کیا آپ کی ویب سائیٹ مسلسل چل رہی ہے؟

ویب ماسٹرز کی ایک ذمہ داری یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں چلنے والی ویب سائیٹس کو بند نہ ہونے دیں، ان میں ان کی ذاتی ویب سائیٹس بھی ہو سکتی ہیں اور اس کمپنی یا ادارے کی ویب سائیٹس بھی جن کے لیے وہ کام کرتے ہیں۔ یہ تسلی کرنے کے لیے کہ کوئی ویب سائیٹ مسلسل چل رہی ہے، سافٹ ویئر ایپلی کیشن بھی استعمال کی جا سکتی ہے اور کوئی آن لائن سروس بھی۔ مثلاً‌ آن لائن سروس ایک مخصوص وقت کے بعد مطلوبہ ویب سائیٹ چیک کرتی رہتی ہے، اگر کسی وجہ سے ویب سائیٹ نہ کھلے تو اس کے ویب ماسٹر کو بذریعہ ای میل یا موبائل میسج اس صورت حال سے آگاہ کر دیا جاتا ہے۔


اس ٹٹوریل میں ہم اس مقصد کے لیے uptimerobot.com کی سروس استعمال کریں گے۔ اگر آپ سرچ انجن کی مدد سے اپنی مرضی کی کوئی ایسی سروس تلاش کرنا چاہیں تو درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق ایسا کر سکتے ہیں۔

سرچ انجن کی مدد سے ویب سائیٹ مانیٹرنگ کی سروس تلاش کریں


اس ویب سائیٹ کے ہوم پیج پر موجود سائن اپ لنک پر کلک کریں۔ فارم ظاہر ہونے پر رجسٹریشن کی معلومات مہیا کریں۔

اپ ٹائم مانیٹرنگ سروس کی ویب سائیٹ پر اکاؤنٹ بنائیں


رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد ویب سائیٹ پر Login ہو کر ڈیش بورڈ میں آجائیں۔ اور پھر Monitor بٹن پر کلک کریں تاکہ اس ویب سائیٹ کی پروفائل بنائی جا سکے جس کے بند ہونے کی اطلاع آپ موصول کرنا چاہتے ہیں۔

اکاؤنٹ کے تحت اپنی ویب سائیٹ کی پروفائل بنائیں


درج ذیل اسکرین شاٹ کے مطابق فارم میں اپنی ویب سائیٹ کی معلومات مہیا کریں، اور آخر میں Alert کا چیک باکس منتخب کرنا مت بھولیں۔ Create Monitor بٹن پر کلک کرنے سے ویب سائیٹ کی پروفائل بن جائے گی، اور پھر UptimeRobot کی سروس آپ کی ویب سائیٹ کو ہر پانچ منٹ بعد چیک کرنا شروع کر دے گی۔

پروفائل میں ویب سائیٹ کا ایڈریس اور دیگر معلومات مہیا کریں


ڈیش بورڈ کی مرکزی اسکرین پر بائیں طرف ان ویب سائیٹس کی فہرست موجود ہوگی جن کی آپ نے مانیٹرنگ پروفائلز بنائی ہیں۔ ہر ویب سائیٹ کے سامنے موجود چھوٹے سے آئی کان پر کلک کرنے سے اس کے متعلق سیٹنگز کے لنکس ظاہر ہو جائیں گے۔ جبکہ دائیں طرف والے حصے میں Latest downtime کے تحت یہ معلومات موجود ہوں گی کہ یہ ویب سائیٹ کس وقت بند تھی۔

ویب سائیٹ کی کارکردگی معلوم کرنے کے لیے ویب سائیٹ کا ڈیش بورڈ دیکھیں


اگر آپ مزید ای میل ایڈریسز پر الرٹ بھیجنا چاہتے ہیں یا اپنے اکاؤنٹ کی معلومات تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے اسکرین کے اوپر والے حصے میں My Settings لنک پر کلک کریں۔

اپنے اکاؤنٹ میں تبدیلی کرنے کے لیے سیٹنگز لنک پر کلک کریں