مختصر تعارف

ٹیک اردو کا بنیادی مقصد اردو زبان میں کمپیوٹر ٹیکنالوجیز کی تعلیم و ترویج ہے۔ ویسے تو انگلش جو کہ ایک بین الاقوامی زبان بھی ہے اس کا سیکھنا کسی طرح سے بھی بے فائدہ نہیں ہے، اس لیے کہ اس زبان میں کمپیوٹر ٹیکنالوجیز کے متعلق بے تحاشا معلومات دستیاب ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود ہم سمجھتے ہیں کہ کسی خاص زبان کا نہ جاننا کسی بھی ٹیکنالوجی کے حصول میں رکاوٹ نہیں ہونا چاہیے۔ چنانچہ techurdu.org کے قیام کے پیچھے یہی فکر کار فرما ہے کہ کمپیوٹر ٹیکنالوجیز پر مہارت حاصل کرنے کے خواہش مند ایسے افراد جو اردو زبان میں سیکھنے کو زیادہ با سہولت سمجھتے ہیں، ان کے لیے اردو زبان میں ٹٹوریلز اور مضامین شائع کیے جائیں۔

ٹیک اردو پر آپ کو ہر طرح کا مواد ملے گا۔ کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹمز، پروگرامنگ لینگویجز، سافٹ ویئر ایپلی کیشنز اور کمپیوٹر کے روز مرہ استعمال کے بارے میں معلومات کی فراہمی اس ویب سائیٹ کی ترجیحات میں سے ہے۔ کمپیوٹر کے عام صارفین کے ساتھ ساتھ ماہرین کے لیے بھی اس ویب سائیٹ پر ایسی معلومات میسر ہوں گی جو قابلیت اور مہارت میں اضافے کا باعث بنیں گی۔ کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹمز کا بہتر استعمال، ویب اور پرنٹ کے لیے گرافکس ڈیزائن کرنا، اردو عربی انگلش دستاویز کی تیاری، مفید ٹولز استعمال کرتے ہوئے ویب سائیٹس کی ڈیزائننگ، ڈومین اور ہوسٹنگ کا انتظام، سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ، ڈیٹابیس ڈیزائننگ، اور آڈیو ویڈیو فائلز میں تبدیلیاں کرنا وغیرہ جیسے موضوعات پر آپ کو ٹیک اردو پر تحریریں ملیں گی۔

ٹیک اردو پر شائع ہونے والی تحریریں عام طور پر ایک سے زیادہ کیٹیگریز کے تحت دستیاب ہیں، مثلاً‌ CorelDRAW کے متعلق تحریر اس کی اپنی کیٹیگری کے علاوہ Graphic Design کیٹیگری کے تحت بھی دستیاب ہوگی اور PHP کے متعلق تحریر Web Development کے تحت بھی موجود ہوگی۔

ٹیک اردو پر شائع ہونے والی کسی تحریر سے آپ غیر مطمئن یا غیر متفق ہوں تو براہ کرم ہمیں اس کے متعلق اپنی رائے سے ضرور آگاہ کریں اور اس ویب سائیٹ اور اس پر شائع ہونے والی تحریروں کی بہتری کے لیے ضرور ہماری راہنمائی فرمائیں، اس سے نہ صرف قارئین کے سیکھنے کا عمل بہتر ہوگا بلکہ اردو زبان میں کمپیوٹر ٹیکنالوجیز کی تعلیم کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

  1. ٹیک اردو کے نام سے techurdu.org کے علاوہ جو ویب سائیٹس وغیرہ چل رہی ہیں وہ ہمارے زیر انتظام نہیں ہیں۔
  2. ٹیک اردو ویب سائیٹ فی الحال ’’اپنی مدد آپ‘‘ کے طریقے پر چل رہی ہے اور اس کے لیے کسی قسم کے عطیات اور فنڈز وصول نہیں کیے جا رہے۔ البتہ اگر آپ اپنے اردگرد کمپیوٹنگ سے دلچسپی رکھنے والے حضرات مثلاً اساتذہ اور طلبہ وغیرہ کو اس ویب سائیٹ سے متعارف کر اسکیں تو بڑی عنایت ہوگی۔