سے دیکھا جا سکتا ہے۔ اور پھر Close Preview آپشن کی مدد سے یہ ونڈو بند کی جا سکتی ہے۔

پرنٹ پری ویو اسکرین پر زوم وغیرہ کے آپشنز


اگر آپ سی وی میں تصویر شامل کرنا چاہیں تو اس کے لیے درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق یہ کام کریں:

  1. ٹول بار پر Left-align آپشن کی مدد سے بندے کے نام اور پتے کو بائیں طرف لے جائیں۔
  2. پھر Insert مینیو میں موجود Frame آپشن کی مدد سے صفحہ پر ایک باکس بنائیں۔ ماؤس کی مدد سے اس باکس کا سائز بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے اور صفحہ پر اس کی جگہ بھی تبدیل کی جا سکتی ہے۔
  3. پہلے صفحہ کی کسی خالی جگہ پر کلک کریں، تاکہ فریم سلیکشن میں نہ رہے۔ پھر Insert مینیو میں Picture آپشن کے تحت موجود From File آپشن کی مدد سے مطلوبہ تصویر ڈاکومنٹ میں لے کر آئیں۔ اب تصویر کا سائز اس طرح سے تبدیل کریں کہ یہ فریم میں فٹ آجائے۔ اور پھر اسے ماؤس کے ساتھ فریم کے اندر رکھ دیں۔ اگر تصویر کا سائز تبدیل کرتے وقت آپ کی بورڈ پر Shift بٹن استعمال کریں گے تو اس سے تصویر کا سائز سب اطراف سے متناسب رہے گا۔

سی وی میں تصویر شامل کریں